خبرنامہ
(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
Covid-19 کی تازہ عالمی صورتِ حال
(یکم مارچ ۔09:00 GMT)
کل مریض: 114,721,632
صحت یاب ہونے والے: 90,272,200
وفات یافتگان: 2,544,015
٭…سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل کی تحقیقات پر مبنی امریکہ کی انٹیلی جنس رپورٹ میں الزام لگایا گیا ہے کہ سعودی ولی عہدنے اس آپریشن کی منظوری دی جس کاخاتمہ خاشقجی کےقتل پر ہوا۔ انٹیلی جنس کمیونٹی نے نتائج اس بات پر اخذ کیے کہ ولی عہدکو معاملات میں مطلق اختیار حاصل ہے، آپریشن میں ولی عہدکے سینئر معاون شریک تھے۔یاد رہے کہ جمال خاشقجی جو سعودی حکومت پر تنقید کے حوالے سے شہرت رکھتے تھے اور 2017ء میں خود ساختہ جلا وطنی اختیار کرتے ہوئے امریکہ منتقل ہوگئے تھے، اکتوبر 2018ء میں بعض کاغذات وصول کرنے ترکی میں قائم سعودی عرب کے قونصل خانے گئے جہاں سعودی حکام کے مطابق انہیں ترکی سے سعودی عرب لانے کے لیے ٹیم موجود تھی۔ قونصل خانے میںایجنٹس کے بد دیانتی پر مبنی آپریشن میں خاشقجی کی موت واقع ہوئی لیکن مقتول کی باقیات تاحال مل نہیں سکیں۔ جمال خاشقجی کے قتل میں ملوث 5؍ افراد کو سزائے موت سنائی گئی تھی جو بعد ازاں 20 برس قید میں بدل دی گئی۔ اقوام متحدہ کے خصوصی روئیداد نویس نے سعودی ٹرائل کو غیر منصفانہ قرار دیا۔
سعودی عرب کی وزارتِ خارجہ کا امریکی انٹیلیجنس رپورٹ کی تردید کرتے ہوئے کہنا ہے کہ صحافی جمال خاشقجی کے قتل پر امریکی انٹیلیجنس رپورٹ منفی اور غلط معلومات پر مبنی ہے۔ سعودی وزارتِ خارجہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ امید کرتے ہیں کہ امریکہ سعودی تعلقات فروغ پاتے رہیں گے۔
٭… میانمار کے مختلف شہروں میں جمہوریت کی بحالی کے لیے اور فوجی بغاوت کے خلاف احتجاج کرنے والے مظاہرین کے خلاف کریک ڈاؤن میں پولیس نے سینکڑوں افراد کو گرفتار کر لیا۔پولیس نے مظاہرین کو منشتر کرنے کے لیے ربر کی گولیاں برسائیںاورآنسو گیس کی شیلنگ بھی کی۔دوسری جانب میانمار میں جمہوریت کی بحالی کے اقدامات کا مطالبہ کرنے پر اقوام متحدہ میںمیانماری سفیر کو حکومت نے عہدے سے برطرف کردیا گیا۔ میانمار کے سرکاری میڈیا کے مطابق سفیر کو عہدے کا غلط استعمال کرتے ہوئے ملک سے غداری کرنے پر عہدے سے ہٹایا گیا۔
برطانیہ اور اقوام متحدہ کے دفتر برائے انسانی حقوق نے پُرامن مظاہرین پرپُرتشدد کارروائی کوقابلِ مذمت عمل قرار دیتے ہوئے فوج سے طاقت کا استعمال روکنے اور جمہوریت کی بحالی کا مطالبہ کیا۔ترجمان برطانوی دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ برطانیہ نے امریکا اور کینیڈا کے ساتھ مل کر میانمار کے کمانڈر ان چیف سمیت نو فوجی افسران پر پابندیاں عائد کی ہیں۔
٭…تھائی لینڈ میں ہزاروں لوگوں نے حکومت کے خاتمے کا مطالبہ لے کر شہر کے مرکزی چوک سے وزیراعظم ہاؤس کی طرف احتجاجی مارچ کیا۔پولیس نے ربر کی گولیوں، آنسوگیس شیلنگ اور پانی کی توپوں سے مظاہرین کو منتشر کیا جس کے نتیجے میں متعدد مظاہرین زخمی ہوگئے۔
