تقریب تقسیم اسناد احمدیہ پری اینڈ پرائمری سکول موروگورو تنزانیہ
محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے احمدیہ سکول موروگورو تنزانیہ کو مورخہ ۷؍ستمبر ۲۰۲۳ء بروز جمعرات ساتویں جماعت کے طلبہ میں پرائمری تعلیم کی تکمیل پر تقریب تقسیم اسناد کے انعقاد کی توفیق ملی۔ قارئین کی خدمت میں مختصراً رپورٹ پیش ہے۔
۲۰۱۳ء میں احمدیہ Pre & Primaryسکول موروگورو کا باقاعدہ آغاز ہوا۔ چونکہ سکول جامعہ احمدیہ تنزانیہ سے ملحقہ احاطہ میں واقع ہے، لہٰذا جامعہ کی انتظامیہ کے سپرد اس سکول کے انتظامات کیے گئے۔ پرنسپل صاحب جامعہ اس سکول کے نگران ہیں اور جامعہ کے اساتذہ آپ کی معاونت میں بعض انتظامی امور سرانجام دے رہے ہیں۔ جامعہ ہال سے شروع ہونے والا پرائمری سکول بتدریج ترقیات کی منازل طے کرتے ہوئے، آج دس تدریسی کمروں، تین کمرہ جات پر مشتمل ایڈمن بلاک، بیوت الخلاء کی عمارت اور ایک کشادہ ’’مسرور ہال‘‘ کی صورت میں موجود ہے۔ ہیومینٹی فرسٹ، مقامی احمدی افراد اور مبلغین کے تعاون سے شروع ہونے والا یہ سکول علاقہ میں باقی جملہ پرائیویٹ سکولوں کی نسبت انتہائی کم فیس کے عوض معیاری تعلیم فراہم کر رہا ہے۔ تقریباً ۳۳ فیصد طلبہ کو فیس میں کمی کی سہولت بھی دی جا رہی ہے۔
ماہ ستمبر کے آخر میں ساتویں جماعت کے سالانہ سرکاری امتحانات شروع ہونے کو ہیں۔ امسال اس سکول سے ۲۱؍ طلبہ نے پرائمری تعلیم مکمل کی۔ یہ اس سکول کی تیسری کلاس ہے جو یہ سنگ میل طے کر رہی ہے اور مجموعی طور پر ۷۰؍ طلبہ و طالبات اس سکول سے فارغ التحصیل ہوچکے ہیں۔
مورخہ ۷؍ستمبر ۲۰۲۳ء کی صبح تلاوت قرآن سے باقاعدہ تقریب تقسیم انعامات شروع ہوئی۔ مکرم طاہر محمود چودھری صاحب (امیر و مشنری انچارج تنزانیہ) مہمان خصوصی تھے۔ طلبہ نے قومی ترانہ اور سکول کا ترانہ پیش کیا۔ بعد ازاں گریجویٹ طلبہ کی طرف سے مہمان خصوصی کی خدمت میں ایک تعارفی تقریر پیش کی گئی۔ جس کے بعد محترم امیر صاحب نے طلبہ میں اسناد تقسیم کیں اور اساتذہ، کارکنان اور مہمانان کو تحائف دیے۔ اس کے بعد طلبہ کو نصائح کیں۔ آپ نے طلبہ کو ملک و قوم کے لیے مفید وجود بننے اور اساتذہ کا احترام کرنے کی تلقین کی۔ آپ نے مزید بتایا کہ جماعت احمدیہ نہ صرف تنزانیہ میں بلکہ دنیا بھر میں انسانیت کی خدمت کی غرض سے سکول تعمیر کررہی ہے۔ ان سکولوں کا کوئی دنیاوی مقصد نہیں ہے بلکہ محض للہ یہ خدمت کی جاتی ہے۔ اسی طرح آپ نے طلبہ کو نیشنل امتحانات میں کامیابی کے لیے دعا کرنے کی طرف بھی توجہ دلائی۔ اس موقع پر سکول کمیٹی کی چیئرمین بھی موجود تھیں اور محترمہ Angela Kitakuriصاحبہ (وارڈ ایجوکیشنل آفیسر)بھی تشریف لائی ہوئی تھیں۔ انہوں نے طلبہ کو امتحانات کے حوالہ سے ہدایات دیں۔ اس تقریب کا اختتام اجتماعی دعا سے ہوا۔ طلبہ و حاضرین کے لیے ریفریشمنٹ کا اہتمام کیا گیا تھا۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ جملہ طلبہ امتحانات میں نمایاں کامیابی پائیں۔ آمین
(رپورٹ: شہاب احمد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)