جامعۃ المبشرین گھانا میں تعلیمی، تربیتی و ورزشی سرگرمیاں
نعتیہ محفل
مکرم رضوان کوثر صاحب استاذ جامعۃ المبشرین گھانا لکھتے ہیں کہ جامعۃ المبشرین گھانا میں مجلس ارشاد کے تحت مورخہ 8؍نومبر 2022ء کو نعتیہ محفل کا انعقاد کیا گیا۔ یہ محفل بعد نماز عصر جامعہ کے ہال میں ہوئی۔ اس کے مہمان خصوصی جامعہ کے مدرس مکرم مولوی الحسن الحسن احمد صاحب تھے۔ اس محفل کا مقصد طلبہ کے دلوں میں آنحضرتﷺ کی محبت پیدا کرنا ہے۔ اس محفل میں حضرت محمدﷺ کے اعلیٰ اخلاق اور اعلیٰ مقام کا ذکر کیا جاتا ہے۔
پروگرام کا آغاز تلاوت سے ہوا جو گھانا سے تعلق رکھنے والے طالب علم عزیزم حکیم کمال الدین صاحب نے کی۔ اس کے بعد گھانا کے عزیزم ایسیاؤ حکیم صاحب نے ایک حدیث پیش کی۔ مڈگاسکر سے تعلق رکھنے والے طالب علم عزیزم حمید تقی صاحب نے اپنی مترنم آواز میں اردو نظم ’’زندگی بخش جامِ احمدؐ ہے‘‘ کے چند اشعار پڑھے۔
اس کے بعد عزیزم الحسن باہ صاحب آف گیمبیا نے اقتباس حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام پیش کیا۔ حضرت خلیفۃ المسیح الاول رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور حضرت خلیفۃ المسیح الثانی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے اقتباسات عزیزم اینوسا کمال الدین صاحب (گھانا ) اور عزیزم نورم اسحاق (ٹوگو) نے پڑھ کر سنائے۔
اس کے بعد ایک نعت ہوئی جسے پیش کرنے کی سعادت عزیزم ابراہیم دانی اور ان کے ساتھیوں کو ملی۔ یہ Malagasyزبان میں گروپ کی صورت پیش کی گئی۔ اس کے بعد آنحضرتﷺ کی مدح میں حضرت خلیفۃ المسیح الثالث رحمہ اللہ تعالیٰ اور حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ تعالیٰ کے بیان فرمودہ اقتباسات پیش کیے گئے۔ پیش کرنے والے طلبہ عزیزم عیسیٰ عبد الکریم(گھانا) اور عزیزم ماوے عبداللہ محمدایسوے(ٹوگو) تھے۔ آخری اقتباس حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا تھا جو عزیزم ہارون جالو(گیمبیا) نے پیش کیا۔ بعد ازاں گھانا کے عزیزم اوسئی یوسف نور الدین صاحب اور ان کے ساتھیوں نے لوکل زبان میں بڑی خوش الحانی سے نعت پڑھی۔
آخر پر مہمان خصوصی صاحب نے سیرت النبیﷺ پر روشنی ڈالی اور طلبہ کو اس حوالے سے نصائح کیں اور دعا کے ساتھ پروگرام کا اختتام کیا۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ ہم سب کو آنحضرت ﷺ کی محبت عطا فرمائے اور آپ کی سیرت طیبہ پر عمل کرنے کی توفیق دے۔ آمین
سیمینار بعنوان ’’وقف کی اہمیت‘‘
جامعہ میں طلبہ کے دلوں میں وقف کی اہمیت اور افادیت اجاگر کرنے کے لیے سیمینار کروائے جاتے ہیں۔ ان میں واقفین زندگی بالخصوص سرکٹ مبلغین کو مدعو کیا جاتا ہے۔
مورخہ 16؍نومبر 2022ء بروز بدھ بعد نماز عصر جامعہ کے ہال میں سیمینار بعنوان ’’وقف کی اہمیت‘‘ منعقد کیا گیا۔ اس سیمینار کے مہمان خصوصی مکرم عیسیٰ آدم صاحب تھے جو ایسیام میں معلم سلسلہ کے طور پر خدمات بجا لارہے ہیں۔ سیمینار کا آغاز تلاوت قرآنِ کریم سے ہوا جو عزیزم ماوے محمدعبداللہ صاحب نے کی۔ ان کا تعلق ٹوگو سے ہے۔ عزیزم عبد العزیز باہ صاحب نے جو سینیگال سے ہیں حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ کا پاکیزہ منظوم کلام ’’کروجان قربان راہ خدا میں‘‘ مترنم آواز میں پڑھ کر سنایا۔ مکرم عیسیٰ آدم صاحب نے ذاتی تجربات کی روشنی میں وقف کی اہمیت و برکات کے حوالے سے طلبہ کو نصائح کیں اور سوالات کے جواب دیے۔ دعا کے ساتھ سیمینار کا اختتا م ہوا۔
