مونٹی نیگرو (Montenegro) میں تبلیغ اسلام
اللہ تعالیٰ کی زمین میں ملک Montenegro جنوب مشرقی یورپ میں واقع ہےاور بالقان کا حصہ ہے۔ اس ملک کے ساتھ بوسنیا، کوسووو، البانیہ اور کروشیا کی سرحدیں لگتی ہیں۔ جبکہ Adriatic Sea بھی اس کو لگتا ہے۔ اس کے دارالحکومت کوPodgorica کے نام سے پکارا جاتا ہے۔ اس میں سربین، بوسنین، کروشین اور البانین زبانین بولی جاتی ہیں۔ یہاں 75 فی صد عیسائی اور 20فی صدکے قریب مسلمان بودوباش رکھتے ہیں۔
مارچ 2022ء میں حضرت خلیفۃالمسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصر ہ العزیز کا ارشاد بذریعہ مکرم نیشنل امیر صاحب جرمنی موصول ہوا کہ اس ملک میں جماعت کے قیام اور رجسٹریشن وغیرہ کے کاموں کے لیے گاہے گاہے دورہ جات کیے جائیں۔ اس سلسلہ میں مکرم نیشنل امیر صاحب جرمنی سے مورخہ 26؍مارچ 2022ء کو ایک میٹنگ ہوئی جس میں مکرم حافظ فرید احمد خالد صاحب نیشنل سیکرٹری تبلیغ جرمنی و نگران بیرون ممالک بھی شامل تھے۔ اس میٹنگ میں مونٹی نیگروجانے کا پروگرام ترتیب دیا گیا۔ اس سفر میں کامیابی کے لیے پیارے حضوراقدس ایدہ اللہ تعالیٰ کی خدمت اقدس میں دعائیہ خطوط ارسال کیے گئے۔ چنانچہ مورخہ 11 مئی کو فرانکفورٹ سے بوسنیا کے دارالحکومت سراجیوو کی جانب خاکسار کی روانگی ہوئی۔
مورخہ 13 مئی کو نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد ہم بوسنیا کے مشن ہاؤس سے ایک وفد کی صورت میں Montenegro کی جانب بذریعہ کار روانہ ہوئے۔ خاکسار کے ہمراہ مبلغ سلسلہ بوسنیا مکرم مفیظ الرحمان صاحب، فریدصاحب سیکرٹری تبلیغ بوسنیا، فواد صاحب ایک بوسنین نو مبائع اور ایک زیر تبلیغ دوست تھے۔
Montenegro میں قیام کے دوران دو زیر تبلیغ فیملیز اور17 مختلف مکاتبِ فکر کےدوستوں سے ملاقات ہوئی۔ 15؍مئی کی شام کو Montenegro کے دارالحکومت میں ایک تعارفی میٹنگ ہوئی جس میں اس شہر کے میئر کی کابینہ کے ایک ممبر کے علاوہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے اشخاص سےملاقات ہوئی۔ ایک نوجوان جو کہ پولیس اکیڈمی میں کام کرتا ہے وہ بھی اس میٹنگ میں شامل تھے موصوف نے ہی خاکسار کی گفت و شنید کی ترجمانی انگلش میں کی۔ شاملین کی تعداد 12تھی۔ اللہ تعالیٰ نے یہاں پر جماعت کا تعارف کروانے کا مو قع عطا کیا۔ یہ پروگرام دو گھنٹے تک جاری رہا۔ کھانے کی میزبانی جماعت احمدیہ کی طرف سے تھی۔ اس میٹنگ کا انعقاد کرنے میں زیادہ کاوش مبلغ سلسلہ وسیکرٹری صاحب تبلیغ بوسنیا نے کی۔
اس دورہ کے دوران مکرم صمد غوری صاحب مبلغ سلسلہ البانیہ سے تشریف لائے اور ان کے ذریعہ بھی اگلے دن ایک زیر تبلیغ البانین فیملی اور ایک دوست سے ملاقات ہوئی۔ اس موقع پر جرمنی سے نیشنل سیکرٹری صاحب تبلیغ اور مکرم شاہد کلیم صاحب بھی تشریف لائے اور جماعت کی رجسٹریشن کے سلسلہ میں وہاں پر ایک وکیل سے اجتماعی ملاقات کرکےتفصیلی گفتگو ہوئی۔ رجسٹریشن کے حوالے سے چند ضروری کاغذات بھی مکمل کرکے ان کے حوالے کیے گئے۔ اس کام میں مکرم نیشنل سیکرٹری صاحب تبلیغ جرمنی کی مشاورت و معاونت شامل حال رہی۔ اللہ تعالیٰ ان تمام احباب کو جزائے خیر سے نوازے جنہوں نے اس دورہ کو کامیاب کرنے میں خاکسار کی معاونت کی۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس ملک میں بھی ہمیں احمدیت کا پیغام جلد از جلد پھیلانے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ: جاوید اقبال ناصر۔ مربی سلسلہ جرمنی)