جلسہ سالانہ سال بہ سال ترقی کا سفر

ہم تو ہر دم چڑھ رہے ہیں اِک بلندی کی طرف

(مرتبہ: مصباح الدین محمود)

سیدنا حضرت ا قدس مسیح موعودومہدی معہود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے افرادِ جماعت کی تعلیم و تربیت، پاک تبدیلی اورتزکیہ نفس کی خاطر جو مختلف ذرائع استعمال فرمائے اُن میں سے ایک بڑااوراہم ذریعہ جلسہ سالانہ کاانعقادتھا۔ وہ جلسہ جس کی بنیاد حضرت اقدسؑ نے خدا تعالیٰ سےخبر پاکر خالص تائیدِ حق اور اعلائے کلمہ اسلام پر رکھی اور اس جلسہ میں شامل ہونے والوں کےلیے بدرگاہِ ارحم الراحمین قبولیت اور پاک تبدیلی کی دعا کی۔ وہ جلسہ جس کے متعلق فرمایا کہ اس کے روحانی فوائداورمنافع ان شاء اللہ وقتاً فوقتاً ظاہر ہوتے رہیں گے۔ جس جلسہ کی بنیادی اینٹ خدا تعالیٰ نے اپنے ہاتھ سے رکھی اور جس جلسہ کے ذریعہ یورپ اور امریکہ کےسعید لوگوں کے قبولیتِ اسلام کی پیشگوئی فرمائی۔ آج بفضلہٖ تعالیٰ وہ جلسہ اس پاک مسیح اور معہود مہدی علیہ الصلوٰۃ والسلام کےپانچویں موعود خلیفہ کے مبارک دور میں داخل ہو چکا ہے اور75 افرادکاوہ قافلہ سینکڑوں، ہزاروں اور لاکھوں کی تعدادکوعبورکرتاہوااب سیدناوامامناحضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکے عہدبا برکات میں ایم ٹی اے کے ذریعہ کروڑوں کے لشکر میں تبدیل ہو چکا ہے جس کا ہر قدم بلاشبہ مسیح الزماں علیہ الصلوٰۃ و السلام کی اس پیشگوئی کا مصداق بن چکا ہے کہ ’’ہم تو ہر دم چڑھ رہے ہیں اِک بلندی کی طرف‘‘۔

زیرِ نظر جلسہ ہائے سالانہ کا 130سالہ گوشوارہ ترقی اوربلندی کے اس مبارک سفر کی محض ایک معمولی سی جھلک ہے۔ مرتب گوشوارہ ہذا نے نومبر 20ء میں ادارہ الفضل انٹرنیشنل سے اس سلسلہ میں رابطہ کر کے اس خواہش کا اظہار کیا کہ وہ عرصہ دراز سے یہ خدمت بجا لانے کی خواہش رکھتے ہیں اور کچھ حد تک کام کا آغاز کر چکے ہیں۔ ادارے کی طرف سے اس تحقیق کو شائع کرنے پر رضامندی کا اظہار کیا گیا جس پر انہوں نے باقاعدہ اس پر کام کا آغاز کر دیا۔ مختلف مراحل میں اس کی تکمیل جاری رہی۔پہلے ارادہ تھا کہ اسے الفضل انٹرنیشنل کے جلسہ سالانہ نمبر (شائع شدہ دسمبر 2020ء) کے ساتھ شائع کیا جائے لیکن کام کی وسعت کے پیش نظر ایسا ممکن نہ ہو سکا۔

ابتدائی مرحلہ قریباً چار ماہ میں مکمل ہوا۔ازاں بعد بعض مشوروں کی بنا پر مرتب کو افادۂ عام کے لیے جلسہ پر ہونے والی تقاریر کی تاریخِ اشاعت بھی شامل کرنے کی تحریک کی گئی۔ اگرچہ یہ ساری تحقیق کو نئے سرے سے کرنے کے مترادف تھا لیکن انہوں نے اس تجویز کو بسرو چشم قبول کیا۔ چنانچہ جو تقاریر الفضل یاکسی دیگر جماعتی اخبار میں شائع ہوئیں، ایسی تقاریر کے عناوین کے ذیل میں حتی الوسع ان کی تاریخٍ اشاعت بھی شامل کی گئی ہے۔بعض تقاریر اقساط میں شائع ہوتی رہیں، اس صورت میں حوالہ دیتے وقت قسط اول کو مدِ نظر رکھا گیا ہے۔بہت سی تقاریرکا خلاصہ بھی شائع ہوتا رہا لیکن ایسی صورت میں محض اُن تقاریر کی تاریخ درج کی گئی ہےجو مکمل صورت میں شائع ہوئیں۔

