آئیوری کوسٹ کے ریجن بندوکو میں دو احمدیہ مساجد کا بابرکت افتتاح
مسجد اکرام کا افتتاح
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سےجماعت احمدیہ آئیوری کوسٹ کو ریجن بندوکو میں دو مساجد کے افتتاح کی توفیق ملی۔ مورخہ ۲۴؍جنوری ۲۰۲۶ء بروز ہفتہ ریجن کی جماعت گابورو(Gbaboro)میں مسجد اکرام کی افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس بابرکت موقع پر ۵۰؍سے زائد افراد نے شرکت کی۔ اس گاؤں میں ۲۰۱۶ء میں جماعت احمدیہ کا قیام ہوا۔ تعمیر کردہ مسجد کا کل احاطہ ۴۸؍مربع میٹر ہے۔ جبکہ اس مسجد کی تعمیر کے اخراجات مکرم اکرام اللہ رانجھا صاحب مقیم جرمنی کو ادا کرنے کی توفیق ملی۔

مسجد بیت الاکرام کی بابرکت افتتاحی تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم اور اس کے ترجمہ سے ہوا۔ بعد ازاں مکرم عبدالقیوم پاشا صاحب امیر و مبلغ انچارج نے اپنی تقریر میں اسلام میں مساجد کے کردار کو عبادت، اخلاقی تربیت اور امن کے مراکز کے طور پر اجاگر کیا۔ بعد ازاں تختی کی نقاب کشائی کی گئی اور اختتامی دعا کے ساتھ یہ بابرکت تقریب اختتام پذیر ہوئی۔
مسجد بیت الحیٔ کا افتتاح
اس افتتاح کے اگلے دن مورخہ ۲۵؍جنوری ۲۰۲۶ء کو ریجن کی دوسری جماعت واسیدے(Wasside) میں نو تعمیر شدہ مسجد بیت الحیٔ کی باقاعدہ افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس گاؤں میں بھی ۲۰۱۶ء میں احمدیت کا نفوذ ہوا جہاں ۱۰۰؍سے زائد احمدی احباب موجود ہیں۔ اس مسجد کا کل احاطہ۶۳؍مربع میٹر ہے۔ تعمیر کے اخراجات مکرم طارق ملک صاحب مقیم امریکہ کو ادا کرنے کی توفیق ملی۔
افتتاح کی تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم و ترجمہ سے ہوا۔ اس کے بعد مکرم احمد بالو صاحب معلم سلسلہ نے جماعت احمدیہ کا تعارف پیش کیا۔ اور مکرم امیر و مبلغ انچارج صاحب نے مسجد کی تعمیر کی اہمیت اور اس سے وابستہ ذمہ داریوں پر تقریر کی۔ تختی کی نقاب کشائی اور دعا کے ساتھ اس بابرکت تقریب کا اختتام ہوا۔
مسجد بیت الحیٔ کی افتتاحی تقریب نہایت وقار اور شان کے ساتھ منعقد ہوئی جس میں ۴۰۰؍سے زائد افراد نے شرکت کی۔ شاملین میں علاقہ کےگورنر کے نمائندے، ڈپٹی گورنر، چیف کیبنٹ آف گورنر، ناسیان کے چیف امام کے نمائندے، آئیواریئن پریس ایجنسی (AIP) کے صحافی، مقامی کمیونٹی کے راہنما، جماعت احمدیہ کے اراکین اور بڑی تعداد میں دیہاتی شامل تھے۔ ڈپٹی گورنر نے جماعت احمدیہ کی انسانی خدمات کو سراہا اور جماعت کے لیے اپنی ذاتی تحسین کا اظہار کیا۔ اس تقریب کی کوریج قومی اخبار (AIP) کے نمائندے نے کی۔
اللہ تعالیٰ ان مساجد کو احمدیت یعنی حقیقی اسلام کی تبلیغ کا ذریعہ بنائے اور حقیقی ایمانی روح کے ساتھ اسے آباد کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ:عبدالنور۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭
مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ فن لینڈ کے وفد کی Siuntio کے میئر سے ملاقات اور لائبریری کا دورہ




