جلسہ سالانہ برطانیہ 2021ء کے پہلے دن کی مختصر روداد
آج جلسہ سالانہ برطانیہ کے پہلا دن کا آغاز نماز تہجد سے ہوا جسے سوا تین بجے صبح حافظ طیب احمد صاحب مربی سلسلہ و استاذ جامعہ احمدیہ یوکے کو پڑھانے کی سعادت حاصل ہوئی۔ بعد ازاں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے نماز فجر پڑھائی۔ نماز فجر کے بعد منصوراحمد ضیا صاحب مربی سلسلہ و استاذ جامعہ احمدیہ یوکے کو درس دینے کی توفیق ملی۔
حدیقۃ المہدی میں ڈیوٹی پر موجود احباب کو رہائش کی اجازت تھی چنانچہ ۸ بجے ناشتہ کرنے کے بعد احباب جماعت اپنی ڈیوٹیوں میں مشغول ہو گئے۔
آج دوپہر حدیقۃ المہدی میں حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے بصیرت افروز خطبہ جمعہ ارشاد فرمایا اور پھر نمازِ جمعہ اور نماز عصر جمع کر کے پڑھائیں۔ آج جمعے کی نماز سے قبل وقفے وقفے سے بوندا باندی ہوتی رہی۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز جب جمعے کے لیے تشریف لائے اس وقت بارش نہیں ہو رہی تھی۔ لیکن دوران جمعہ شدید بارش ہوتی رہی۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے خطبہ جمعہ میں موسم کے خوشگوار ہونے کے لیے دعا کی تحریک فرمائی۔
جمعہ کے بعد کھانے کا وقت تھا۔ کھانے کی مارکی میں داخلہ سے قبل خدام نے Hand Sanitization کروائی۔ کھانے کی marquee میں حتی الوسع سماجی فاصلے کا خیال بھی رکھا گیا۔ مارکی میں داخلی اور خارجی راستے الگ الگ تھے۔ ڈیوٹی پر مامور خدام اور مہمانان کرام ایک دوسرے سے عملی تعاون کی خوبصورت مثال پیش کرتے دکھائی دیتے تھے۔
تقریباً ساڑھے چار بجے اللہ تعالیٰ کے فضل سے پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی۔اس دوران موسم خوشگوارہو گیا تھا اور دن کے اختتام تک خوشگوار رہا۔دعا کے بعد حضور انور مردانہ پنڈال میں تشریف لے گئے اور افتتاحی اجلاس کا انعقاد ہوا۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نےاپنے افتتاحی خطاب میں اس نکتہ کی طرف توجہ دلائی کہ اصلی شان جلسے کی اس وقت ہےجب اس میں شامل ہونے والے اپنی حالتوں میں پاک تبدیلی پیدا کرنے کی طرف توجہ کرنے والے ہوں۔نیز فرمایا کہ ہمیں ہمیشہ ان باتوں کو اپنے سامنے رکھنا چاہیے جو حضرت مسیح موعودؑ نے ہمارے سامنے رکھیں۔ان تمام باتوں کا ایک لفظ میں خلاصہ تقویٰ ہے۔
تقریباً چھ بجے دعا کے بعد جلسہ سالانہ یوکے ۲۰۲۱ء کا افتتاحی اجلاس اپنے اختتام کو پہنچا۔ جس کے بعد شاملین جلسہ کے لیے کھانے کا انتظام تھا۔ نو بجے رات کے کچھ بعد نماز مغرب و عشا ادا کی گئی۔
یاد رہے کہ یہ جلسہ کووڈ کی تمام تر پابندیوں کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے منعقد ہو رہا ہے۔جلسہ سالانہ میں شامل ہونے کے لیے ضروری ہے کہ تمام شاملین کو
1۔جلسہ کے انعقاد سے کم از کم دو ہفتے قبل دونوں ویکسین لگ چکی ہوں اور ان کے پاس Covid Pass موجود ہو
2۔ کووڈ۔19کا lateral flow ٹیسٹ رزلٹ منفی ہو۔
3۔Aims Cardموجود ہو۔
4۔اپنا جائے نماز ساتھ لے کر آئیں۔
5۔ داخلہ سے قبل تمام افراد کا درجہ حرارت مناسب حد کے اندر اندر ہو۔
آج گاڑیوں کی پارکنگ ایریا میں کیچڑ کی وجہ سے Country Market میں گاڑیوں کو پارک کرنے کا انتظام بھی تھا۔
عمومی طور پر شا ملین جلسہ اور ڈیوٹی پر موجود کارکنان نے خراب موسم کے باوجود وسعت حوصلہ سے کام لیتے ہوئے پہلے دن کو کامیاب بنانے میں اپنا اپنا کردار ادا کیا اور سب ہی اپنے پیارے امام کی نصائح پر عمل کرتے دکھائی دیے۔ اللہ تعالی سے دعا ہے کہ جلسہ کے باقی ایام بھی بخیر و عافیت گزریں اور احباب جماعت اس جلسے کی برکات سے مستفید ہو سکیں۔ آمین
٭…٭…٭