حضرت خلیفۃ المسیح ایّدہ اللہ کے دستِ مبارک سے ’سرائے ناصر‘ کا افتتاح
اس گیسٹ ہاؤس کا مسقف حصہ3100؍مربع فٹ ہے جبکہ کُل رقبہ0.38؍ایکڑپر مشتمل ہے
اس مکان کے اگلے حصے کو گیسٹ ہاؤس جبکہ عقبی حصےکو بطور دفتر صدر و قائد عمومی مجلس انصاراللہ برطانیہ نیز ایک کمرہ برائے نماز مختص کیا گیاہے
امیرالمومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اپنے دستِ مبارک سے مجلس انصاراللہ برطانیہ کے گیسٹ ہاؤس ’سرائے ناصر‘ واقع فارنہم سرے یوکے میں رونق افروز ہو کر دعا کے ساتھ اس کا افتتاح فرما یا۔
حضورِانورایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز 5فروری 2022ء کو اسلام آباد سے گیارہ بج کر پچاس منٹ پر روانہ ہو کراندازاً5میل کا فاصلہ طے کرتے ہوئے بارہ بج کر11 منٹ پر سرائے ناصر تشریف لائے جہاں محترم ڈاکٹر اعجاز الرحمٰن صاحب صدر مجلس انصاراللہ برطانیہ،محترم صاحبزادہ مرزا وقاص احمد صاحب نائب صدر مجلس انصاراللہ صف دوم، محترم رفیق احمد حیات صاحب امیر جماعتہائے احمدیہ برطانیہ اور اکثر ممبران نیشنل عاملہ مجلس انصاراللہ برطانیہ نے اپنے پیارے امام کا استقبال کرنے کی سعادت حاصل کی۔ حضورِ انور نے گاڑی سے اتر کر افتتاحی تختی کی نقاب کشائی فرمائی اور پھر دعا کروائی۔ بعد ازاں حضورِ انور معائنہ کی غرض سے سرائے ناصر کی عمارت کے اندر تشریف لے گئے۔
سب سے پہلے حضور انور عمارت کے عقب میں واقع کمرہ برائے نماز اور دفتر میں تشریف لے گئے اور اس کا معائنہ فرمایا۔ بعد ازاں گیسٹ ہاؤس کی عمارت میں رونق افروز ہوئے اور نیچے کی منزل میں کمروں کا معائنہ فرمانے کے بعد سوا بارہ بجے کے کچھ بعد عقبی باغیچے میں تشریف لے گئے۔ دوران معائنہ حضور انور محترم صدر صاحب انصار اللہ سے مختلف امور کے متعلق استفسار فرماتے رہے نیز بعض امورکی طرف توجہ دلائی۔
معائنہ کے دوران حضور انورکی فراست کی ایک مثال اس طرح دیکھنے کو ملی کہ حضورِانور نے گیسٹ ہاؤس کی تزئین و آرائش کو پسند فرماتے ہوئے فرمایا کہ لگتا ہے کہ اس تزئین و آرائش میں کسی خاتون کا کچھ حصہ ہے۔ بعد میں حضورانور کے استفسار پر قائد صاحب عمومی نے بتایا کہ ان کی اہلیہ کو بھی گیسٹ ہاؤس کی تزئین و آرائش کے لیے متعدد مرتبہ یہاں آنے اوراشیاء کی خریداری وغیرہ میں معاونت کی توفیق ملی ہے۔
بعد ازاں حضور انور نے عمارت کی دوسری منزل کا معائنہ فرمایا۔ حضورِ انور نے محترم صدر صاحب مجلس انصاراللہ کو ہدایت دی کہ ہر کمرے میں ٹیلیویژن اور سلیپرز وغیرہ رکھے جائیں۔ نیز ازراہِ شفقت اس امر پر خوشنودی کا اظہار فرمایا کہ اب یہاں بھی مہمان قیام پذیر ہونا شروع ہو سکیں گے۔
12 بج کر 24 منٹ پر حضور انور گیسٹ ہاؤس کے لاؤنج میں تشریف لے گئے جہاں مجلس انصار اللہ کی طرف سے حضورانور کی خدمتِ اقدس میں ریفریشمنٹ پیش کی گئی۔ ملحقہ کچن ڈائننگ میں دیگر ممبران قافلہ و مہمانانِ گرامی کے لیے بھی ریفریشمنٹ کا انتظام تھا۔ اس پُر مسرت موقع پر مہمانوں کی سبزچائے،سموسوں،مچھلی اور دیگر لوازمات سے تواضع کی گئی۔ مکرم مظفر حسین صاحب ایڈیشنل قائد ایثار نے دیگر انصار بھائیوں کے ساتھ مل کر تمام ریفریشمنٹ تیار کی۔
