دنیا بھر کے احمدیوں کی جلسہ سالانہ یوکے میں شمولیت: ایک رپورٹ
٭…فن لینڈ سے فرخ اسلام صاحب (نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) تحریر کرتے ہیں کہ الله تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ فن لینڈ نے جلسہ سالانہ یوکے کو سننے اور آن لائن براہ راست دیکھنے کا انتظام کیا۔ چنانچہ اس سلسلہ میں احباب جماعت نے دارالحکومت ہیلسنکی کے نماز سینٹر میں بڑے جوش وخروش سے اس میں شمولیت کی اور اپنے آقا پیارے امام کی نصائح کو بڑی توجہ سے سنا۔
اسی طرح جلسہ کے مہمانوں کے لیے کھانے کا بھی انتظام کیا گیا تھا۔
کووڈ سے بچاؤ کے پیش نظر تمام احتیاطی تدابیر کو اختیار کیا گیا، تمام افراد نے ماسک لگا کر اور ایک دوسرے سے فاصلہ رکھ کر جلسہ کو سنا۔ نماز سینٹر میں پہلے دن کی حاضری 30 تھی۔ الحمد لله۔
٭…کونگو برازاویل سے سعید احمد صاحب (نمائندہ الفضل انٹر نیشنل) لکھتے ہیں: الحمد للہ ثم الحمد للہ کہ ایک سال کے وقفہ کے بعد جماعت احمدیہ عالمگیر کو اپنے پیارے آقا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی مبارک قیادت میں جلسہ سالانہ یوکے کی برکات سے مستفید ہونے کی توفیق مل رہی ہے۔
کونگو برازاویل میں ہمیں ملک کی مختلف جماعتوں میں لائیو بذریعہ ایم ٹی اے جلسہ سالانہ میں شرکت کرنے کی توفیق ملی۔ درج ذیل سینٹرز میں جلسہ سالانہ لائیو دیکھا جا رہا ہے:
Brazzaville, Pointe Noire, nkayi, Gamboma, Pk45, Mouyondji
Gamboma جماعت میں جلسہ سالانہ یوکے کی دوسرے دن کی کارروائی لائیو لوکل ٹی وی اور ریڈیو پر نشر کرنے کی توفیق ملی۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطابات کالوکل زبان لنگالا میں ترجمہ مکرم ابراہیم ایتیلا صاحب معلم سلسلہ نے کیا۔ دیہات سے موصولہ رپورٹ کے مطابق کثرت سے افراد جماعت ریڈیو پر پروگرام سن رہے ہیں۔
٭… سُرینام سے لئیق احمد مشتاق صاحب (مربی سلسلہ) لکھتے ہیں کہ سُرینام میں اپریل 2021ء سے کورونا کی تیسری لہر جاری ہے، جس کی شدت میں تاحال کمی نہیں آئی اور روزانہ مثبت کیسز کی شرح 25 فیصد سے زائد ہے۔ اس لیے امسال ہم اس بابرکت آغاز کا حصہ نہیں بن سکے جو دنیا کے مختلف ممالک اور جماعتوں کی جلسہ سالانہ برطانیہ میں بذریعہ لائیو سٹریم شمولیت کی صورت میں ہوا ہے۔
لیکن خدا تعالیٰ کے فضل سے سُرینام جنوبی امریکہ کا پہلا ملک ہے جہاں ایم ٹی اے لوکل ٹی وی چینل RBN 5.3 کے ذریعہ ہر گھر میں پہنچ رہا ہے۔ اس لئے افراد جماعت کو بار بار مختلف طریق سےجلسہ سالانہ برطانیہ کے پروگرامز دیکھنے کی طرف توجہ دلائی گئی۔ لجنہ اماء اللہ نے بھی خواتین کو پروگرامز دیکھنے کی نصیحت کی۔
افراد جماعت کو یہ تلقین کی گئی کہ اختتامی دعا کے فوراً بعد ایپ یا فون کے ذریعہ اطلاع دیں کہ تینوں دن کتنے افراد نے پروگرام دیکھا ۔ اور موصولہ رپوٹس کے مطابق خداتعالیٰ کے فضل سے 155 افراد جماعت نے جلسہ سالانہ برطانیہ کے پروگرامز دیکھے۔ الحمد للہ علیٰ ذٰلک
