از مرکز

حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے دستِ مبارک سے ٹرکش انٹرنیٹ ریڈیو کا اجرا

(ادارہ الفضل انٹرنیشنل)

(مسجد مبارک اسلام آباد، ٹلفورڈ، 27؍ اگست 2021ء، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) امیرالمومنین حضرت مرزا مسرور احمد خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے نمازِ جمعہ کے بعد مسجد مبارک سے جماعت احمدیہ کے ٹرکش Internet Radio کا اجرا فرمایا۔

دعا سے قبل حضورِ انور نے اس ریڈیو کی نشریات جس میں تلاوتِ قرآنِ کریم اور اس کا ترکی ترجمہ شامل تھا کچھ دیر کے لیے سنا۔ بعد ازاں حضورِ انور نے دعا کروائی اور دو بج کر 21 منٹ پر تشریف لے گئے۔

اس ریڈیو سے مندرجہ ذیل لِنک پر جا کر استفادہ کیا جا سکتا ہے:

www.islam-ahmediyetin-sesi.com

اس ریڈیو کا تعارف کرواتے ہوئے حضرت امیرالمومنین ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اپنے خطبہ جمعہ میں فرمایا:

جمعے کے بعد میں ایک ٹرکش انٹرنیٹ ریڈیو کا افتتاح کروں گا۔ اس ریڈیو چینل کا نام İslam Ahmediyetin Sesi یعنی ’’صدائے اسلام احمدیت‘‘ ہے جو الحمد للہ اب 24 گھنٹی کی نشریا کے لیے تیار ہے۔ یہ ریڈیو دنیا بھر میں Smartphones، Tablets اور Laptops وغیرہ پر ایک لنک کے ذریعہ سنا جاسکے گا۔

چار گھنٹے پر مشتمل ایک package کو 6 دفعہ دن میں repeat کیا جائے گا۔ اس package میں ایک گھنٹہ تلاوت مع ترکی ترجمہ، حدیث نبوی صلى الله عليه وسلم، کلام الامام حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام، ترکی زبان میں میرے خطبات کا ترجمہ نیز مجلس سوال و جواب بھی ایک نشر ہوا کرے گی۔

دنیا کے بیس سے زائد ممالک اس سے تبلیغی میدان میں بھی اور تربیتی مقاصد کے لیے بھی استفادہ کرسکیں گے۔ مثلاً آذربائیجان ہے، جارجیا ہے، کئی سابقہ روسی ریاستیں ہیں جہاں ترکی زبان بولی جاتی ہے۔ اسی طرح ملک ترکی اور وہ سبھی یورپی ممالک جن میں ترک آباد ہیں ان نشریات سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

اس ریڈیو کی تیاری کی توفیق شعبہ تبلیغ جرمنی کو ملی ہے۔ اللہ تعالیٰ ان کو بھی جزا دے۔ اور اللہ تعالیٰ ہر لحاظ سے اس کو بابرکت فرمائے۔

انچارج ٹرکش ڈیسک لندن، محترم ڈاکٹرمحمد جلال شمس صاحب نے الفضل انٹرنیشنل کو بتایا کہ مورخہ 18؍فروری 2021ءکوحضورِانورنےترکی زبان میںIslam Ahmediyetin Sesi یعنی ’’صدائے اسلام احمدیت‘‘ کے نام سے Internet Radio کی منظوری عطا فرمائی تھی۔ حضورِاقدس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی دعاؤں کی برکت سے الحمد للہ یہ ریڈیو شعبہ تبلیغ جرمنی کی ٹیکنیکل ٹیم اور ترکی ڈیسک جرمنی کی مدد سے چند دنوں میں تیار کرنے کی توفیق ملی۔

اس پروجیکٹ پر درج ذیل احباب نے کام کرنے کی توفیق پائی: مکرم حافظ فرید احمد صاحب (نیشنل سیکرٹری تبلیغ جرمنی)، محترم محمد احمد راشد صاحب (مبلغ سلسلہ و انچارج ترکی ڈیسک جرمنی)، مکرم تلمیذ احمد صاحب (مربی سلسلہ و ممبر ترکی ڈیسک جرمنی)، مکرم قمر محمود صاحب (شعبہ تبلیغ جرمنی) اور مکرم عطاء الوحید صاحب (شعبہ تبلیغ جرمنی)۔

ادارہ الفضل انٹرنیشنل حضرت امیر المومنین ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز، عالمی آن لائن ترکش ریڈیو کی انتظامیہ اور احبابِ جماعت احمدیہ عالمگیر کو اس ریڈیو کے اجرا پر مبارکباد پیش کرتا ہے نیز دعا گو ہے کہ اللہ تعالیٰ اسے مفید بناتے ہوئے حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کے مشن یعنی تکمیلِ اشاعتِ ہدایت میں نمایاں کردار ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

(رپورٹ: احسن مقصود، مربی سلسلہ الفضل انٹرنیشنل لندن)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button