حضورِ انور معائنہ مکمل فرما کر بارہ بجکر اڑتالیس منٹ پر گیسٹ ہاؤس سے نکل کر گاڑی میں رونق افروز ہوئے اور بارہ بجکر پچاس منٹ پر قافلہ اسلام آباد کے لیے روانہ ہوکر کچھ دیر بعد بخیر و عافیت اسلام آباد پہنچ گیا۔ الحمدللہ
گیسٹ ہاؤس کی تفصیلات
اس گیسٹ ہاؤس کے سامنے والے حصے میں موجود عمارت میں 6بیڈرومز، 4 باتھ رومز، سٹنگ روم اور کچن ڈائننگ وغیرہ موجود ہیں۔ ایک وقت میں یہاں 18؍افراد کی رہائش کا بسہولت انتظام کیا جا سکتا ہے۔ جبکہ گیسٹ ہاؤس کے عقبی حصے میں ایک بیڈ روم، ایک آفس (جو سرِ دست سٹور کا کام دے رہا ہے) ایک کمرہ برائے ادائیگی نماز اور ایک بڑا کمرہ بطور دفتر قیادت عمومی مجلس انصاراللہ برطانیہ موجود ہے۔ عمارت میں جدید cctv سسٹم کے ساتھ سیکیورٹی کا انتظام کیا گیا ہے۔ اسی طرح مقامی انتظامیہ کی اجازت سے عمارت کے عقب میں 4×8 میٹر کا ایک سٹور تعمیر کرنے کا ارادہ ہے۔
اس گیسٹ ہاؤس سے مقامی ریجن اپنے اجلاسات و میٹنگز وغیرہ کے لیے استفادہ کر سکے گا نیز مہمان بھی اس میں قیام پذیر ہو سکیں گے۔حضورِ انور کے افتتاح کے بعد اس کا باقاعدہ استعمال شروع کردیا گیا ہے۔ الحمدللہ
محترم صدر صاحب مجلس انصاراللہ نے نمائندہ الفضل انٹرنیشنل کو بتایا کہ مجلس انصار اللہ برطانیہ 2017ء سے لندن کے ریجنز وغیرہ کی ضروریات کے پیشِ نظر ایک پراپرٹی خریدنے کی کوشش میں تھی اور خیال تھا کہ لندن میں ہی پراپرٹی خرید کر لی جائے۔ ایک پراپرٹی مچم لندن میں ’بیت الاحسان‘ کے قریب زیرِ غور آئی، حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ازراہِ شفقت اس کی خرید کی اجازت بھی مرحمت فرما دی لیکن ہمارے خریدنے سے پہلے اسے کسی اور نے خرید لیا۔ چھ ماہ بعد وہی پراپرٹی دوبارہ فروخت کے لیے مارکیٹ میں آئی تو خاکسار حضورِانور کی خدمتِ اقدس میں اس کی خرید کی بابت راہنمائی حاصل کرنے کی غرض سے حاضر ہوا۔ حضرت صاحب نے فرمایا کہ یہاں پراپرٹی لینے کا کوئی فائدہ نہیں۔ اس کے بعد ہم مزید پراپرٹیز بھی دیکھتے رہے۔
اپریل 2019ء میں جب حضورِانوراسلام آباد تشریف لے گئے تو ہمارے ذہن میں یہ خیال آیا کہ جس طرح مسجد فضل کے سامنے واقع ’سرائے انصار‘ کی وجہ سے مجلس انصاراللہ کو مہمانوں اور انصار بھائیوں کی خدمت کرنے کا موقع ملتا رہا ہے اسی طرح اسلام آباد کے پاس بھی انصاراللہ کا گیسٹ ہاؤس ہونا چاہیے۔ چنانچہ اس علاقے میں پراپرٹی کی تلاش شروع کی گئی۔ ہمیں ایک ڈبل سٹوری پراپرٹی کی بابت بتایا گیا جو کسی زمانے میں Bed & Breakfast رہی تھی اور کچھ عرصہ قبل بطور کیئر ہوم استعمال ہوتی رہی۔ یہ عمارت کافی تعداد میں کمروں پر مشتمل تھی جبکہ اس کے باتھ رومز کچھ کم تھے۔ ایکسٹینشن بھی موجود تھی، باغیچہ خاصا مناسب تھا، ساتھ میں ایک اچھے سائز کا خالی پلاٹ بھی تھا لیکن اس کو رینوویشن کی ضرورت تھی۔ بہر کیف خاکسار حضورِ انور کی خدمت میں نقشے وغیرہ لے کر حاضرہوا تو حضور نے پہلا سوال یہ پوچھا کہ اسے خریدنے کے لیے انصاراللہ کے پاس رقم ہے؟ میں نے عرض کیا کہ حضور کچھ رقم ہے، باقی قرض لینی پڑے گی۔ حضورِ انور نے ازراہِ شفقت 4؍مئی 2019ء کو یہ گھر خریدنے کی اجازت مرحمت فرمائی۔ چنانچہ اس مکان کا سودا ساڑھے سات لاکھ پاؤنڈز میں ہوا جس میں سے اڑھائی لاکھ ہم نے یکمشت ادا کر دیے جبکہ بقیہ پانچ لاکھ حسبِ دستور بینک سے قرض کا انتظام کیا گیا اور دسمبر 2019ء میں مکان مجلس انصاراللہ کے نام ہو گیا۔
محترم صدر صاحب نے ایک ایمان افروز بات بتائی کہ حضورِ انور نے جب قرض کی تفصیلات پوچھیں تو استفسار فرمایا کہ انصار سے گیسٹ ہاؤس کی خرید کے لیے اپیل کرو گے؟ خاکسار نے عرض کیا کہ نہیں حضور، ان شاء اللہ بچت سے قرض ادا کردیں گے۔ فرمایا کہ قرض دو سال میں واپس کر دوگے؟ خاکسار نے عرض کیا کہ اگر حضور اجازت عطا فرماویں تو یہ قرض پانچ سال میں چکانے کا ارادہ ہے۔ چنانچہ حضورِ انور نے فرمایا ٹھیک ہے۔
محترم صدر صاحب نے بتایا کہ حضورِ انور نے جب فرمایا تھا کہ انصاراللہ دو سال میں یہ قرض ادا کر دے گی ؟ تو اس کے کوئی آثار نہ تھےاور جیسا کہ ذکر کیا گیا ہے ارادہ بھی یہی تھا کہ یہ قرض پانچ سال میں ادا کیا جائے گا لیکن اللہ تعالیٰ نے اپنے پیارے امام کے مبارک منہ سے نکلے ہوئے الفاظ کی ایسے لاج رکھی کہ کورونا کی وجہ سے جہاں بہت سارے نقصانات ہوئے وہاں ایک فائدہ مجلس انصاراللہ کو یہ ہوا کہ ہمارے تمام چھوٹے، بڑے پروگرامز بشمول اجتماعات وغیرہ آن لائن منعقد ہونے کی وجہ سے ہمارے پاس اتنی گنجائش پیدا ہو گئی کہ حضورِ انور کی اجازت کے ساتھ پورے دو سال کے اندر اندر مجلس انصاراللہ نے اس مکان کا قرض ادا کر دیا۔ فالحمد للہ علیٰ ذالک۔
’’سرائے ناصر‘‘
گیسٹ ہاؤس کے نام کی بابت محترم صدر صاحب نے بتایا کہ حضورِ انور کی خدمت میں ایک خط میں اس کا نام عطا فرمانے کی درخواست کی گئی تو حضورپُرنور نے ازراہِ شفقت20؍مارچ2020ءکو اس کا نام ’’سرائے ناصر‘‘ عطا فرمایا۔
تزئین و آرائش
اب اس مکان کی تعمیرنَو و تزئین و آرائش کا مرحلہ تھا۔ ہم نے رینوویشن شروع کی تو حضورِ انور ازراہِ شفقت اس کی بابت تازہ صورت حال وغیرہ معلوم فرماتے رہتے۔ حضورِ انور نے یہ بھی پوچھا کہ اس کی رینوویشن میں کتنا خرچ آ جائے گا جس پر عرض کیا گیا کہ اندازاً ایک لاکھ پاؤنڈز میں یہ تیار ہو جائے گا۔
اس پر عمارتی کام مارچ2020ء میں مکمل کر دیا گیا تاہم اس کے بعد کورونا کی وجہ سے لاک ڈاؤن ہو گیا جس کے باعث اس گیسٹ ہاؤس کا افتتاح نہ ہو سکا۔