٭…سینیگال سے حافظ مصور احمد مزمل صاحب (نمائندہ الفضل انٹر نیشنل) لکھتے ہیں کہ امسال جلسہ سالانہ برطانیہ کے بابرکت انعقاد کے پیش نظر تمام دنیا کی طرح مغربی افریقہ کے ملک سینیگال میں بھی خصوصی طور پر انتظامات کیے جارہے ہیں۔ گو کہ سینیگال میں کورونا وبا کی تیسری لہر کی وجہ سے دوبارہ پابندیاں لگنے کی وجہ سے بڑے اجتماع کی صورت میں احباب جمع نہ ہو سکے، بایں ہمہ سینیگال کے تمام ریجنز میں حتی الامکان اجتماعی طور پر مقامی جماعتوں میں MTA کے ذریعہ اور بعض ریجنز میں ریڈیو پر لائیو ترجمہ کے ذریعہ احباب جماعت نے جلسہ سالانہ یو کے میں شرکت کی۔ الحمد للہ علیٰ ذلک
سینیگال کے 8 ریجنز کے 45 مقامات و دیہات میں اجتماعی طور پر جلسہ سالانہ برطانیہ 2021ء دیکھنے کے انتظامات ہیں۔ نیز دیگر ذرائع مثلاً یو ٹیوب اور دیگر سوشل میڈیا اور ذاتی ڈش وغیرہ کے ذریعہ انفرادی طور پر جلسہ سالانہ دیکھنے والے احباب 1500 سے زائد ہیں۔ اس طرح اندازاً 6000 سے زائد احباب جماعت جلسہ سالانہ برطانیہ 2021ء میں ورچوئل طور پر شرکت کر رہے ہیں۔
MTA پر جلسہ سالانہ بذریعہ کیبل: ریجن تانباکنڈا کے دو شہروں تانباکنڈا Tambacounda اور کسانارKousanarمیں کیبل پر MTA Africa چوبیس گھنٹے نشر ہو رہا ہے۔ جلسہ سے قبل ریڈیو کے ذریعہ متعدد مرتبہ جلسہ سالانہ برطانیہ کے متعلق اعلان کروایا گیا۔ اس طرح تقریباً 850 غیر از جماعت گھرانوں تک حضرت خلیفة المسیح کی تصویر کے ساتھ 24گھنٹے احمدیت کا پیغام پہنچ رہا ہے۔
لوکل ٹیلی وژن پر جلسہ سالانہ کی کوریج: امسال سینیگال کے چیئسThies ریجن کے ایک اہم شہر امبورMbour مین ایک لوکل ٹیلی وژن Renndo TV پر حضور انور کے تمام خطابات فرنچ زبان میں لائیو نشر کیے جا رہے ہیں۔ اس طرح تقریباً 1000 سے زائد گھرانوں تک حضرت خلیفة المسیح کی تصویر کے ساتھ احمدیت کا پیغام پہنچ رہا ہے۔
پانچ ریڈیو سٹیشنز پر حضور انور کے خطابات کی کوریج متعدد ریجنز میں 5ریڈیوز پر حضور انور کے خطابات کا براہ راست ترجمہ لوکل زبان میں بھی پیش کیا جا رہا ہے۔ اس طرح محتاط اندازہ کے مطابق 25000 سے زائد لوگوں تک احمدیت کا خوبصورت پیغام پہنچ رہا ہے۔ الحمد للہ علیٰ ذٰلک
مجموعی رپورٹ: ریجنز اور ریڈیو مالکان سے موصولہ رپورٹس کے مطابق 45000 افراد تک احمدیت کا پیغام پہنچا ہے۔ الحمد للہ علیٰ ذلک
٭…ڈنمارک سے نعمت اللہ بشارت صاحب (نمائندہ الفضل انٹر نیشنل) لکھتے ہیں کہ الحمد للہ تمام احباب جماعت ڈنمارک اپنےپورے اہل خانہ بشمول مرد و خواتین اور بچگان اپنے اپنے گھروں میں نہایت دلجمعی اور دلی شوق و جذبہ سے انٹرنیشنل جلسہ سالانہ یوکے کے تمام پروگراموں سے مستفید ہورہے ہیں۔ حضور انور کے روح پرور خطابات اور دیگر تمام مقررین کی تقاریر سب افراد خاندان اکٹھے بیٹھ کر سن رہے ہیں۔ اکثر احباب نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اگرچہ وہ کورونا کے باعث اس جلسہ میں خود انگلستان جاکر شامل تو نہیں ہوسکے مگر ایم ٹی اے کی برکت سے حضور انور کے تمام خطابات کے علاوہ دیگر تمام پروگراموں کو دیکھنے اور سننے سے وہ یہی محسوس کر رہے ہیں کہ جیسے وہ خود اس جلسہ میں شامل ہیں اور اس جلسہ کی برکات سے مستفید ہورہے ہیں۔