مقابلہ تقریر بزبان انگریزی
مورخہ 29؍نومبر 2022ء بعد نماز عصر جامعہ ہال میں مقابلہ تقریر بزبان انگریزی منعقد کیا گیا۔ جامعہ میں طلبہ کے چار تعلیمی گروپس ہیں۔ صداقت، دیانت، امانت اور شجاعت۔ ہر گروپ سے تین تین طلبہ نے حصہ لیا۔ ہر ایک طالب علم کو مندرجہ ذیل مقررہ عناوین پر چار منٹ کے لیے تقریر کرنا تھی:
1۔آنحضورﷺ امن کے شہزادے
2۔صداقت حضرت مسیح موعودؑ
3۔ برکاتِ خلافت
منصفین میں جامعہ کےاساتذہ مکرم عبدالمجید علی صاحب معلم سلسلہ اور مکرم حافظ لبیب عبد اللہ صاحب شامل تھے۔ اس مقابلہ میں دیانت گروپ اول رہا، امانت گروپ دوم، صداقت سوم جبکہ شجاعت گروپ چہارم رہا۔ طلبہ میں عزیزم آدم اسماعیل اول، عزیزم یوسف اوسئی نور الدین دوم اور عزیزان عبد التواب اور عبد الرحمان نورالدین سوم رہے۔ اللہ تعالیٰ ان طلبہ کے لیے یہ اعزاز مبارک کرے۔ آمین
مقابلہ تیز پیدل چلنا
مکرم رانا بلال احمد قمر صاحب استاذ جامعۃ المبشرین گھانا لکھتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ 24؍نومبر 2022ء کو جامعۃالمبشرین گھانا کے شعبہ کھیل کے تحت تیز پیدل چلنے کے مقابلہ کا کامیاب انعقاد ہوا۔ یہ مقابلہ جامعہ کے فٹ بال کے میدان میں کروایا گیا۔ بعض طلبہ اور اساتذہ کو اس مقابلہ کے لیے مفوضہ ڈیوٹیاں سپرد کی گئیں۔ اس مقابلہ کے ناظم اعلیٰ مولوی بلال احمد قمرصاحب اور نائب ناظم اعلیٰ معلم عبد المجید صاحب تھے۔ ڈیوٹیوں میں میدان عمل کی تیاری، ریفریشمنٹ اور طلبہ اور اساتذہ کو کھانا فراہم کرنا، وقار عمل، ابتدائی طبی امداد، سمعی و بصری اور نتیجہ کی تیاری شامل ہیں۔ 23 طلبہ کو مختلف ڈیوٹیوں پر متعین کیا گیا جبکہ 60 طلبہ نے مقابلہ میں حصہ لیا۔ مقابلہ کا آغاز نماز ظہر وعصر کی ادائیگی کے بعد دعا سے ہوا جو نائب پرنسپل مکرم مبشر حسین شاہد صاحب مربی سلسلہ نے کروائی۔ طلبہ کو آٹھ گروپس میں تقسیم کیا گیا اور ہر گروپ کے لیے ایک نگران مقرر کیا گیا جو ہر چکر پر مقابلہ میں حصہ لینے والے طلبہ کی نمبر شماری کرتا تھا۔
مقابلہ کا دورانیہ دو گھنٹے تھا اور فٹ بال میدان کے کل 35 چکر لگانے تھے۔ مقابلہ میں حصہ لینے والے طلبہ کو مقابلہ کے دوران ریفریشمنٹ مہیا کی گئی۔ اللہ کے فضل سے مقابلہ میں حصہ لینے والے طلبہ میں سے ایک کے علاوہ باقی تمام طلبہ نے 35 چکر باعافیت مکمل کیے اور یہ تقریباً 10کلومیٹر کا فاصلہ بنتا ہے۔ انفرادی پوزیشنز مندرجہ ذیل رہیں:
اول : عبد اللہ کوبنا (گھانا) ، دوم: خالد جالو (گیمبیا)، سوم: ابوبکر ایمبکی (سینیگال)، چہارم: مختار جالو (سینیگال )، پنجم: ظفر اللہ خان (گھانا )، ششم: حمید تقی( مڈگاسکر)
مجموعی لحاظ سے اس مقابلہ میں دیانت گروپ پہلے، امانت گروپ دوسرے، صداقت گروپ تیسرے جبکہ شجاعت گروپ چوتھے نمبر پر رہا۔ الحمد للہ مقابلہ بخیر وخوبی انجام پایا۔ اللہ تعالیٰ ان سب اساتذہ اور طلبہ کو جزائے خیر دے جنہوں نے اس پروگرام کو کامیاب کرنے کے لیے بہت محنت کی۔ آمین
٭…٭…٭