جماعت احمدیہ ارجنٹائن کی انٹرنیشنل بُک فیئرمیں شرکت
اللہ تعالیٰ کے فضل سےجماعت احمدیہ ارجنٹائن کو امسال ایک بار پھر ارجنٹائن کے دار الحکومتBuenos Aires میں منعقدہ انٹرنیشنل بُک فیئر میں شرکت کرنے کی توفیق ملی۔
اس بُک فیئرکا شمار دنیاکی اہم ترین بُک فیئرز میں ہوتا ہے جس میں ہر سال ۱۰؍لاکھ سے زائد افراد شرکت کرتے ہیں۔ علاوہ ازیں یہ تین ہفتہ کا بک فیئر ارجنٹائن کی سب سے معروف اور سب سے اہم سالانہ ثقافتی تقریب خیال کیا جاتا ہے۔
قرآن کریم کے مختلف زبانوں میں تراجم کے علاوہ سپینش زبان میں مختلف اسلامی لٹریچر جماعتی سٹال کی زینت بنا۔ دورانِ بک فیئراللہ تعالیٰ کے فضل سے کئی ہزار افراد تک اسلام احمدیت اور حضرت مسیح موعودؑ کی آمد کا پیغام پہنچانے کی توفیق حاصل ہوئی۔ کئی زائرین نے جماعت سے مستقل رابطہ میں رہنے اور اسلام احمدیت کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ دورانِ بک فیئر ایک کانفرنس بھی منعقد کی گئی جس میں ۷۰؍سے زائد افراد نے شرکت کی اور بہت دلچسپی ظاہر کی۔ خاکسار (مربی سلسلہ ارجنٹائن) نے اس کانفرنس کی صدارت کی جبکہ صدر صاحبہ لجنہ اماءاللہ ارجنٹائن نے اسلام میں عورت کے بارےمیں گفتگو کی اور مربی سلسلہ Boliviaمکرم عطاء المنان صاحب نے اسلام میں جنگوں اور جہاد پر تفصیلی لیکچر پیش کیا۔ علاوہ ازیں اسرائیل اور فلسطین کے ما بین جنگ کے پیشِ نظر جماعت کی عالمی تحریک ’’Voices For Peace‘‘ کا تعارف کروایا گیا۔
جماعتِ احمدیہ ارجنٹائن کے دس مقامی افرادکےعلاوہ مربی سلسلہ Uruguay، مربی سلسلہ Bolivia اور ایک لوکلBolivian معلم صاحب کو بک فئیر میں معاونت اور احسن رنگ میں خدمت بجا لانے کی توفیق ملی۔اللہ تعالیٰ تمام رضاکاروں کو اجرِ عظیم سے نوازے۔ آمین
(رپورٹ: مروان سرور گِل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)