٭…ارجنٹائن سے مروان سرور گِل صاحب (نمائندہ الفضل انٹر نیشنل) نے بتایا کہ دار الحکومت Buenos Aires کے مشن ہاؤس میں 5 احباب جماعت نے اجتماعی طور جلسہ سالانہ کی کارروائی کو سنا اور دیکھا۔
٭…سیرالیون سے عبد الہادی قریشی صاحب (نمائندہ الفضل انٹر نیشنل) نے تحریر کیا کہ سیرالیون میں کووڈ 19 کی وجہ سے مساجد بند ہیں اور اجتماعات پر پابندی ہے۔ احباب جماعت گھروں اور دفاتر میں جلسہ سالانہ برطانیہ اور حضور انور ایدہ اللہ کے خطابات سے فیض یاب ہورہے ہیں۔
جماعتی ریڈیو اور ملکی چینلز بھی جلسہ سالانہ برطانیہ اور حضور انور ایدہ اللہ کے خطابات براہ راست نشر کررہے ہیں۔
٭…تنزانیہ سے عبد الناصر مومن صاحب اور شہاب احمد صاحب نے بتایا کہ الحمدللہ طلبہ و اساتذہ جامعہ احمدیہ تنزانیہ کو جلسہ سالانہ برطانیہ 2021ء میں بذریعہ انٹرنیٹ ایم ٹی اے تنزانیہ سٹوڈیوز کی وساطت سے شرکت کا موقع مل رہا ہے۔
طلبہ و اساتذہ نے جلسہ کی مناسبت سے ہال کی تزئین و آرائش کی، مثالی وقار عمل کیا اور جدت کے لیے تینوں ایام کے دوران جلسہ گاہ میں مختلف sitting arrangements and setup کا اہتمام کیا گیا۔
جامعہ احمدیہ میں باقاعدہ طور پر جلسہ کے ٹائم ٹیبل کا اہتمام ہے۔ تینوں دن باجماعت تہجد پڑھی گئی، جلسے کے روایتی لنگر کا اہتمام کیا گیا، جس میں چپاتی، خوشبو دار چائے، آلو گوشت اور دال چاول شامل ہیں۔
موروگورو میں طلبہ و اساتذہ کے ساتھ ساتھ ریجن کے دیگر مقامی احباب جماعت اور غیر از جماعت مہمانان بھی شامل ہوئے اور حضرت خلیفۃ المسیح ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطابات سنے۔
مکرم عمر بشیر صاحب جو تعلیم کے شعبہ سے منسلک ہیں اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ “میرے لیے یہ پہلا تجربہ ہے کہ ایسے جلسہ میں شمولیت کا موقع ملا۔ عورتوں کے حقوق کے بارے میں امام جماعت احمدیہ کا خطاب سنا۔ بہت عمدہ انداز میں قرآنی تعلیمات کا ذکر تھا جو صرف مسلمانوں کے لیے ہی نہیں بلکہ عالمگیری سطح پر سب کے لیے قابل عمل اور بہترین معاشرے کے قیام کے لیے لازمی ہیں۔ جماعت احمدیہ کو خوبصورت عالمگیر جلسہ کے انعقاد پر مبارکباد دیتا ہوں اور شمولیت کی دعوت پر شکر گزار ہوں۔”
مکرمہ عائشہ صاحبہ جو پرائمری سکول ٹیچر ہیں کہتی ہیںکہ ’’اس جلسہ میں شریک ہو کر بہت اچھا لگا۔ عورتوں کے حقوق کے لیے خلیفہ صاحب (ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز) کی نصائح سنیں۔ پوری دنیا میں ہر ایک خاوند اور بیوی کو ان پر عمل کرنا چاہیے تاکہ دنیا جنت نظیر ہو جائے‘‘۔
٭…سویڈن سے رضوان افضل صاحب (نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ سویڈن بھی دیگر جماعتوں کی طرح اجتماعی طور پر اور انفرادی طور پر جلسہ سالانہ یوکے 2021ء کے پروگراموں سے استفادہ کر رہی ہے۔ سویڈن سے ہر سال ایک بڑی تعداد میں احباب جماعت جلسہ سالانہ یوکے میں شرکت کر تے ہیں مگر گزشتہ سال جلسہ نہ ہونے سے سب ہی اداس تھے۔ امسال جب جلسہ کے انعقاد کی اطلاع موصول ہوئی تو سب میں خوشی کی ایک لہر دوڑ گئی کہ ہم اللہ تعالیٰ کے فضل سے پیارے آقا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ کو لائیو دیکھ سکیں گے آپ کےخطابات سے استفادہ کر سکیں گے۔