٭…مقبوضہ کشمیر میں کُل جماعتی حریت کانفرنس نے لائن آف کنٹرول پر پاک بھارت سیز فائر بحالی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ صرف سیز فائر کا اعلان کافی نہیں، اس کے ساتھ بھارتی فورسز کو کشمیر سے نکلنا بھی چاہیے۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے بامعنی مذاکرات شروع کرنے سے پہلے تمام متنازعہ قوانین کا خاتمہ، سیاسی قیدیوں کی غیرمشروط رہائی اور کشمیریوں کے سیاسی و سماجی حقوق کی بحالی بھی ضروری ہے، مسئلہ کشمیر کے حل تک جنوبی ایشیا میں پائیدار امن ممکن نہیں ہے۔
یورپی یونین کی خارجہ امور کی ترجمان نبیلا مصرالی نے کہا کہ یورپین یونین پاکستان اور بھارت کے درمیان کشمیر میں لائن آف کنٹرول پر سیز فائر معاہدے اور اس کیلئے پہلے سے قائم شدہ میکانزم کو استعمال میں لانے کے اعلان کا خیر مقدم کرتی ہے۔
٭…عراقی وزیر دفاع جمعہ عناد سعدون الجبوری کے دورہ پاکستان کے موقع پر پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان عراق کے ساتھ دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم بنانے کا خواہاں ہے۔ نیز انہوںنے پاکستان اور عراق کے مابین مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کیلئے اعلیٰ سطحی وفود کے تبادلے کی ضرورت پر زور دیا۔ عراق کے وزیر دفاع نے خطے میں امن اور استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔
٭…بحرینی ولی عہد شہزادہ سلمان بن حمد نے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہوسے ٹیلی فونک رابطہ میں بحرین کے شاہ حمد بن عیسیٰ کا پیغام پہنچایا۔ ٹیلی فونک بات چیت میں دونوں رہنماؤں نے ایران کے ایٹمی پروگرام، طبی شعبے میں مشترکہ سرمایہ کاری کے فروغ اور تعاون نیز باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات چیت کی۔ دونوں کا ایٹمی پروگرام سے متعلق مذاکرات میں علاقائی ممالک کی شرکت پر اتفاق ہوا۔
٭…آرمینیا کے وزیر اعظم نکول پشنیان نے فوج کی بغاوت کی کوشش کے پیشِ نظر فوج کے سربراہ کو برطرف کردیا۔ وزیر اعظم نے آرمینی فوج کی بغاوت کی کوشش کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ آرمینیا میں فوجی بغاوت کی کوشش مسترد کرتے ہیں۔ خیال رہے کہ گزشتہ دنوں آرمینیا میں وزیر اعظم نکول پشنیان کے خلاف ہزاروں افراد نے ریلی نکالی تھی اور ان سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا تھا۔
٭…انتہا پسندی پر تیار کی گئی پینٹاگون کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ کس طرح امریکی فوج میں سفید فام بالادستی فعال ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق کیپٹل ہل پر ہونے والے حملے کے سلسلے میں امریکی فوج کے 27 موجودہ اور سابق اہلکاروں کو فیڈرل چارجز کا سامنا ہے۔ رپورٹ میں فوجی اہلکاروں میں سفید فام بالادستی کی شناخت سے متعلق تجاویز بھی پیش کی گئی ہیں تاکہ ایسے اہلکاروں کو کام کرنے سے روکا جاسکے۔
