لجنہ اماء اللہ و ناصرات الاحمدیہ لائبیریا کا گیارھواں سالانہ نیشنل اجتماع ۲۰۲۵ء
مکرمہ سدرہ مشہود صاحبہ نیشنل جنرل سیکرٹری تحریر کرتی ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ ۱۵و۱۶؍نومبر ۲۰۲۵ء کو لجنہ اماء اللہ و ناصرات الاحمدیہ لائبیریا نے اپنا گیارھواں سالانہ نیشنل اجتماع بمقام شاہ تاج احمدیہ ہائی سکول، منروویا منعقد کیا جس میں ۱۰؍کاؤنٹیز سے مجموعی طور پر ۲۱۱؍ممبرات لجنہ اماءاللہ و ناصرات نے شرکت کی۔ اجتماع کے ليے مرکزی موضوع ’’وسعت حوصلہ‘‘ کا انتخاب کیا گیا۔
اجتماع کا باقاعدہ آغاز پرچم کشائی کی تقریب سے ہوا۔ افتتاحی تقریب میں تلاوت، منظوم کلام اور عہد دہرانے کے بعدنماز کی ادائیگی کے صحیح طریقہ کار پر عملی پریزنٹیشن پیش کی گئی۔ آخر پر صدر اجلاس مکرمہ بشریٰ مبارکہ صاحبہ نے اجتماع کے انعقاد پر روشنی ڈالی۔
تقریب کے اختتام پر’احمدیہ مسلم ویمن سٹوڈنٹس ایسوسی ایشن‘ کا قیام اور اس کے عہدیداران کا انتخاب عمل میں آیا جس کے معاً بعد لجنہ و ناصرات کے علمی و ورزشی مقابلہ جات کا آغاز ہوا۔ اس موقع پر ایک خصوصی نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں کتبِ سلسلہ اور نادر تصاویر کے علاوہ لجنہ اماءاللہ اور ناصرات الاحمدیہ میں ہنر و دستکاری کا شوق پیدا کرنے کے لیے گھریلو دستکاریوں کے خوبصورت اور دیدہ زیب نمونے بھی پیش کیے گئے۔
اجتماع کے دوسرے روز سفید لباس میں ملبوس لجنہ و ناصرات نے روٹ مارچ میں شرکت کی جس میں Messiah Has Come کے موضوع پر ۳۰۰؍پمفلٹس بھی تقسیم کيے۔
شوریٰ کے اجلاس کے بعد اختتامی تقریب منعقد ہوئی۔ جس کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ جس میں ’پردہ‘ اور ’ایک احمدی مسلمان خاتون کی ذمہ داریاں‘کے موضوعات پر تقاریر بھی کی گئیں۔ تقسیم انعامات کے بعد دعا سے اجتماع اپنے اختتام کو پہنچا۔
اللہ تعالیٰ اس کے بابرکت نتائج پیدا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ : فرخ شبیر لودھی۔ نمائندہ روزنامہ الفضل)
مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ بوگرہ بنگلہ دیش میں ریجنل سطح پر نو مبائعین کی تربیتی کلاسز نیز تبلیغی سیمینار کا انعقاد




