واقفین نو اور واقفات نو فن لینڈ کا سالانہ اجتماع ۲۰۲۴ء
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ فن لینڈ کو ۲۱و۲۲؍دسمبر۲۰۲۴ء کو سالانہ وقف نو اجتماع منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ یہ اجتماع واقفین نو کا نواں(۹)اور واقفات نو کا آٹھواں(۸)اجتماع تھا۔ ہر دو اجتماعات مسجد میں منعقد کیے گئے۔ اجتماع کے کاموں کے لیے واقفین نو پر مشتمل ایک اجتماع کمیٹی تشکیل دی گئی۔ اس کا مقصد یہ بھی تھا کہ واقفین نو دین کے ساتھ ساتھ انتظامی اور جماعتی کاموں کی بھی مہارت حاصل کریں۔
افتتاحی تقریب:اجتماع کا آغاز ۲۱؍دسمبر کی صبح ساڑھے نو بجے تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ تلاوت اور نظم کے بعد خاکسار (نیشنل سیکرٹری وقف نو) نے واقفین نو کو خوش آمدید کہا اور اجتماع کے پروگرام کے بارے میں آگاہ کیا۔ مکرم شاہد محمود کاہلوںصاحب مبلغ انچارج نے اپنی افتتاحی تقریر میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی نصائح کے مطابق واقفین نو کی ذمہ داریوں اور تربیتی امور پر روشنی ڈالی۔
علمی مقابلہ جات:صبح سوا دس بجے واقفین نو اور واقفات نو کے علمی مقابلہ جات منعقد ہوئے۔ عمر کے حساب سے پانچ گروپس تشکیل دیے گئے تھے جن میں تلاوت قرآن کریم، حفظ القرآن، نظم، تقریر فی البدیہہ اور دینی معلومات کے مقابلے شامل تھے۔ واقفات نو کے مقابلہ جات صدر صاحبہ لجنہ اماء اللہ فن لینڈ کی زیر نگرانی واقفات نو کے اجتماع ہال میں منعقد ہوئے۔ چھوٹی عمر کے بچوں نے بھی اجتماع میں جوش و خروش سے حصہ لیا۔
نماز و طعام:ڈیڑھ بجے نماز ظہر و عصر ادا کی گئیں جن کے بعد تمام شاملین کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔
کھیلوں کے مقابلے:پونے تین بجے ۱۵؍سال سے زائد عمر کے واقفین نو کھیلوں کے مقابلہ جات کے لیے سپورٹس ہال روانہ ہوئے جبکہ مسجد میں بڑی عمر کے واقفین نو کے علمی مقابلہ جات اور چھوٹے بچوں کے کھیلوں کے مقابلے منعقد ہوئے۔
سیمینار:شام چھ بجے وقف نو سیمینار کی تقریب منعقد ہوئی جس میں واقفین نو و واقفات نو کے والدین کو بھی مدعو کیا گیا تھا۔ سیمینار میں تلاوت، نظم اور فِنش زبان میں تقریر کے بعد خاکسارنے سالانہ کارگزاری رپورٹ پیش کی۔ مکرم مبلغ انچارج صاحب نے والدین کی ذمہ داریوں پر تقریر کی اور بچوں کی تربیت کے حوالے سے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی نصائح کی یاددہانی کروائی۔
انعامات کی تقسیم:پہلے دن کے اختتام پر چار سے پندرہ سال کے واقفین نو اور واقفات نو کو انعامات دیے گئے۔ نماز مغرب و عشاء کی ادائیگی کے بعد پہلے دن کا اختتام ہوا۔
اختتامی تقریب:اجتماع کے دوسرے دن کا آغاز صبح دس بجے ہوا۔ بڑی عمر کے واقفین نو کے علمی مقابلہ جات اور واقفات نو کی سپورٹس سرگرمیاں منعقد ہوئیں۔ ڈیڑھ بجے نماز ظہر و عصر ادا کی گئیں اور دوپہر کا کھانا پیش کیا گیا۔
اڑھائی بجے اختتامی تقریب منعقد ہوئی جس میں مکرم عطاءالغالب صاحب نیشنل صدر نے ’’واقفین نو کی ذمہ داریوں‘‘ پر تقریر کی۔ اس کے بعد پندرہ سال سے زائد عمر کے شاملین کے مقابلوں میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والوں کو انعامات دیے گئے۔ اجتماع کا اختتام دعا کے ساتھ ہوا۔
شرکا کی تعداد:اللہ تعالیٰ کے فضل سے اجتماع میں ۸۶؍واقفین نو سمیت مجموعی حاضری ۱۵۶؍رہی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک
(رپورٹ:فرخ اسلام۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: فن لینڈ کے شہر تامپرے میں منعقدہ ایک بک فیسٹیول میں جماعت احمدیہ کی شمولیت