نام محمدؐ، کام مکرم، صلّی اللہ علیہ وسلّم

حضرتِ سیّدِ وُلد آدم، صلّی اللہ علیہ وسلّم
سب نبیوں میں افضل و اکرم، صلّی اللہ علیہ وسلّم
نام محمدؐ، کام مُکرَّم، صلّی اللہ علیہ وسلّم
ہادئ کامل، رہبرِ اعظم، صلّی اللہ علیہ وسلّم
آپؐ کے جلوۂ حسن کے آگے، شرم سے نوروں والے بھاگے
مہر و ماہ نے توڑ دیا دم، صلّی اللہ علیہ وسلّم
اِک جلوے میں آناً فاناً بھر دیا عالَم، کر دئیے روشن
اُتَّر دکّھن پُورب پچھم، صلّی اللہ علیہ وسلّم
اوّل و آخِر، شارِع و خاتَم
صلّی اللہ علیہ وسلّم
ختم ہوئے جب کل نبیوں کے دور نبوّت کے افسانے
بند ہوئے عرفان کے چشمے، فیض کے ٹوٹ گئے پیمانے
تب آئے وہ ساقیٔ کوثر، مست مئے عرفان، پیمبر
پیرِ مُغَانِ بادۂ اَطہر، مے نوشوں کی عید بنانے
گِھر آئیں گھنگھور گھٹائیں، جھوم اُٹھیں مخمور ہوائیں
جھک گیا ابرِ رحمتِ باری، آبِ حیاتِ نَو برسانے
کی سیراب بلندی پستی، زندہ ہو گئی بستی بستی
بادہ کشوں پر چھا گئی مستی، اک اک ظرف بھرا برکھا نے
اک برسات کرم کی پیہم
صلّی اللہ علیہ وسلّم
(کلام طاہرصفحہ ۷۔ ایڈیشن۲۰۰۴ء)
مزید پڑھیں: آ رہے ہیں مری بگڑی کے بنانے والے




