مجلس انصار اللہ نیوزی لینڈ کے تحت قرآن نمائش کا اہتمام
اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس انصار اللہ نیوزی لینڈ کو مورخہ ۵؍مئی ۲۰۲۴ء کو تاؤرنگا شہر کے مضافاتی علاقے پاپاموا میں ایک کامیاب قرآنی نمائش منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ یہ نمائش صبح دس بجے سے لے کر سہ پہر تین بجے تک جاری رہی۔
تاؤرنگا نیوزی لینڈ کا ایک ساحلی شہر اور آبادی کے لحاظ سے ملک کا پانچواں بڑا شہر ہے جس کی شہری آبادی تقریباً ایک لاکھ ۶۰؍ہزار ہے۔ یہ شہر کاروبار، بین الاقوامی تجارت، ثقافت، فیشن اور فن باغبانی کے اہم مراکز میں سے ایک ہے۔
مجلس انصار اللہ کے دو وفود لجنہ اماءاللہ اور مجلس اطفال الاحمدیہ کے ہمراہ ہیملٹن اور آکلینڈ سے نماز فجر کے بعد تاؤرنگا کے لیے روانہ ہوئے۔
نمائش میں قرآن کریم کے ۵۰؍تراجم زائرین کے دیکھنے کے لیے رکھے گئے۔ Te Reo Maori زبان میں قرآن کریم کا ترجمہ جو مقامی ماؤری لوگوں کی زبان ہے اس نمائش کا مرکزی حصہ تھا ۔
نمائش کے ہال میں بڑے بینرز لگائے گئے تھے جن میں سماجی امن، مذہب، سائنس، خواتین کے حقوق، مستقبل کی پیشگوئیاں اور حقیقی اسلام سے متعلق کچھ بنیادی قرآنی آیات کو نمایاں کیا گیا تھا۔
نمائش میں قرآن کریم اور انتہا پسندی کے موضوع پر دو معلوماتی سیمینار بھی منعقد کیے گئے جن میں ایک درجن کے قریب مہمانوں نے شرکت کی۔ کچھ مہمان خصوصی طور پر دوپہر کے سیمینار میں شرکت کے لیے پہنچے۔
جنوبی افریقہ سے حالیہ تارکین وطن کے ایک خاندان نے نمائش کا دورہ کیا اور حضرت عیسیٰؑ کے کشمیر میں تدفین کے بارے میں گفتگو کی۔
ایک اَور مہمان نے نیوزی لینڈ میں اس قسم کی منفرد نمائشیں لگانے پر احمدیہ جماعت کی کوششوں کو سراہتے ہوئے مستقبل میں بھی ایسی نمائشوں کے لیے رضاکارانہ کام کرنے میں دلچسپی ظاہر کی۔
ایک مہمان نے خصوصی درخواست کی کہ ہائی سکول کی سطح کے طلبہ کے لیے قرآن کے متعلق کچھ تعارفی لٹریچر بھیجیں تاکہ طلبہ بائبل کے ساتھ قرآن کا تقابلی مطالعہ کر سکیں۔
ایک اَور مہمان نے بتایا کہ وہ کچھ عرصہ سے قرآن کریم کے بارے میں پڑھ رہی تھیں اور آج آخر کار انگریزی ترجمہ کے ساتھ قرآن پاک کا اپنا ذاتی نسخہ لے کر بہت پرجوش ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے کتاب اسلامی اصول کی فلاسفی اور An Elementary Study of Islamکی ایک ایک کاپی بھی لی۔
الحمدللہ، یہ نمائش اس خوبصورت شہر کے لوگوں کو اسلام اور قرآن کے متعلق آگاہی فراہم کرنے کے حوالے سے بہت کامیاب رہی جو اس علاقہ میں تقریباً پانچ سال کے وقفے کے بعد دوسری نمائش تھی۔ متعدد مہمانوں نے جماعتی لٹریچر لیا اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے تقریباً ۴۰؍مہمانوں نے نمائش کا دورہ کیا۔ فالحمد للہ علیٰ ذالک
(رپورٹ: ثاقب احمد۔ قائد تبلیغ مجلس انصار اللہ نیوزی لینڈ)