سیرالیون کے مشاکا ریجن میں مسجد کا بابرکت افتتاح و تقریبِ آمین
مکرم ولید احمد صاحب ریجنل مبلغ مشاکا ریجن سیرالیون تحریر کرتے ہیں کہ محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ29؍جنوری 2022ء کو احمدیہ مسلم جماعت سیرالیون کو مشاکا ریجن کی جماعت Magbanlapie میں ایک نئی مسجد کے افتتاح کی توفیق ملی۔ الحمدللہ۔ مسجد کے افتتاح کے ساتھ تقریبِ آمین کا بھی انعقاد کیا گیا۔
اس مسجد کا سنگِ بنیاد جون 2021ء میں ریجنل جماعت پریزیڈنٹ مکرم Younisa Deen Kargbo صاحب، خاکسار اور علاقہ کی ایک معزز شخصیت مکرمAbdul K Kargbo صاحب نے ایک سادہ تقریب میں رکھا۔ سنگِ بنیاد کے وقت ایک بکرا صدقہ کرکے اس کا گوشت مستحقین میں تقسیم کیا گیا۔
اس مسجد کا کل مسقف احاطہ 35*45 فٹ ہے اور اس میں 250 افراد نماز ادا کرسکتے ہیں۔
مورخہ 29؍جنوری کو افتتاح کی تقریب کا باقاعدہ آغاز مولانا سعیدالرحمٰن صاحب امیر و مشنری انچارج سیرالیون کی صدارت میں تلاوتِ قرآنِ کریم سے ہوا۔ جس کے بعد قصیدہ اور نظم پیش کی گئی۔ اس کے علاوہ بچوں اور بچیوں نے کورس میں قرآنی دعائیں معہ ترجمہ، احادیث باترجمہ اور نماز باترجمہ پیش کی۔ جس کے بعد معزز مہمانوں کا تعارف کروایا گیا۔ مکرم امیر صاحب نے قرآن کریم کا پہلا دور مکمل کرنے والوں سے قرآنِ کریم سنا اور ان میں اسناد تقسیم کیں۔ کل آٹھ بچوں کو امسال اس جماعت میں قرآن کریم کا پہلا دور مکمل کرنے کی سعادت حاصل ہوئی۔ ان خوش نصب بچوں کے نام یہ ہیں۔
عزیزم لامن کروما، عزیزم محمد کمارا، عزیزم بشیر کاپو، عزیام ابراہیم سُوری، عزیزم ابوبکر کانو، عزیزہ آمنتہ بونڈو، عزیزہ حفصہ کرومااور عزیزہ مامی بانگے۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ان کو قرآن کو پڑھنے، اس کو سمجھنے اور اس پر عمل کرنے کی توفیق دیتا چلا جائے۔ آمین
مکرم امیرصاحب نے اپنے خطاب میں مساجد کی تعمیر کی اہمیت اور ان کو آباد رکھنے کی طرف توجہ دلائی اور بتایا کہ احمدیت جس اسلام کو سیرالیون میں لائی ہے وہی اسلام کی حقیقی تعلیم ہے۔ احمدیت کے آنے سے قبل اس ملک میں نماز کے لئے بلانے کے لئے اذان کا رواج نہیں تھا۔ اب اس ملک میں جماعت کی ایک ہزار سے زائد مساجد ہیں۔ اور احمدیت اسلام کی تبلیغ اور تربیت کا کام احسن طور پر کررہی ہے۔
اس کے بعد آپ نے باقاعدہ فیتہ کاٹ کر مسجد کا افتتاح کیا جس کے بعد مسجد میں نمازِ ظہر باجماعت ادا کی گی۔ نماز کے بعد شاملین کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔
اس بابرکت تقریب میں 45 غیر از جماعت ائمہ، دو سیکشن چیف اور 30 جماعتوں کے نمائندوں سمیت 350 سے زائد افراد شامل ہوئے۔
دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس مسجد کو ہمیشہ حقیقی نمازیوں سے آباد رکھے۔ آمین