جماعت احمدیہ کرسچن ساند، ناروے میں جلسہ پیشوایان مذاہب کا انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ کرسچن ساند، ناروے نے مسجد مریم،کرسچن ساند میں مورخہ ۲۷؍فروری ۲۰۲۵ء کو جلسہ پیشوایان مذاہب منعقد کرنے کی سعادت پائی۔ جماعت احمدیہ ناروے ۱۹۸۲ء سے مسلسل اس جلسے کے انعقاد کی توفیق پارہی ہے۔
مکرم یاسر فوزی صاحب (مبلغ سلسلہ) نے مختلف مذاہب کے نمائندگان سے رابطہ کرکے انہیں جلسے میں شرکت کی دعوت دی۔

اس جلسے میں عیسائیت، بدھ مت، ہندو مت اور اسلام کی نمائندگی کرنے والے مقررین نے شرکت کی۔ عیسائیت کی نمائندگی جناب Odd Bjarne Ellefsen صاحب، بدھ مت کی نمائندگی جناب Såzen Kusanu Larsen صاحب، ہندو مت کی نمائندگی جناب Mala صاحبہ نے کی جبکہ اسلام احمدیت کی نمائندگی کا اعزاز مکرم یاسر فوزی صاحب مبلغ سلسلہ ناروے کو حاصل ہوا۔ اس سال مقررین کے لیے ’’عبادت‘‘ کا موضوع مقرر کیا گیا تھا جسے تمام مذاہب کے نمائندگان نے نہایت دلچسپ اور بامقصد قرار دیا۔ تقاریر کے بعد حاضرین کو سوالات کرنے کا موقع فراہم کیا گیا۔ تقاریر اور سوالات کے درمیان ایک وقفہ ہوا جس دوران تمام حاضرین کی کھانے سے تواضع کی گئی۔
اختتام پر مکرم مصور احمد شاہکار صاحب مبلغ انچارج و نائب امیر جماعت احمدیہ ناروے نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور دعا کے ساتھ اس بابرکت اجلاس کا اختتام ہوا۔ اس جلسے میں تقریباً ۷۰؍افراد نے شرکت کی۔
اللہ تعالیٰ اس جلسے کے نیک و بابرکت اثرات قائم فرمائے اور اسلام احمدیت کا پیغام دنیا کے کناروں تک پہنچانے کی مزید توفیق عطا فرمائے۔آمین
(رپورٹ: حمزہ سلطان۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ فن لینڈ کی سٹی انتظامیہ کی جانب سے منعقدہ افطار ڈنر میں شرکت اور دو میئر صاحبان سے ملاقات