ریجنل اجتماع مجلس انصار اللہ ایلڈوریٹ، کینیا
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مورخہ 5و6؍نومبر بروز ہفتہ و اتوار مجلس انصار اللہ کینیا کو ایلڈوریٹ ریجن (رفٹ ویلی اے) کا سالانہ ریجنل اجتماع ایلڈوریٹ مسجد و مشن ہاؤس میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمد للہ علیٰ ذٰلک۔ اجتماع میں شرکت کے لیے انصار کی آمد کا سلسلہ 5؍نومبر کی صبح شروع ہو گیا تھا۔ مختلف مجالس سے تشریف لانے والے انصار کی رجسٹریشن کے بعد انصار کو ناشتہ پیش کیا گیا۔
نیروبی ہیڈ کوارٹرز سے مکرم عبد العزیز گاکوریا صاحب صدر مجلس انصاراللہ کینیا اور مکرم شیخ سمیر احمد صاحب قائدتربیت انصار اللہ کینیا تشریف لائے۔ ڈیڑھ بجے بعد نماز ظہر مکرم صدر صاحب مجلس انصاراللہ کینیا کی زیر صدارت اجتماع کا افتتاحی اجلاس شروع ہوا۔ مکرم آدم توبئی صاحب نے تلاوت قرآن کریم کی اور متلو آیات کا سواحیلی ترجمہ پیش کیا جس کے بعد مکرم رشید الوانزے صاحب زعیم اعلیٰ ریجن ہذا نے انصارکا عہد دہرایا۔ پھر مکرم یوسف حاجی صاحب نے آنحضور صلی اللہ علیہ وسلم کی خد مت میں ہدیہ نعت بزبان سواحیلی پیش کیا۔ بعدہ مکرم صالح سلمان صاحب زعیم مجلس انصاراللہ ایلڈوریٹ نے ’’حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی آمد‘‘ کے موضوع پر سواحیلی میں تقریر کی جس کے بعد مکرم یحییٰ شمسی صاحب زعیم انصاراللہ کپسابٹ مجلس نے ’’انفاق فی سبیل اللہ کی اہمیت‘‘ کے موضوع پر انگریزی میں تقریر کی۔ پھر اسی موضوع پر مکرم حسن اسوا صاحب زعیم انصاراللہ مکوٹانو مجلس نے سواحیلی میں تقریر کی جس کے بعد کھانے اور علمی و جسمانی مقابلہ جات کے لیے وقفہ ہوا۔
کھانے کے بعد مکرم سمیر احمدشیخ صاحب قائد تربیت کی زیر نگرانی علمی و ورزشی مقابلہ جات ہوئے۔
ساڑھے پانچ بجے شام اجتماع کا دوسرا اجلاس مکرم صدر مجلس انصاراللہ کینیا کی ہی صدارت میں منعقد ہوا۔ تلاوت کلام پاک مکرم صالح سلمان صاحب نے کی جس کے بعد مکرم صدر صاحب کی اقتدا میں انصار نے اپنا عہد دہرایا۔ پھر مکرم آدم توبئی صاحب نے نظم پیش کی جس کے بعد خاکسار (مربی سلسلہ) نے علمی و ورزشی مقابلہ جات میں پوزیشن لینے والے انصار بھائیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ بعدہ مکرم صدر صاحب مجلس انصار اللہ نے تقریر کی اور خاکسار نے دعا کروائی۔ نماز مغرب و عشاء کی ادائیگی کے بعد رات کو کھانا پیش کیا گیا۔
اجتماع کے دوسرے دن کے پروگرام کا آغاز نماز تہجد سے ہوا۔ مکرم معلم آدم توبئی صاحب نے نماز تہجد و نماز فجر پڑھائی اور معلم عثمان چموئی صاحب نےدرس قرآن دیا جس کے بعد اجتماع کی تیاری اور ناشتے کے لیے وقفہ ہوا۔
آٹھ بجے صبح سے لیکر دس بجے تک مکر م صالح سلماں صاحب (ریٹایرڈ معلم) اور مکرم معلم آدم توبئی صاحب کی زیر نگرنی تربیتی کلاس منعقد کی گئی جس کے بعد پروگرام کے مطابق زوم پر قرآن کلاس ہونی تھی جو رابطہ نہ ہو سکنے کی وجہ سے نہ ہو سکی۔ چنانچہ خاکسار نے دس سے بارہ بجے تک قرآن کلاس کے علاوہ مجلس سوال و جواب منعقد کی جس کے بعد مکرم زعیم اعلیٰ صاحب نے ریجن کے زعماء سے میٹنگ کی۔ ڈیڑھ بجے خاکسار نے انصار بھائیوں سے الوداعی کلمات کہنے اور ان کی تشریف آوری پر ان کا شکریہ ادا کرنے کے بعد اختتامی دعا کروائی، جس کے بعد نماز ظہر و عصر ادا کی گئیں اور دوپہر کا کھانا پیش کیا گیا۔
ریجنل اجتماع بفضل خدا بخیروعافیت اختتام پزیر ہوا۔ الحمد للہ۔ اس اجتماع میں آٹھ مجالس کے اکیس انصار نے شرکت کی۔ فجزاھم اللہ احسن الجزاء