جماعت احمدیہ بنگلہ دیش میں مربیان سلسلہ کے ریفریشر کورس کا انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مورخہ ۱۲تا ۲۲؍جنوری ۲۰۲۵ء کو جماعت احمدیہ بنگلہ دیش کے ۲۹؍مربیان سلسلہ کے لیے گیارہ روزہ ریفریشر کورس جماعت کے مرکز بخشی بازار، ڈھاکہ میں منعقد ہواجس میں مکرم زبیر احمد صاحب (مربی سلسلہ) نے بطور منتظم خدمت کی توفیق پائی۔

اس کورس میں ترجمۃ القرآن، حدیث، کتب حضرت مسیح موعودؑ، اعتراضات اور ان کے جواب اور موازنہ مذاہب جیسے اہم موضوعات پر کلاسز منعقد ہوئیں۔ مکرم صالح احمد صاحب، مکرم بشیر الرحمٰن صاحب، مکرم شاہ محمد نور الامین صاحب اور مکرم شیخ مستفیض الرحمٰن صاحب مربیان سلسلہ نے ان کلاسز میں تدریسی خدمات سرانجام دیں۔ ان کے علاوہ مکرم عبد الاول خان چودھری صاحب امیر جماعت احمدیہ بنگلہ دیش و مبلغ انچارج کے ساتھ بھی ایک نشست ہوئی۔
علاوہ ازیں اراکین نیشنل عاملہ کے ساتھ خصوصی نشستیں بھی ہوئیں جن میں میدان عمل میں درپیش امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اسی طرح مکرم عبدالخالق تعلقدار صاحب مرکزی نمائندہ و اسسٹنٹ پرائیویٹ سیکرٹری (انصار سیکشن) نے بھی مربیان کو نصائح کیں۔
کلاسز کے اختتام پر امتحانات منعقد ہوئے اور نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے مربیان میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ اس کے علاوہ شرکاء میں والی بال ٹورنامنٹ اور ایک روز دریا کے پار پکنک کا بھی اہتمام کیا گیا۔ والی بال ٹورنامنٹ کے لیے شاملین کو تین گروپس (شجاعت، رفاقت اور امانت)میں تقسیم کیا گیا تھا۔ رفاقت گروپ ٹورنامنٹ میں فاتح قرار پایا۔
اللہ تعالیٰ کرے کہ یہ ریفریشر کورس تمام مربیان سلسلہ کے لیے روحانی و علمی ترقی کا ذریعہ بنے اور ان کی خدمات میں برکت ڈالے۔ آمین
(رپورٹ: نوید الرحمٰن۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: مجلس خدا م الاحمدیہ بنگلہ دیش کے تحت مسرور بیڈمنٹن ٹورنامنٹ