جماعت احمدیہ لائبیریا میں دو نئی مساجد کا بابرکت افتتاح
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ لائبیریا کو حال ہی میں دو نئی مساجد، بیت النور، بمقام Beajah ٹاؤن (Bomi کاؤنٹی) اور بیت مسرور، بمقام Morcee ٹاؤن (Margibi کاؤنٹی) کے بابرکت افتتاح کی توفیق ملی۔ فالحمدللہ علیٰ ذالک۔

افتتاح مسجد بیت النور، Beajah ٹاؤن
یہ مسجد Bomi کاؤنٹی کے صدر مقام Tubmanburg سے تقریباً ۱۲؍کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ یہاں ۲۰۲۱ء میں احمدیت کا نفوذ ہوا تھا اور مقامی افراد کے لیے ایک کچی اینٹوں سے بنی ہوئی چھوٹی مسجد موجود تھی جو وقت کے ساتھ خستہ حال ہو چکی تھی۔ نمازوں اور جماعتی سرگرمیوں میں درپیش مشکلات کو دیکھتے ہوئے ایک نئی اور پختہ مسجد کی تعمیر کا فیصلہ کیا گیا۔
مورخہ ۱۵؍نومبر۲۰۲۴ء کو مکرم آصف احمد صاحب مبلغ سلسلہ Bomi کاؤنٹی نے اس مسجد کا سنگ بنیاد رکھا اور ان کی نگرانی میں تعمیر مکمل ہوئی۔ مسجد کا کل رقبہ ۲۶ × ۳۶ فٹ ہے جس میں مرد و خواتین کے لیے علیحدہ نماز ادا کرنے کی جگہ مختص کی گئی ہے اور تقریباً ۱۵۰؍افراد کی گنجائش ہے۔
مورخہ ۲۵؍جنوری ۲۰۲۵ء کو نماز عصر کے وقت مکرم ساحل محمود صاحب مربی سلسلہ (آفس انچارج مجلس نصرت جہاں یوکے) نے فیتہ کاٹ کر مسجد کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر ایک سادہ مگر پُروقار تقریب منعقد کی گئی جس میں مقامی احمدی احباب کے علاوہ معززین علاقہ اور دیگر مہمانان نے بھی شرکت کی۔ تلاوت قرآن کریم اور ترجمہ کے بعد مکرم ساحل محمود صاحب نے مسجد کے قیام کی اہمیت اور اس کے روحانی و سماجی فوائد پر روشنی ڈالی۔ دعا کے ساتھ یہ تقریب اختتام پذیر ہوئی۔

افتتاح مسجد بیت مسرور، Morcee ٹاؤن
یہ مسجد کاؤنٹی کے صدر مقام Kakataسے تقریباً ۳۰؍کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ یہاں ۲۰۲۱ء میں احمدیت کا نفوذ ہوا تھا لیکن مقامی افراد کے لیے کوئی مسجد موجود نہ تھی۔ چنانچہ مورخہ ۲۳؍نومبر۲۰۲۴ء کو مکرم مرزا عمر احمد صاحب مبلغ سلسلہ Margibiکاؤنٹی نے اس مسجد کا سنگ بنیاد رکھا اور ان کی نگرانی میں تعمیر مکمل ہوئی۔ مسجد کا کل رقبہ ۲۲×۳۰ فٹ ہے جس میں بیک وقت تقریباً ۱۰۰؍افراد نماز ادا کر سکتے ہیں اور مرد و خواتین کے لیے علیحدہ جگہ مختص کی گئی ہے۔
مورخہ ۳۰؍جنوری۲۰۲۵ء کو اس مسجد کے افتتاح کی تقریب منعقد کی گئی۔ مکرم رشید احمد صاحب مربی سلسلہ دفتر ایڈیشنل وکالت تبشیر یوکے و نمائندہ مرکز نے فیتہ کاٹ کر مسجد کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ تلاوت قرآن کریم اور ترانے کے بعد مکرم نوید احمد عادل صاحب امیر و مبلغ انچارج لائبیریا نے مہمانان کا تعارف پیش کیا اور مسجد کے مختصر کوائف بیان کیے۔ بعد ازاں مرکزی نمائندہ نے احباب جماعت کو نماز باجماعت کی اہمیت اور اس نعمت پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنے کی تلقین کی۔ دعا کے ساتھ یہ بابرکت تقریب اختتام پذیر ہوئی۔
اللہ تعالیٰ ان نئی مساجد کو ہمیشہ آباد رکھے اور احباب جماعت کو عبادات میں ترقی کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ: فرخ شبیر لودھی۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ ساؤتھ افریقہ میں نیشنل تبلیغ کلاس کا انعقاد