افریقہ (رپورٹس)

آئیوری کوسٹ میں سہ روزہ ریفریشر کورس برائے مبلغین ومعلمین

(عبدالنور۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل آئیوری کوسٹ)

محض اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ آئیوری کوسٹ کو اپنا پانچواں ریفریشر کورس برائے مبلغین و معلمین کرام مورخہ ۲تا۴؍جون ۲۰۲۴ء بروز اتوار،سوموار اور منگل بمقام مہدی آباد آبی جان منعقد کرنے کی سعادت نصیب ہوئی۔

مورخہ ۲؍جون کو نماز فجر و درس کے بعد ریفریشرکورس پروگرام کا باقاعدہ آغاز صبح آٹھ بجے تلاوت قرآن کریم سےہوا۔ بعد ازاں مکرم عبدالقیوم پاشا صاحب امیر و مشنری انچارج آئیوری کوسٹ نے اپنی افتتاحی تقریر میں شرکاء کو ریفریشر کورس کے انعقاد کی اہمیت اور اس سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی تلقین کی۔ اس کے بعد لقمان فرید احمد صاحب نے ’’مالی قربانی کی اہمیت اور اقسام‘‘ اور باسط احمد صاحب نے حضرت مسیح موعودؑ کی سیرت و سوانح پر حاضرین کو معلومات فراہم کیں۔ کریم جوارا صاحب نگران شعبہ آن لائن تجنید نے تمام شرکاء کو آن لائن تجنید کے طریقہ کار اور اس کی ایپلیکیشن کے استعمال کا طریقہ سمجھایا۔ اس کے بعد مکرم جابی مصطفیٰ صاحب نیشنل سیکرٹری تعلیم نے مبلغین و معلمین کرام کو تعلیم کے حوالے سے درپیش مسائل کا حل بتایا اور اس سلسلہ میں جماعتی کاوشوں سے آگاہ کیا۔ نمازظہر کی ادائیگی اور طعام کے بعد نماز عصر تک پروگرام کا وقفہ رکھا گیا۔

نماز عصر کی ادائیگی کے معاً بعد بناؤ عبدالرزاق صاحب مبلغ سلسلہ نے کتاب ’’ذکر الٰہی‘‘ کا خلاصہ تمام شرکاء کے سامنے پیش کیا جس کے بعد نماز مغرب تک کھیل کا وقفہ رکھا گیا۔ نماز مغرب و عشاء کی ادائیگی کے بعد سلطان احمد صاحب مبلغ سلسلہ نے کتاب ’’زریں ہدایات برائے مبلغین‘‘ سے کچھ صفحات کا خلاصہ پیش کیا تاکہ معلمین کرام جو اردو نہیں سمجھتے وہ بھی ان ہدایات سے آگاہی حاصل کر سکیں۔ اس کے بعد تمام شاملین کی خدمت میں عشائیہ پیش کیا گیا۔

دوسرے دن نماز فجر و درس کی ادائیگی اور ناشتہ کے بعد پروگرام کا آغاز صبح آٹھ بجے تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ بالو احمد صاحب معلم سلسلہ نے ہستی باری تعالیٰ کے متعلق دلائل مقامی زبان جولا میں پیش کیے جس کا ترجمہ سلام طورے صاحب مبلغ سلسلہ نے فرنچ میں کیا۔ بعد ازاں سلطان احمد صاحب نے مسئلہ فلسطین و اسرائیل سے متعلق حاضرین کو آگاہی فراہم کی اور پھر سورو الحسن صاحب نے کتاب ’’زریں ہدایات برائے مبلغین کرام‘‘ سے چند صفحات کا خلاصہ فرانسیسی زبان میں پیش کیا۔ نماز ظہر کی ادائیگی اور کھانے کے بعد نماز عصر تک آرام کے لیے وقت دیا گیا۔ نماز عصر کے فوراً بعد صادق احمد لطیف صاحب نے حضرت مسیح موعودؑ کی کتاب فتح اسلام کا خلاصہ پیش کیا جس کے بعد کھیل کا وقفہ تھا۔نماز مغرب و عشاء کی ادائیگی کے بعدماہ مئی میں کینیڈا کے مبلغین کرام کی حضور انور ایدہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ساتھ ملاقات دکھائی گئی۔ عبدالسلام طورے صاحب مبلغ سلسلہ نے ساتھ ساتھ ملاقات کا مقامی زبان جولا میں ترجمہ کیا۔ عشائیہ کے ساتھ دوسرے دن کے پروگرام کا اختتام ہوا۔

تیسرے دن بھی نماز فجر اور درس و ناشتہ کے بعد پروگرام کا باقاعدہ آغاز صبح آٹھ بجے تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ اس کے بعد سلطان احمد صاحب نے ’’عظمت قرآن کریم اور جماعت احمدیہ کا کردار‘‘ کے موضوع پرسیر حاصل بحث کی اور سورو الحسن صاحب نے ’’تردید الوہیت مسیح‘‘ کے موضوع سے چند دلائل فراہم کیے اور پھر باسط احمد صاحب نے حضرت خلیفۃ المسیح الاولؓ کی زندگی کا مختصر خلاصہ پیش کیا۔ چائے کے وقفہ کے بعد بالو احمد صاحب معلم سلسلہ نے کتاب ’’گناہ سے نجات کیونکر ممکن ہے؟‘‘ کا تعارف پیش کیا۔ اس کے بعد سال ۲۰۲۴ء کی منظور شدہ تجاویز فرنچ اور پھر جولا زبان میں سب شرکاء کو سنائی گئیں اور ان تجاویز کی ایک ایک کاپی شرکاء بھی کو فراہم کی گئی۔ اورمعلمین و مبلغین کرام کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے جواب دیے گئے۔ مکرم امیر صاحب نے تمام شرکاء کو اختتامی تقریر میں نصائح کیں۔ دعا کے ساتھ ریفریشر کورس کا باقاعدہ اختتام ہوا۔

ریفریشر کورس پروگرام کی حاضری ۷۴؍افراد پر مشتمل رہی جس میں سینٹرل مبلغین کرام، جامعہ احمدیہ گھانا کے فارغ التحصیل معلمین کرام اور لوکل معلمین کرام بھی شامل تھے۔ اللہ تعالیٰ اس ریفریشر کو رس کے بہترین نتائج پیدا فرمائے اور حقیقی معنوں میں روحانی تبدیلیوں کا باعث بنے۔آمین

(رپورٹ: عبدالنور۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button