قرغیزستان میں جلسہ ہائے یوم مصلح موعود کا انعقاد نیز رمضان المبارک کا بابرکت آغاز
اللہ تعالیٰ کے فضل سے قرغیزستان کی جماعتوں کاراکول ا ور بشکیک کو اپنا اپنا جلسہ یوم مصلح موعود منعقد کرنے کی توفیق ملی جن کی تفصیل پیش خدمت ہے۔

جماعت احمدیہ کاراکول میں مورخہ ۲۱؍فروری ۲۰۲۵ء بروز جمعۃ المبارک جلسہ یوم مصلح موعود کا انعقاد کیا گیا۔ نماز مغرب و عشاء کے بعد جلسہ کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ مبلغ سلسلہ کاراکول نے یوم مصلح موعود کا مختصر تعارف کرایا اور جلسہ کے انعقاد کی اہمیت و مقصد بیان کیا۔ بعدازاں حدیث اور پیشگوئی مصلح موعود کے الفاظ رشین زبان میں پڑھ کر سنائے گئے۔ مکرم چنگیز صاحب نے قرغیز زبان میں ’’پیشگوئی مصلح موعود کا پس منظر و اہمیت‘‘ اور مکرم ضمیربیگ صاحب صدر جماعت کاراکول نے رشین زبان میں ’’حضرت مصلح موعودؓ کی قبولیت دعا کے ایمان افروز واقعات‘‘ کے موضوعات پر تقاریر کیں۔ دعا کے ساتھ اس بابرکت جلسہ کا اختتام ہوا۔ اس جلسہ کی کُل حاضری ۲۳؍رہی۔ الحمدللہ
جلسہ کے بعدتمام شاملین کی کھانے سے تواضع کی گئی۔
جماعت احمدیہ بشکیک (Bishkek): اسی طرح جماعت قرغیزستان کے مرکزی مشن بشکیک میں مورخہ ۲۳؍فروری ۲۰۲۵ء بروز اتوار جلسہ یوم مصلح موعود منعقد کیا گیا۔
دوپہر ڈیڑھ بجے نماز ظہر وعصر کی ادائیگی کے بعد جلسہ کی کارروائی کا آغاز مکرم الیاس کباتوف صاحب نیشنل صدر جماعت کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم وقرغیز ترجمہ سے ہوا۔ بعدازاں پیشگوئی مصلح موعود کے الفاظ رشین زبان میں پڑھ کر سنائے گئے۔ پھر ’’ہم یوم مصلح موعود کیوں مناتے ہیں؟‘‘ کے حوالے سے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے اقتباسات قرغیز زبان میں پیش کیے گئے۔ بعدہٗ ان موضوعات پر تقاریر ہوئیں: ’’پیشگوئی مصلح موعود کا پس منظر اور اہمیت‘‘ بزبان قرغیز از سلامت کشتوبائیوف صاحب نائب نیشنل صدر اور ’’حضرت مصلح موعودؓ کے قبولیت دعا کے واقعات‘‘ بزبان رشین از یَیدگاربیگ تَوختابائیوف صاحب۔ جلسہ کا اختتام دعا کے ساتھ ہوا۔
مستورات نے ایک الگ ہال میں بڑی سکرین پر جلسہ کی کارروائی براہ راست دیکھی اور سنی۔ جلسہ کے بعد تمام شاملین کی کھانے سے تواضع کی گئی۔
اس جلسہ میں ۱۰؍انصار، ۱۹؍خدام، ۱۱؍ممبرات لجنہ اماءاللہ، ۹؍اطفال، ۳؍ناصرات، ۴؍بچگان اور ایک غیر از جماعت مہمان شامل ہوئے۔ اس طرح جلسہ میں کُل حاضری ۵۷؍رہی۔ الحمدللہ
بشکیک (Bishkek)میں ماہ رمضان کا آغاز
اللہ تعالیٰ کے فضل سے قرغیزستان میں ماہ رمضان کا آغاز مورخہ یکم مارچ ۲۰۲۵ء بروز ہفتہ ہوا۔ پہلے دن بشکیک کے افراد جماعت کےليے مرکزی مشن میں افطاری کا انتظام کیا گیا تھا۔ مشن ہاؤس میں قبل از وقت پہنچنے والے احباب نے تلاوت قرآن کریم کی۔
افراد جماعت نے کھجور اور پانی اور دیگر اشیاء سے روزہ افطار کیا۔ نماز مغرب کے بعد کھانے کا انتظام تھا۔ اطفال نے برتن اور دستر خوان وغیرہ سمیٹنے کے بعد ہال کی صفائی کی اور نماز عشاء ادا کی گئی۔
پہلے روزے کی افطاری کے پروگرام میں ۱۱؍انصار، ۲۲؍خدام، ۱۵؍ممبرات لجنہ، ۷؍اطفال، ۲؍ناصرات اور ۴؍بچوں نے شمولیت کی۔ اس طرح مجموعی حاضری۶۱؍رہی۔
افراد جماعت کی اکثریت مرکزی مشن سے فاصلے پر رہتی ہے۔ اس ليے نماز عشاء کی ادائیگی کے بعد مشن میں موجود افراد جماعت نماز تراویح میں شامل ہوئے۔
(رپورٹ: صباح الظفر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭
مزید پڑھیں: مجلس علمی جامعہ احمدیہ بنگلہ دیش کی سالانہ تقریب تقسیم انعامات کا انعقاد