ابتدا میں جلسہ سالانہ اس طرز پر منعقد ہوتا رہا کہ جلسہ کی معین تواریخ سے قبل کثرت سے احباب کے آجانے کے باعث امام الزمان علیہ السلام اور خلفائے کرام کی مجالسِ علم و عرفان وقت سے قبل یا ایک دن پہلے ہی شروع ہوجاتی تھیں۔نیز بعض دفعہ یوں بھی ہوا کہ جلسہ کے اختتام کے باوجودکثیر تعداد میں احباب کے قادیان میں موجود ہونےکے باعث اگلے چند روز بھی تقاریر کی جاتی رہیں۔ اس صورت میں چونکہ سلسلہ کے اخبارات نے اپنی رپورٹس میں ان تقاریر کو جلسہ کے پروگرام میں شامل کیا لہٰذا اخبار الحکم،البدر یا الفضل کی رپورٹ کے مطابق ان زائد ایام کو جلسہ کے ایام میں ہی شمار کیا گیا ہے۔

ابتدا میں حاضری لینےکا چونکہ باقاعدہ انتظام نہ تھا لہٰذاحاضری کے حصول کے لیے کھانے کی پرچیوں پر لکھی گئی تعداد کو مدِ نظر رکھاجاتاتھا۔اور ان پرچیوں سے لی گئی حاضری میں کمی بیشی ہوجاتی تھی۔چنانچہ بعض مواقع پر جلسہ کی رپورٹس میں مذکورہ حاضری مختلف شائع ہو جاتی رہی اگرچہ تعداد میں زیادہ فرق نہ ہوتا۔

یہاں پر اس امر کا اظہار کر دینا بھی مناسب ہو گا کہ بوجوہ الفضل کے پرانے پرچوں تک رسائی ممکن نہ تھی اس لیے انٹرنیٹ پر موجود شماروں سے جس قدر مواد مہیا ہو سکا، مرتب کر دیا گیا یہی وجہ ہے کہ جو شمارے انٹرنیٹ پر دستیاب نہ تھے (بالخصوص 1970ء کے بعدکے) ان میں رپورٹ ہونے والے جلسوں کے مقررین کے اسماء، عناوین اور تاریخِ اشاعت میں سے اکثر نہ مل سکے۔ مرتب ارادہ رکھتے ہیں کہ مذکورہ مواد میسر آجانے پر اس حصے کو مکمل کرنے کی سعی کریں گے۔ اللہ تعالیٰ انہیں توفیق عطا فرمائے۔ آمین

جلسہ سالانہ کی زیرِ نظر مختصر تاریخ کو جمع کرنے کے دوران جن اداروں اور احباب نے تعاون کیا ہے ادارہ ان کا ممنون ہے۔ بوجوہ ان سب کا تذکرہ ممکن نہیں۔ اللہ تعالیٰ ان سب کو جزائے خیر سے نوازے۔ آمین

اس ضمیمے کی تیاری میں درج ذیل کتب و مصادر سے خصوصی طور پر استفادہ کیا گیا:

اخبارالحکم، اخبارالبدروبدر، اخبارالنصر، روزنامہ الفضل، الفضل انٹرنیشنل، ریویوآف ریلیجنز،المصلح، تاریخِ احمدیت، ملفوظات حضرت مسیح موعودؑ، انوارالعلوم، خطاباتِ نور، خطاباتِ ناصر، خطاباتِ طاہر، تاریخ لجنہ اماء اللہ، حیاتِ احمد از حضرت شیخ یعقوب علی صاحب عرفانیؓ،حیاتِ نورؓ،سوانح فضلِ عمرؓ،اصحابِ احمد،مجددِ اعظم ،المحراب لجنہ اماء اللہ کراچی1991ء، ایم ٹی اے ڈاکومینٹریزبابت جلسہ سالانہ، متفرق جماعتی ویب سائٹس

(ادارہ)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Check Also
Close
Back to top button