ریجن کوتونو(Cotonou) ، بینن میں مثالی وقارِ عمل
خدمتِ خلق جماعت احمدیہ کے ممتاز اخلاقِ حسنہ میں سے ایک غیر معمولی خلق ہے جس میں جماعت کے بچے، بوڑھے مرد اور عورتیں اپنا اپنا کردار نبھاتے نظر آتے ہیں اور رمضان کے ان بابرکت ایام میں تو یہ دلی جوش دیدنی ہے۔ اسی جذبہ کا ایک خوبصورت اظہار مورخہ 18؍اپریل 2021ء کی صبح کودیکھنے میں آیا جب خدام الاحمدیہ ریجن کوتونو، بینن کے تحت نائب صدر صاحب خدام کی معیت میں کلاوی (Calavi) شہر کے ایک سرکاری مرکزِ صحت میں مثالی وقارِ عمل کا انعقاد کیا گیا۔
مکرم ابراہیم ابلادوں ریجنل قائد کوتونو اور خاکسار(ریجنل مبلغ کوتونو) نے اس پروگرام سے ایک رات قبل ایک مقامی جماعت بوزون(Bouzon) میں تربیتی پروگرام منعقد کرنے کی توفیق پائی جس میں مقامی خدام کے علاہ آس پاس کے گاؤں کے خدام و انصار اور مکرم حسنی یحیٰ صاحب صدر انصار بینن نے بھی شرکت کی۔ نمازِ تہجد کی باجماعت ادائیگی ،سحری اور نمازِ فجر کے بعد مقررہ جگہ پر 21خدام و انصار حاضر ہوئے جنہیں 2 ٹیموں میں تقسیم کر کے مرکزِ صحت کے اندرون اور بیرون کی صفائی کا کام تفویض کیا گیا۔
دعا کے ساتھ شروع کیے گئے 3گھنٹوں کے اس مثالی وقارِ عمل میں نہایت تندہی کے ساتھ خدام نے وقارِ عمل کیا۔ راستے کی صفائی، کچرے کو ٹھکانے لگانا، خستہ حال دیواروں کی ممکنہ مرمت، مرکزِ صحت میں لگے پھولوں اور پودوں کی کانٹ چھانٹ وغیرہ اس پروگرام کے اہم حصے تھے۔
موقع پر موجود نگران مرکزِ صحت نے پُر مسرت، حیرت اور شکر کے مشترکہ جذبات کے ساتھ تمام شاملین کا شکریہ ادا کیا اور اس بات کا اظہار کیا کہ یقیناً آپ نوجوانوں کا یہ عمل نہ صرف یہاں کے عملہ بلکہ مقامی نوجوانوں کےلیے بھی ایک نمونہ ہے۔ آج ہر ایک جہاں اپنے چھوٹے سے چھوٹے عمل کی بھی قیمت کا متمنی ہے آپ لوگوں نے یہ ثابت کیا ہے کہ خدا کی محبت کے طالب لوگ بھی موجود ہیں جو روزہ رکھ کے محض انسانیت کی خدمت کی نیت لےکر یہاں آئے ہیں۔