احمدیہ انٹرنیشنل گیمز کینیڈا 2022ء
مجلس خدام الاحمدیہ کینیڈا کے زیراہتمام 26؍جون تا یکم جولائی 2022ء کو پہلی ’’احمدیہ انٹرنیشنل گیمز‘‘ کا انعقاد کیا گیا۔ 25 مختلف کھیلوں میں کینیڈا کے علاوہ بِیلیز، فِن لینڈ، گوئٹے مالا، ہنڈرس، ریاست ہائے متحدہ امریکہ اور برطانیہ کے ایک ہزار سے زائد خدام نے حصہ لیا جبکہ 700 سے زائد خدام نے ان کھیلوں کو کامیاب بنانے کے لیے مختلف ذمہ داریاں نبھائیں۔
افتتاحی تقریب 26 جون 2022ء بروز اتوار منعقد ہوئی جس کے آغاز میں مجلس خدام الاحمدیہ کا عَلم لہرا کر کیا گیا۔ اس تقریب کے مہانِ خصوصی مکرم ملک لال خاں صاحب امیرجماعت کینیڈا تھے۔ جبکہ مقامی کونسلر اور صوبہ اونٹاریو کے وزیرِ تعلیم نے بھی شرکت کی۔
منگل کی رات ایک خاص پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں خدام اور اطفال bonfire کے گرد اکٹھے بیٹھے اور خلافت احمدیہ کے ساتھ اپنے اپنے ایمان افروز واقعات سنائے۔ اس موقع پر BBQ اور کشمیری چائے کا انتظام کیا گیا،جسے بہت پسند کیا گیا۔ اس پروگرام کی کامیابی کے بعد اسی طرح کا ایک اور پروگرام بروز جمعرات مکرم امیر جماعت کینیڈا کے ساتھ بھی منعقد کیا گیا جس میں خدام اور اطفال کو امیر صاحب کے علاوہ مربیان کرام کے ایک پینل سے سوال و جواب کا موقع دیا گیا۔ ان دونوں مواقع پر، ہر یک پروگرام میں تقریباً 500 خدام اور اطفال نے شرکت کی۔
پہلی احمدیہ انٹرنیشنل گیمز میں مندرجہ ذیل کھیلوں کو شامل کیا گیا۔ کرکٹ، فٹ بال، ہاکی، باسکٹ بال، والی بال، تیراندازنی، رسہ کشی، تیراکی، بیڈمنٹن، ٹینس، ٹیبل ٹینس، اسکوائش، فلیگ فٹ بال، بیس بال، گولہ پھینکنا، نیزہ پھینکنا، 100 میٹر ریس، 400 میٹر ریس، ریلے ریس، لانگ جمپ، مضبوط خادم، نشانہ بازی، گولف، سائیکلنگ اور کبڈی۔
اختتامی تقریب جمعہ کی شام کو منعقد کی گئی ۔ مکرم امیر صاحب کینیڈا نے جیتنے والی ٹیموں اور کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔
ٹورنامنٹ میں مختلف ریجنز سے شامل ہونے والے خدام اور ناظمین اور معاونین کے لیے، مکرم امیر صاحب اور مکرم مشنری انچارج صاحب کے ساتھ ایک عشائیہ کا بھی انتظام کیا گیا جس میں جماعتی نیشنل مجلس عاملہ ممبران، انصار اللہ نیشنل مجلس عاملہ ممبران ،MTA کے ممبران، واقفین زندگی، مربیان کرام اور اساتذہ جامعہ احمدیہ کینیڈا کو بھی دعوت دی گئی۔
مجلس خدام الاحمدیہ کینیڈا سٹوڈیوز کے تحت تین پروگراموں کو براہ راست یوٹیوب پر دیکھایا گیا جبکہ یوٹیوب پر 20 وڈیوز اَپ لوڈ کی گئیں جن کو نوہزار سے زائد بار دیکھا جاچکا ہے۔
ٹی وی چینل ’’سی ٹی وی نیوز‘‘ نے اس ٹورنامنٹ کے بارہ میں ویڈیو رپورٹ نشر کی جبکہ اخبارات ’’ٹورانٹو اسٹار‘‘ اور ’’وان سیٹزن‘‘ نے اس کے بارہ خبریں شائع کیں۔
مختلف ممالک سے آئے ان کھلاڑیوں کا آپس میں دوستانہ روابط کا آغاز ہوا ہے اور اللہ کرے کہ یہ تعلق خلافتِ احمدیہ مسلمہ کے زیرسایہ ہمیشہ مضبوط تر ہوتا رہے۔ آمین