افریقہ (رپورٹس)

دیالاکورو، مالی میں جماعت احمدیہ کی نئی مسجد کا افتتاح

(واصف شہزاد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل مالی)

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مالی کے سان ریجن کے گاؤں دیالاکورو (Dialakoro) میں جماعت احمدیہ کو ایک نئی مسجد کی تعمیر کی سعادت ملی جس کا رقبہ ۸ × ۱۲ میٹر ہے۔ مورخہ ۱۴؍فروری ۲۰۲۵ء کو مکرم ظفر احمد بٹ صاحب امیر و مبلغ انچارج جماعت احمدیہ مالی نے اس مسجد کا باضابطہ افتتاح کیا۔

اس بابرکت موقع پر ایک پُروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں مقامی احمدی احباب، علاقے کے میئر، آس پاس کے آٹھ دیہات کے سرداران اور کئی غیر احمدی ائمہ نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جس کے بعد مکرم عمر معاذ صاحب نے جماعت احمدیہ کا تعارف پیش کیا اور اسلام کی حقیقی تعلیمات، خلافت احمدیہ کی برکات اور جماعت کی فلاحی خدمات پر روشنی ڈالی۔ معزز مہمانان نے جماعت احمدیہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے اس مسجد کو علاقے میں امن و محبت کے فروغ کا ذریعہ قرار دیا۔

مکرم امیر صاحب نے اپنی تقریر میں ’’اقامت صلوٰۃ‘‘ کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ آپ نے تمام احباب کو نصیحت کی کہ وہ مسجد کو آباد رکھیں، پنجوقتہ نماز کی پابندی کریں اور اللہ تعالیٰ کے حضور جھکنے والے بنیں۔ اس موقع پر فیتہ کاٹنے کے بعد اجتماعی دعا کے ذریعے مسجد کا افتتاح ہوا۔

اس مسجد کی تعمیر میں مقامی افراد نے بھی بھرپور تعاون کیا اور تعمیراتی اخراجات کو کم کرنے کے لیے رضاکارانہ طور پر وقارعمل کے ذریعہ مزدوری کی۔ بالخصوص پانی بھر کر لانے اور دیگر تعمیراتی کاموں میں مدد فراہم کرنے کی سعادت حاصل کی۔ ان کے اس ایثار اور محبت کے جذبے کو جماعتی اور مقامی قیادت نے سراہا۔

افتتاحی تقریب کے بعد مکرم امیر صاحب نے مسجد میں پہلی نماز جمعہ کی امامت کرائی۔ خطبہ جمعہ میں آپ نے باجماعت نماز کی برکات پر روشنی ڈالتے ہوئے تمام احمدی احباب کو نماز کی ادائیگی میں باقاعدگی کی تلقین کی۔ نماز کے بعد تمام شرکاء اور معزز مہمانوں کی تواضع ظہرانہ سے کی گئی۔

اللہ تعالیٰ اس مسجد کو ہمیشہ آباد رکھے اور اسے جماعت احمدیہ اور مقامی افراد کے لیے ہدایت اور برکت کا ذریعہ بنائے۔ آمین

مزید پڑھیں: جنوبی سویڈن میں پانچ روزہ تبلیغی دورہ اور عیسائی پادری صاحبان سے ملاقاتیں

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button