٭…برطانیہ کی سپریم کورٹ نے داعش میں شمولیت کیلئے شام جانے والی شمیمہ بیگم سے متعلق متفقہ فیصلے میں کہا ہے کہ شمیمہ بیگم کو برطانیہ آکر شہریت کی منسوخی کا مقدمہ لڑنے کی اجازت نہیں ملنی چاہیے۔ برطانوی سپریم کورٹ کے فیصلے کے باوجود شمیمہ بیگم کے پاس آخری اپیل کا حق محفوظ ہے، تاہم ماہرین کے مطابق شامی کیمپ میں زیرحراست شمیمہ کے لیے قانونی ٹیم سے مشاورت کا امکان نہ ہونے کے برابر ہے۔یاد رہے کہ شمیمہ چھ سال پہلےاپنی دو سہیلیوں کے ہمراہ داعش میں شمولیت کے لیے شام گئی تھی، برطانیہ میں پیدائش اور پرورش کے باوجود 2019ء میں اسے اس جرم کی پاداش میں شہریت سے محروم کردیا گیا تھا۔وکلا کی عالمی تنظیم Reprieve کی ڈائریکٹر Maya Foa کا کہنا ہے کہ بیگم شمیمہ پر پابندی لگانا برطانیہ کا اپنی ذمہ داری کو نظر انداز کرنا ہے۔ برطانیہ دیگر یورپی ممالک کی طرح شام سے اپنے قیدیوں کو واپس لاکر اپنے ملک میں مقدمات چلا سکتا ہے۔
٭…شمال مغربی نائیجیریا میں رات گئے مسلح افراد نے گورنمنٹ گرلز سائنس سیکنڈری سکول کی 317 طالبات کو اغوا کر لیا۔ جس کے بعد پولیس اور فوج نے مشترکہ سرچ اور ریسکیو آپریشن شروع کر دیا ہے۔
٭… ہانگ کانگ سے میڈریڈ جانے والی بوئنگ 777 کی ایک کارگو فلائٹ کو روسی دارالحکومت ماسکو میں ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔ پرواز کے عملے نے انجن کنٹرول سینسرز کے آپریشنز میں خرابی کے سبب ایمرجنسی لینڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ چند روز قبل امریکی ریاست ڈنیور میں بوئنگ 777 طیارے کے انجن میں آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا تھا جس کے بعد وہاں ایئر لائن نے بوئنگ 777 کے تمام طیارے گراؤنڈ کر دیئے تھے۔
٭…امریکہ کی فیڈرل ڈرگ اتھارٹی نے جانسن اینڈ جانسن کورونا ویکسین کے فوری استعمال کی اجازت دے دی۔وہائٹ ہاؤس کورونا رسپانس ٹیم کے مطابق کورونا وائرس کی یہ ویکسیین محفوظ اور موثر ہے اور اس کی ایک ڈوز ہی کافی ہے جبکہ اس کی سٹوریج کے لیے خاص اقدامات کی بھی ضرورت نہیں ہے۔ یہ ویکسین 18 سال سے زائد عمر کے افراد کے لیے ہے۔
٭…پاکستان کی وزارت قومی صحت کی جانب سے کورونا وائرس ٹو (2) کی موجودگی کی تصدیق کرتے ہوئے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ملک میں سارس کووِڈ ٹو وائرس کے مریض سامنے آئے ہیں۔ نئی قسم کے وائرس کی منتقلی کاعمل نسبتاًتیز ہے لیکن یہ قسم شدت والی معلوم نہیں ہوتی، تاہم شہری کورونا گائیڈ لائنز سمیت ایس او پیز پر سختی سے کاربند رہیں۔ترجمان وزارت قومی صحت کے مطابق 92 ممالک میں سارس کووِڈ ٹو نامی وائرس پایا گیا ہےجو پہلی بار برطانیہ میں سامنے آیا تھا۔
