امریکہ (رپورٹس)

مجلس خدام الاحمدیہ کینیڈا کی وقف عارضی برموقع جلسہ سالانہ یوکے ۲۰۲۴ء

اللہ تعالیٰ کے فضل سے امسال کینیڈا سے ۴۵۰؍خدام کو جلسہ سالانہ یوکے ۲۰۲۴ء میں شامل ہونے کا موقع ملاجس میں سے تقریباً ۶۰؍فیصد خدام کو پہلی دفعہ جلسہ سالانہ یوکے میں شمولیت کی سعادت حاصل ہوئی۔ جلسہ سالانہ کے اختتام پر خدام کو Wind up ڈیوٹی میں بھی شامل ہونے کا موقع ملا۔

امسال مجلس خدام الاحمدیہ کینیڈا نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت میں جلسہ سالانہ یوکےمیں شمولیت اور Wind up ڈیوٹی میں وقف عارضی کرنے کی خواہش کا اظہار کیا جس پر حضور انور نے از راہ شفقت اجازت عنایت فرمائی۔ اجازت ملتے ہی کینیڈا بھر میں بڑے پیمانے پر خدام کو وقف عارضی میں شامل ہونے کی طرف ترغیب دلائی گئی اور وقف عارضی کے لیے مورخہ ۲۴؍جولائی تا ۵؍اگست ۲۰۲۴ء کی تاریخیں مقرر کی گئیں۔ خدام بھی اپنے پیارے امام کے دیدار کے شوق میں اورجلسہ کی برکات حاصل کرنے کے لیے بڑے شوق سے آگے بڑھےاور جلسہ میں وقف عارضی کے لیےاپنے نام پیش کیے۔

جلسہ سے ایک دن قبل مورخہ ۲۵؍جولائی بروز جمعرات شام کو حضور انور نے کارکنان سے خطاب فرمایا جس میں وقف عارضی پر موجود خدام بھی شامل ہوئے۔ خطاب کے آخر میں حضورانور نے ازراہ شفقت کینیڈا سے وقف عارضی پر آنے والےخدام کا بھی ذکر فرمایا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ان کو بھی توفیق دے کہ بعد میں جو ان کے سپرد ذمہ داری ہوگی اس کو سر انجام دے سکیں۔

بفضل اللہ تعالیٰ کینیڈا کے خدام نے جلسہ سالانہ کے تینوں دن بڑے نظم و ضبط سے جلسہ کی کارروائی سنی، حضور انور کے خطابات سن کر اپنے علم اور ایمان میں اضافہ کیا اور عالمی بیعت میں شامل ہو کر تجدید بیعت کی توفیق حاصل کی ۔
Wind up ڈیوٹی کا آغاز جلسہ کے اختتام کے ساتھ ہی اتوار کی رات کو ہوا۔ ۳۰۰؍سے زائد خدام نےبہت جوش و جذبہ کے ساتھ خدمت کی اور بڑی خوش اسلوبی سے مفوّضہ کام مکمل کیا۔ ایک خادم نے حضور انور سے ملاقات کے دوران سوال کیا کہ پیارے آقا وقف عارضی پرکینیڈا سے آنے والے خدام کے لیے آپ کا کیا پیغام ہے؟ جس پر حضور انور نےارشاد فرمایا کہ ’’Work Hard. And Do Justice with your work‘‘ یعنی ’’محنت سے کام کرو اور اپنے کام کا حق ادا کرو‘‘۔ اس ارشاد سے جہاں خدام کا حوصلہ بلند ہوا وہاں اپنے امام کے ارشاد کے مطابق خدام کے کام کی رفتار میں تیزی پیدا ہوگئی اور وقار عمل کی ڈیوٹی قبل از وقت مکمل ہوگئی۔ الحمدللہ
اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ یکم اگست بروز جمعرات خدام نے Wind up مکمل کرلیا اور ۲؍اگست بروز جمعۃالمبارک خدام نے حضور انور کی امامت میں اسلام آباد میں نماز جمعہ ادا کی۔ حضور انورنے اپنے خطبہ جمعہ میں کینیڈا سے وقف عارضی پر آنے والے خدام کے حوالے سے فرمایا: ’’اسی طرح کینیڈا سے خدام آئے ہیں جو Wind up میں مدد کر رہے ہیں۔ اللہ تعالیٰ ان سب کو جزا دے۔‘‘ (آمین)
وقف عارضی میں شامل خدام کے لیے بڑی سعادت اور خوش بختی کا موقع یہ بھی آیا کہ مورخہ ۳؍اگست بروز ہفتہ دوپہر بارہ بجے کینیڈا کے ۱۵۰؍سے زائد خدام کو حضور انور کے ساتھ تصاویر کھنچوانے کی سعادت حاصل ہوئی۔ اس وقت ایک ایمان افروز واقعہ بھی ہوا جس پر یہ شعر حرف بہ حرف صادق آتا ہےکہ ؎

یہ محبت تو نصیبوں سے ملا کرتی ہے
چل کے خود آئے مسیحا کسی بیمار کے پاس

تصاویر سے قبل ۲۷؍خدام کو کووڈ تشخیص ہوگیا اور وہ سب تصویر میں شامل نہ ہو سکے لیکن دُور سے دروازے کے باہر کھڑے ہو کر اپنے امام کا دیدار کر رہے تھے۔ حضور انور تصاویر کے بعد اپنے ان خدام کی حوصلہ افزائی کے لیے بنفس نفیس چل کر دروازے کے پاس چلے گئے اور ان خدام کے ساتھ بڑی شفقت سے باتیں کیں اور ان کے سوالات کے جواب عنایت فرمائے۔

اللہ تعالیٰ تمام وقف عارضی میں شامل خدام کی خدمت کو قبول فرمائے اور ان سب کے اخلاص میں برکت ڈالےاور پیارے آقا کی دعاؤں کا وارث بنائے۔ آمین

(رپورٹ: طاہر احمد۔ صدر مجلس خدام الاحمدیہ کینیڈا)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button