عائشہ اکیڈمی جرمنی کی پہلی تقریب تقسیم اسناد (Convocation)
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے احمدی خواتین کی تعلیم و تربیت کے لیے متعدد ممالک میں ’عائشہ اکیڈمی‘ قائم ہوچکی ہے جن میں برطانیہ، کینیڈا،آسٹریلیا، سوئٹزرلینڈ اور جرمنی شامل ہیں۔ جرمنی میں ۲۰۲۱ء میں اس کی باقاعدہ کلاسز کا آغاز ہوا۔
جرمنی میں تین سال پڑھنے کے بعد فارغ التحصیل ہونے والی طالبات کو مبشرہ کی ڈگری دی جاتی ہے۔اس ادارے میں پرنسپل کے علاوہ تین مربیان سلسلہ، پانچ معلمات اور ایک آفس سیکرٹری خدمات سرانجام دے رہی ہیں۔
امسال ۲؍نومبر ۲۰۲۴ء کو ادارہ ہذا کو اپنی پہلی فارغ التحصیل کلاس کے اعزاز میں پہلی تقریب تقسیم اسناد منعقد کرنے کی توفیق ملی۔اس تقریب میں تین طالبات کو مبشرات ہونے کی ڈگری دی گئی۔ اللہ تعالیٰ ان کے لیے یہ اعزاز مبارک کرے اور ان کی نیک خواہشات پوری فرماتے ہوئے جماعت کے لیے بہترین خدمات بجا لانے کی توفیق عطا فرماتا رہے۔ آمین
پروگرام کا آغاز نیشنل صدر لجنہ اماء اللہ جرمنی محترمہ حامدہ سوسن صاحبہ کی صدارت میں حسبِ روایت تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ حدیثِ نبویﷺ کے بعد پرنسپل صاحبہ نے حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ کاخصوصی پیغام برائے عائشہ اکیڈمی پڑھ کرحاضرین تقریب کو سنایا۔
حضور انور کے پیغام کے بعد نظم پیش کی گئی اور فارغ التحصیل طالبات کے لیے سالِ سوم کی ایک طالبہ نے سپاسنامہ پیش کیا۔ بعد ازاں مکرمہ زینت حمید صاحبہ نے اکیڈمی کی سالانہ کارگردگی رپورٹ پیش کی۔ اکیڈمی کے تین سال مکمل ہونے پر فارغ التحصیل طالبات کے خیالات کی ترجمانی میں ایک ترانہ تینوں سال کی طالبات اور فارغ التحصیل طالبات نے مل کر بہت خوبصورت انداز میں پیش کیا۔ یہ ترانہ خاکسار (معلمہ عائشہ اکیڈمی)کو لکھنے کی توفیق ملی۔
محترمہ نیشنل صدرصاحبہ نے اپنی مختصر تقریر میں حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکے پیغام کی روشنی میں طالبات کو نصائح کیں اوراس پیغام کو اپنی زندگیوں کا نصب العین بنانے اور اپنی آئندہ زندگیوں کو اس کے مطابق ڈھالنے کی تاکید فرمائی۔ پرنسپل صاحبہ نے اپنی طرف سے مہمانانِ گرامی کا شکریہ ادا کیا،سٹاف کا تعارف کروایا اور فارغ التحصیل طالبات سے اپنے تأثرات کا اظہار کرنے کی پیشکش کی۔ایک طالبہ نے اپنے جذبات و احساسات پیش کیے۔ سالِ اول کی طالبات نے اپنا تعارف پیش کیا اور اکیڈمی میں داخلہ لینے کی وجوہات بیان کیں۔
آخر میں پرنسپل صاحبہ کی درخواست پر محترمہ صدر صاحبہ نے نصابی و غیر نصابی سرگرمیوں میں پوزیشن لینےوالی طالبات میں اسناد اور انعامات تقسیم کیے۔
عائشہ اکیڈمی کی پہلی مبشرات مکرمہ عافیہ طاہر صاحبہ، عزیزہ ضوفشاں سرور صاحبہ اور مکرمہ رضوانہ ناصر صاحبہ کے لیے اللہ تعالیٰ یہ اعزاز مبارک فرمائے ۔آمین
دعا کے ساتھ اس خوبصورت اوریادگار تاریخی تقریب کا اختتام ہوا۔ شمولیت کرنے والے مہمانوں کی تعداد تقریباً ۸۵تھی۔ مہمانوں کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔
اللہ تعالیٰ تمام طالبات کو دین کی صحیح سمجھ بوجھ عطا فرمائے اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا مطیع و فرمانبردار بنائے اور آپ کی توقعات پر پورا اترنے کی توفیق عطا فرمائے آمین۔
(رپورٹ: سعدیہ تسنیم سحرؔ۔ عائشہ اکیڈمی جرمنی)