اطلاعات و اعلانات
سانحہ ارتحال
٭… ھبۃالکلیم صاحبہ اہلیہ مکرم جمیل احمد تبسم صاحب مبلغ سلسلہ اوفا، بشکرتستان، رشیا، اعلان کرواتی ہیں کہ میری والدہ محترمہ زاہدہ پروین صاحبہ اہلیہ مکرم غلام مصطفےٰ اعوان صاحب مرحوم ڈھپئی ضلع سیالکوٹ حال مقیم دارالیمن شرقی ربوہ مورخہ 15؍ جولائی2021ء بعمر 61 سال طویل علالت کے بعد بقضائے الٰہی وفات پا گئیں۔ انا للہ وانا الیہ راجعون۔
والدہ صاحبہ خدا کے فضل سے پنجوقتہ نمازوں کی پابند اور نماز تہجد میں باقاعدہ تھیں۔ غریب پرور، انتہائی صابرہ وشاکرہ، اپنوں اورغیروں سب کی عزت واحترام کرنے والی تھیں۔ جماعت احمدیہ اور خلافت احمدیہ سے والہانہ محبت وعقیدت تھی۔ خدا کی ذات پر کامل یقین تھا۔ اپنے اخلاق کی وجہ سے ہر دل عزیز تھیں۔ دوسروں کی مدد کے لیے ہر وقت تیار رہتی تھیں۔ مہمان نوازی ان کا خاص وصف تھا۔ جماعتی عہدیداران اور واقفینِ زندگی کا بے حد احترام کرتیں اور دین کو دنیا پر مقدم رکھنے والی تھیں۔ اپنی تین بیٹیوں کی شادیاں بھی مربیان سلسلہ سے کیں۔ ہر رشتہ کو خوب نبھاتیں اور عزت دیتیں۔ حضور انور کے خطبات باقاعدگی سے سننے اور مالی قربانی وچندہ جات میں پیش پیش تھیں۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے آپ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں ایک بیٹا احمد مرتضیٰ اعوان جرمنی اور چار بیٹیاں یادگار چھوڑی ہیں۔
احبابِ جماعت کی خدمت میں دُعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ ہماری والدہ کے درجات بلند کرے اور جنت الفردوس میں اعلیٰ جگہ دے۔ آمین میدانِ عمل کی وجہ سے ہم اپنے والد اور والدہ دونوں کی بیماری اور وفات میں شریک نہیں ہو سکیں۔ ہمارے لیے بھی دُعا کریں کہ اللہ تعالیٰ ہم سب کو صبرجمیل دے اور ان کی نیکیاں جاری رکھنے کی توفیق دے۔ آمین
درخواست دعا
٭…مطہر احمد طاہر جرمنی سے اعلان کراتے ہیں کہ خاکسار کے والد محترم منور علی شاہد صاحب چند ماہ سے کھانسی کے عارضہ میں مبتلا ہیں، چند روز قبل اچانک کھانسی کی شدت میں اضافہ کے باعث مقامی ہسپتال میں لے جانا پڑا جہاں آپ زیر علاج ہیں۔ احباب جماعت سے ان کی جلد کامل شفایابی اور دراز عمری کے لیے دعاؤں کی عاجزانہ درخواست ہے۔
٭…عبد الہادی قریشی صاحب نمائندہ الفضل انٹرنیشنل سیرالیون تحریر کرتے ہیں کہ مکرم نعیم احمد گوہر صاحب ریجنل مبلغ سلسلہ میامبا ریجن سیرالیون اور ان کی اہلیہ کا کووڈ 19 کا ٹیسٹ پازیٹیو آیا ہے اور وہ دونوں حکومت کی طرف سے بنائے گئے کووڈ سینٹر میں زیرعلاج ہیں۔ ان کے بچوں کو بھی بخار ہے اور پوری فیملی قرنطینہ ہے۔ احباب جماعت سے ان کی جلد اور مکمل شفا یابی کے لئے دعا کی عاجزانہ درخواست ہے۔
٭… عبد الرؤوف صاحب سیکرٹری وصایا بریڈفورڈ نارتھ، یوکے تحریر کرتے ہیں کہ خاکسار کے چھوٹے بھائی عبد الحئی ناصر صاحب مبلغ سلسلہ و انچارج ایم ٹی اے سیرالیون (ابن مکرم عبد الرزاق صاحب مرحوم سابق پی ٹی آئی جامعہ احمدیہ ربوہ) گزشتہ کچھ عرصہ سے گردے میں پتھری کی وجہ سے بیمار ہیں۔ ڈاکٹروں نے فوراً آپریشن تجویز کیا ہے۔ آپریشن کے لئے موصوف گھانا چلے گئے ہیں جہاں اُن کا اپریشن اسی ہفتہ متوقع ہے۔
احباب جماعت سے درد مندانہ دعا کی درخواست ہے کہ خدا تعالیٰ اپنے فضل سے مکرم عبد الحئی ناصر صاحب کو جلد از جلد کامل شفا عطا فرمائے اور آپریشن ہر لحاظ سے کامیاب رہے اور ہر قسم کی پیچیدگی سے محفوظ رکھے۔ آمین ثم آمین
٭…٭…٭