محترم صدر صاحب مجلس نے بتایا کہ اس گیسٹ ہاؤس کا مسقف حصہ3100؍مربع فٹ ہے جبکہ کُل رقبہ0.38؍ایکڑپر مشتمل ہے۔اس کے دو حصے ہیں، عقبی جانب ایکسٹینشن بنی ہوئی ہے۔ حضورِ انور کی خدمت میں جب اس مکان کا پلان پیش کیا گیا تو حضورِ انور نے ارشاد فرمایا کہ یہاں صدر انصاراللہ کا دفتر بھی ہونا چاہیے۔ چنانچہ اس مکان کے اگلے حصے کو گیسٹ ہاؤس جبکہ عقبی حصہ کو بطور دفتر صدر و قائد عمومی مجلس انصاراللہ نیز ایک کمرہ برائے نماز مختص کر دیا گیا۔
محترم صدر صاحب نے مزید بتایا کہ اس مکان میں ڈبل لافٹ موجود ہے اور کسی آنے والے وقت میں اس لافٹ کے اندر چھ سات کمرے یا ایک بڑا ہال حسبِ ضرورت تعمیر کیا جا سکتا ہے۔
اس گیسٹ ہاؤس کی خرید ، تعمیرِنَو اور تزئین و آرائش وغیرہ کاموں کے لیے جن احباب نے انتہائی اخلاص اور محنت کے ساتھ اپنے وقت کی قربانی دیتے ہوئے بہت محنت کے ساتھ بے لوث خدمات سرانجام دیں ان میں محترم چودھری کلیم انجم صاحب، محترم محمد محمود خان صاحب قائد عمومی اور محترم چودھری شہباز احمد صاحب شامل ہیں۔
محترم صدر صاحب نے بتایا کہ مسجد فضل لندن کے سامنے گریسن ہال روڈ پر موجود سرائے انصار گیسٹ ہاؤس میں دفتر کے علاوہ صرف دو کمرے زیادہ سے زیادہ چھ مہمانوں کو ٹھہرانے کے کام آسکتے ہیں لیکن اللہ تعالیٰ نے اپنے فضل سے مجلس کو ایک وسیع گیسٹ ہاؤس عطا فرمایا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ محترم چودھری شہباز احمد صاحب اس گیسٹ ہاؤس کے پہلے نگران (کیئرٹیکر) کی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔ آپ نے اپنی خدمات محض للہ اعزازی طور پر پیش کی ہیں۔
ایم ٹی اے انٹرنیشنل، ہفت روزہ الحکم(انگریزی) اور الفضل انٹرنیشنل کی ٹیموںنے اس بابرکت پروگرام کی کوریج کی توفیق پائی۔ اسی طرح تصاویر کے لیے مخزن تصاویر کی ٹیم بھی موجود تھی جبکہ انصار اللہ کی طرف سے بھی فوٹوگرافی کا انتظام تھا۔
ادارہ الفضل انٹرنیشنل امیرالمومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ الودود بنصرہ العزیز، محترم صدر صاحب مجلس انصاراللہ نیز برطانیہ بھر کے ممبران مجلس انصاراللہ کی خدمت میں اس پُر مسرّت موقع پر مبارکباد پیش کرتا ہے نیز دعا گو ہے کہ اللہ تعالیٰ اس گیسٹ ہاؤس کے قیام کو بابرکت فرمائے اور اسے انصاراللہ برطانیہ کی مزید ترقیات کا پیش خیمہ بنائے۔ آمین
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
خدا تعالیٰ کے فضلوں کے سائے میں اور خلافت احمدیہ کی بابرکت قیادت میں جماعت احمدیہ ترقی کی نئی اور بلند منازل کی طرف رواں دواں ہے۔ اورعالم احمدیت ’’وسع مکانک‘‘ کے الہام کی سچائی اور اس کے پورے ہونے کے نت نئے نظارے دیکھتا ہے۔ ادارہ الٖضل انٹرنیشنل کے تمام کارکنان ہمارے دلی شکریہ کے مستحق ہیں ، جنہوں نے بڑی مستعدی کے ساتھ انتہائی خوبصور ت الفاظ میں اس افتتاحی تقریب کی خبر ہم تک پہنچائی، اورجو ہر ہفتےحضرت خلیفۃ المسیح ایدہ اللہ تعالیٰ بنصر العزیز کی مصروفیات سے افراد جماعت کو آگاہ رکھتے ہیں۔
اَللّٰھُمَّ اَیِّدْ اِمَامَنَا بِرُوْحِ الْقُدُسِ وَ کُنْ مَعَہٗ حَیْثُ مَا کَانَ وَانْصُرْہُ نَصْرًا عَزِیْزًا