بشکرتستان رشیا میں عید الاضحیہ
رشیا میں اس سال عیدالاضحیہ مورخہ 09؍جولائی 2022ء بروز ہفتہ منائی گئی۔ امسال بھی محض خدا تعالیٰ کے فضل اور حضور انور کی دعاؤں سے خاکسار کو بشکرتستان، رشیا کے ایک گاؤں کی ایک مسجدمیں مسلسل تیسری دفعہ غیراز جماعت افراد کو عیدالاضحیہ پڑھانے کی توفیق ملی۔ الحمد للہ علیٰ ذالک۔
یہ گاؤں ’’اوفا‘‘ شہرسے ایک سوکلومیٹر کے فاصلہ پرواقع ہے۔ اس گاؤں میں تاتاری مسلمان آباد ہیں۔ یہ مسجد ایک زیر رابطہ دوست مکرم رفیق انوارووچ صاحب نے ذاتی خرچ پر تعمیر کروائی ہے۔ خطبہ عیدمیں سیدنا حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہِ العزیز کے گذشتہ سال کے خطبہ عیدالاضحی سے اقتباسات رشین زبان میں پیش کیے گئے۔ اسی طرح ان کا ترجمہ تاتاری زبان میں کیاگیا۔ اس خطبہ عیدکاترجمہ مکرم الدارشمس الدینوو صاحب معلم سلسلہ تاتارستان سے قبل ازوقت کروالیا گیا تھا۔ فجزاہ اللہ احسن لجزاء۔
عید کےپہلے روز سنتِ ابراہیمی کی پیروی میں گاؤں میں ایک بیل قربان کرنے کی توفیق بھی ملی اور دوسرے دن دنبوں کی قربانی کی گئی اوران کاگوشت گاؤں میں تقسیم کیا گیا۔ اس کے علاوہ اوفاشہر اور اس کے مضافات میں زیر رابطہ لوگوں میں بھی گوشت تقسیم کیا گیا۔ اسی طرح چند دوستوں کو جماعت کا رشین میں ترجمہ کردہ قرآن کریم تحفتاً پیش کیا گیا۔ الحمد للہ علیٰ ذٰلک۔
عید کے ان ایام میں غیر از جماعت مسلمان احباب کو قربانی کرنے کی توفیق ملی۔ رشیاکی اس ریاست میں بشکیری اور تاتاری مسلمان قومیں آباد ہیں۔ موجودہ رشیا کے حالات کے پیش نظر یہ محض خداکافضل واحسان ہے کہ اس نے یہ مواقع پیداکیے۔ اللہ تعالیٰ کے حضور دعا ہے کہ وہ اپنے فضل سے یہ مساجد اسلام احمدیت کو عطا فرمائے اور ان مساجد کو غلامانِ مسیح موعودؑ سے بھر دے۔آمین۔ اور اللہ تعالیٰ تمام مبلغین احمدیت کے لیے آسانیاں پیدافرمائے، تبلیغ کے مزید راستے کھولے، تمام مشکلات دور فرمائے اورحضورانورایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہِ العزیز کے ارشادات کے مطابق خدمت کی توفیق دیتا چلا جائے۔ آمین