خلافت اِک نظامِ آسمانی ہے زمانے میں

خلافت ہے ہماری جاں، خلافت باعثِ رحمت
پیامِ امن دنیا کو نویدِ راحت و اُلفت
خلافت ہی کی خوشبو سے مہکتا ہے چمن اپنا
خلافت ہی نے ہم سب کو بنایا صاحبِ ثروت
خلافت دائمی انعام ہے ان نیک بندوں پر
جنہیں بخشی خدا نے تمکنت، دی عزت و عظمت
خلافت قائم و دائم ہے منہاجِ نبوت پر
خلافت دین کا زیور، خلافت شوکت و سطوت
خلافت اِک نظامِ آسمانی ہے زمانے میں
یہی ہے اعتبارِ آدمیت اور ہے رفعت
مِلیں ہم کو مرادیں دل کی، احساں ہے خلافت کا
ہماری خوش نصیبی ہے کہ سر پر سایۂ رحمت
خلافت زندگی کا اک حسیں تر استعارہ ہے
خلافت زندگی ہے عرش کا روشن ستارہ ہے
خلافت مَیل دھو دیتی ہے حکمت سے ہر اِک دل کا
خلافت درحقیقت خاص بندوں کو اشارہ ہے
خلافت ان گنت خوشیوں کو دامن میں سمیٹے ہے
خلافت ایک بے پایاں سمندر کا کنارہ ہے
خلافت آبرو اہلِ محبت کی، جماعت کی
کوئی انگلی اٹھائے اس پہ کب ہم کو گوارا ہے
چلے آئے ہتھیلی پر سَروں کو رکھ کے عجلت میں
ذرا سی چُوک کیوں اس میں خلافت نے پکارا ہے
اطاعت کا تقاضا کہ ہوں وابستہ خلافت سے
قیامت تک تعلق اِک خلافت سے ہمارا ہے
(ڈاکٹر عبدالکریم خالد)