٭…آئرلینڈ کے شہر ڈبلن میں کورونا لاک ڈاؤن کے خلاف مظاہرہ میں پولیس کی جانب سے روکے جانے پر مشتعل مظاہرین نے پولیس پر دھاوا بول دیا۔ تصادم کے بعد پولیس نے 23 افراد کو گرفتار کرلیا۔
٭…چائنا نیشنل میڈیکل پروڈکٹس ایڈمنسٹریشن نےمقامی طور پر تیار کی گئی مزید 2 ویکسینز کے استعمال کی منظوری دے دی جس کے بعد چین میں استعمال کی جانے والی ویکسینز کی تعداد 4ہوگئی۔ چینی ویکسینز کی خاص بات یہ ہےکہ انہیں فائزر اور موڈرنا کی ویکسینز کے مقابلے میں عام فریزرز میں رکھا جاسکتا ہے۔ یاد رہے کہ چین نے اب تک مغربی ممالک میں بننے والی کسی بھی ویکسین کے استعمال کی اجازت نہیں دی۔
٭…لندن میں برطانوی وزیرتعلیم گیون ولیمسن نے ڈاکٹر جینی ہیرس کے ہمراہ ڈاؤننگ اسٹریٹ میں بریفنگ کے دوران کہا ہے کہ سیکنڈری طلبہ کی سکول واپسی پر دو ہفتوں میں تین مرتبہ کورونا ٹیسٹ ہونگے۔ تعلیمی نقصان پورا کرنے کے لیے سمر اسکول شروع کرنے کا منصوبہ زیرغور ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسکول کے طلبہ کے لیے سکول کا دورانیہ بڑھانے کا منصوبہ زیرغور نہیں۔ سیکنڈری اسکول کے طلبہ کو کلاسوں میں بھی ماسک پہننا ہوگا جبکہ پرائمری طلبہ کے لئے ماسک پہننا عارضی اقدام ہوگا۔
٭…اسرائیل نے چیک ری پبلک، ہنڈوراس، ہنگری اور گوئٹے مالا کو اضافی ویکسین بھیجنے کا وعدہ کیا ہے۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ اسرائیل اپنے زیرِ تسلط فلسطینیوں کو ویکسین فراہم کرنے کی ذمہ داری پوری نہیں کر رہا بلکہ ویکسین کو سفارت کاری کے ہتھیار کی طرح استعمال کر رہا ہے اور یہ کہ اسرائیل اپنی ذمہ داری پوری نہ کرنے کے لیے اوسلو معاہدے کے تحت فلسطینی اتھارٹی کو ملنے والی انتہائی محدود خودمختاری کو جواز بنا رہا ہے۔
٭…برطانو ی اخبار نے عالمی ادارہ صحت کی دستاویز دیکھنے کا دعویٰ کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ اس دستاویز میں کہا گیا ہے کہ چین نے ووہان میں کورونا وبا کے پھیلنے کے ابتدائی آٹھ ماہ میں وائرس پر تحقیق کےلیے ضرورت سے کم کام کیا۔ نیز 10؍ اگست 2020ء کو ڈبلیو ایچ او کی ٹریول سمری کے مطابق ڈبلیو ایچ اوکی ٹیم کو چین میں کورونا وائرس کے ابتداء سے متعلق کم معلومات دی گئیں جب کہ کوئی دستاویز یا اعداد و شمار نہیں دیے گئے۔ ڈبلیو ایچ او کی ٹیم نے 10؍ جولائی سے 3؍ اگست 2020ء تک چین کا دورہ کیا تھا جہاں انہیں پہلے دو ہفتے قرنطینہ میں رکھا گیا تھا۔ڈبلیو ایچ او کے ترجمان نیز واشنگٹن میں چینی سفارتخانے نے بھی نےٹریول سمری کی دستاویز پر مبنی برطانوی اخبارکی رپورٹ پر ردعمل سے گریز کیا ہے۔
٭…انٹارکٹیکا میں برطانوی ریسرچ سینٹر کے قریب نیویارک شہر کے رقبے سے بھی بڑا بیڈ فورڈ شائر کاؤنٹی کے برابر اور ایک ہزار 270 مربع کلومیٹر تک پھیلا ہوا آئس برگ برنٹ آئس شیلف سے ٹوٹ کر علیحدہ ہوگیا۔ ماہرین نے دس سال قبل اس مقام پر دراڑ پڑنے سے متعلق آگاہ کیا تھا۔ برطانوی ماہرین کا کہنا ہے کہ آئس برگ ٹوٹنے سے برطانوی ریسرچ اسٹیشن متاثر نہیں ہوگا۔
٭…٭…٭