مکر وسیم ظفر صاحب امیر جماعت سویڈن نے صدران جماعت اور مربیان کے ساتھ مساجد میں اجتماعی طور پر جلسہ کی کارروائی دیکھنے کے انتظام کے حوالے سے ایک میٹنگ کی اور ہدایات دیں۔
جماعتی طور پر 5 جماعتوں میں جلسہ کے تینوں دن اجتماعی طور پر جلسہ دیکھنے کا انتظام کیا گیا۔ ان سب جماعتوں میں مقامی طور پر شعبہ ضیافت کے تعاون سے جلسہ کی روایت کے مطابق لنگر کا بھی انتظام کیا گیا۔ مسجد ناصر گوتھن برگ میں 170 مرد وخواتین نے اجتماعی طور پر جلسہ کی کارروائی کو سنا۔ بیت العافیت مشن ہاؤس سٹاک ہالم میں 30 سے زائد احباب نے اجتماعی طور پر جلسہ سنا۔ جبکہ لولیو جماعت میں جو کہ سویڈن کے نارتھ میں ہماری چھوٹی سی جماعت ہےوہاں 53 سے زائد احباب نے مشن ہاؤس میں اکٹھے ہو کر جلسہ میں شمولیت اختیار کی۔ کالمار جماعت میں بھی احباب جماعت نے اکٹھے مل کر جلسہ سنا۔ اس جماعت میں 20 افراد نے ایک گھر میں اکٹھے ہوکر جلسہ سنا۔ جلسہ کے آخری دن محمود مسجد مالمو میں جلسہ دیکھنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے۔ جلسہ کے پہلے سیشن سے ہی احباب مسجد آنا شروع ہوئے اور تقریباً 80مرد و خواتین اور بچوں نے اختتامی اجلاس میں شمولیت اختیار کی۔ حضور انور ایدہ اللہ کے اختتامی خطاب اور دعا کے بعد تمام احباب و خواتین کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔ اس اجتماعی انتظام کے علاوہ بڑی تعداد میں احباب جماعت نے اپنے گھروں میں جلسہ کی نشریات سے استفادہ کیا۔ الحمد للہ علی ذالک
٭…جرمنی سے عرفان احمد خان صاحب (نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) رپورٹ کرتے ہیں:
جرمنی میں ابھی تک کووڈ 19 کی وجہ سے مساجد میں پہلے کی طرح آر جار ممکن نہیں۔ خواتین کے جمعے اور نمازوں پر آنے پر پابندی ہے۔ حکومتی سختی کو مدنظر رکھتے ہوئے چار بڑے سنٹروں فرانکفرٹ، ہمبرگ، برلن اور کولون میں جلسہ سالانہ برطانیہ کی کارروائی اجتماعی طور پر سننے کا انتظام کیا گیا تھا۔ لیکن جمعہ کے روز جب ایم ٹی اے پر دنیا کے مختلف ممالک میں جلسہ سالانہ کی کارروائی سننے کے مناظر دکھائے گئے تو جرمنی کے بعض دوسرے سنٹروں میں بھی احباب نے محدود تعداد میں سنٹر میں آ کر جلسے کی کارروائی سے مستفید ہونے کا فیصلہ کیا۔ چنانچہ اتوار کے روز کے دونوں اجلاسات کی کارروائی فرانکفرٹ، ہمبرگ کے علاوہ دیگر شہروں میں بھی احباب نے اجتماعی طور پر دیکھی۔ ٹیلیفونک سروے کے مطابق فرانکفرٹ میں 105، ہاناؤ میں 120، ہمبرگ میں 71، برلن میں 51، کولون میں 50، رولزہائیم میں 48 اور ویزباڈن میں 5 افراد نے اختتامی اجلاس میں شرکت کی۔ اس کے علاوہ دیگر شہروں سے بھی اختتامی اجلاس کو اجتماعی طور پر سننے اور حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی معیت میں اجتماعی دعا میں شامل ہونے کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔
٭…ساؤتومے سے انصر عباس صاحب (نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) تحریر کرتے ہیں کہ ساؤتومے کی 11 جماعتوں کے 278؍ افراد نے جلسہ سالانہ برطانیہ براہِ راست سننے کی توفیق پائی۔