جماعت احمدیہ ساؤتومے اینڈ پرنسپ کا نئے سال2022ء کا آغاز
وقار عمل
اللہ تعالیٰ کے فضل سے ساؤتومے کی جماعتوں میں سال2022ء کا آغاز نماز باجماعت تہجد سے ہوا۔ یکم جنوری2022ء کو خدام الاحمدیہ ساؤتومے نے ایک وقار عمل کا پروگرام بنایا تھا جس کے لیے خدام دوپہر ایک بجے تک کیپیٹلساؤتومے میں جماعت کے نیشنل ہیڈکواٹر پہنچ گئے تھے۔ نمازظہر کے بعد تمام خدام نیشنل میوزیم ساؤتومے کے سامنے اکٹھے ہوئے۔
نیشنل وقار عمل
ساؤتومے میں ملکی سطح پر اس طرح کا یہ منفرد پروگرام ہے جو پچھلے سال جماعت نے شروع کیا تھا۔ ساؤتومے کے نیشنل ٹی وی نے اس وقار عمل کو کوریج دی۔ مذہب اسلام ساؤتومے کی عوام کے لیے پہلے تو ایک نئی چیز تھی۔یہ عیسائی اکثریت کا ملک ہے۔ یہاں کے لوگ اسلام کے بارے صرف اتنا ہی جانتے تھے جتنا پادری انہیں بتاتے تھے۔ اب الحمد للہ جماعت کی وجہ سے لوگوں کا اسلام کے خلاف تعصب کم ہوتا جا رہا ہے۔ جماعت کے حسن سلوک کو دیکھ کر لوگ بڑے حیران ہوتے ہیں۔ گزشتہ سال جب خدام نے وقار عمل کیا تو بعض لوگ ہمارے خلاف آوازیں کستے تھے، بعض حوصلہ افزائی بھی کرتے رہے۔ بعض لوگوں نے تو ساتھ مل کر کام بھی کیا تھا۔ اس سال وقار عمل میں 100 خدام نے حصہ لیا اور طلباء کی نیشنل یونین کے 30 طلباء بھی خدام الاحمدیہ کےساتھ وقار عمل میں شامل ہوئے۔ بہت سارے لوگوں نے اگلے سال ہمارے ساتھ شامل ہونے کا بھی کہا۔ بہت سارے لوگوں نے ٹی وی پر وقار عمل دیکھ کر حوصلہ افزائی کے پیغامات بھجوائے۔
اس وقار عمل کا مقصد سال نو کے آغاز پر لوگ شہر میں جو کوڑا کرکٹ پھینک جاتے ہیں اس کی صفائی کر کے اپنے ملک کوخوبصورت بنانا ہے۔ خدام الاحمدیہ کی چار ٹیمیں تشکیل دی گئیں۔ شہر کے مختلف مقامات پرجہاں لوگ اکٹھے ہوئے تھے ان جگہوں کی صفائی کی گئی۔
اس وقار عمل کے علاوہ بھی جنوری کے پہلے ہفتے میں جماعت نے مختلف شہروں میں چار وقار عمل کیے۔ ان میں کئی اورملکی تنظیموں نے بھی حصہ لیا۔
تحریک آزادی ساؤتومے کے ہیرو O Rei Amadorکے یوم شہادت پر سائیکل ریلی میں خدام الاحمدیہ کی شمولیت
مورخہ 4؍جنوری کو تحریک آزادی ساؤتومے کے ہیرو Rei Amadorکی شہادت کا دن قومی اعزاز کے ساتھ منایا جاتا ہے۔ وزیراعظم اور صدر مملکت ان کے مجسمہ پر پھول چڑھاتے ہیں۔ اس دن کی مناسبت سے گورنمنٹ نے ایک سائیکل ریلی کا انعقاد کیا۔ اس سائیکل ریلی میں 80 سائیکل سوار شامل ہوئے۔ اس ریلی میں جماعت نے بھی شرکت کی۔ 30خدام اور اطفال اس سائیکل ریلی میں شامل ہوئے۔ تمام شاملین ریلی کو جماعت احمدیہ کی طرف سے ریفریشمنٹ بھی دی گئی۔ اس پروگرام کی نیشنل اور انٹرنیشنل میڈیا پر کوریج ہوئی۔ سیاسی و سماجی حلقوں نے بڑی حوصلہ افزائی کی۔
نئے سال کے کارڈز
ملک کے تمام اداروں، پولیس،آرمی، وزارت خانوں،غیرملکی سفارت خانوں، مذہبی گرجا گھروں میں نئے سال کی نیک تمناؤں کے کارڈز اور جماعت کے کیلنڈر بھجوائے گئے۔ اس دوران کئی سفیروں، ممبرزپارلیمنٹ، میئرز، وزیر قانون، وزیر سوشل ورک و فیملیز، وزیرسیاحت، وزیر کھیل، وزیر صحت، وزیر تعلیم، فنانس منسٹر، صدر مملکت اور وزیراعظم سے ملاقاتیں ہوئیں۔
اللہ تعالیٰ نیا سال پوری دنیا، جماعت احمدیہ اور پیارے امام حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے لئے بہت بہت مبارک فرمائے۔ آمین