جماعت احمدیہ برازیل کےاکتیسویں جلسہ سالانہ کا کامیاب انعقاد
٭… ’’انسانی اقدار‘‘ کے مرکزی موضوع پر منعقدہ جلسہ سالانہ میں پنجوقتہ نمازوں، دروس و تقاریر کا اہتمام
٭… جلسہ میں صوبائی ممبر پارلیمنٹ نیز سیاسی، مذہبی و سماجی شخصیات کی شرکت
محض اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے جماعت احمدیہ برازیل کو اپنا ۳۱واں جلسہ سالانہ بڑی کامیابی کے ساتھ ’’انسانی اقدار‘‘ کے مرکزی موضوع پر مورخہ ۲۵تا ۲۷؍اپریل ۲۰۲۵ء کو جماعت کے مرکز مسجد بیت الاول، پیٹروپولس میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔

خدام و ممبرات لجنہ اماءاللہ نے بروقت متعدد وقارِ عمل کے ذریعہ جلسہ کے لیے بہترین انتظامات کیے۔ جلسہ گاہ اور اطراف کے ماحول کو جھنڈیوں، بینرز اور تصاویر سے خوش اسلوبی سے آراستہ کیا گیا۔
پہلا روز: جلسہ سالانہ کا افتتاح مورخہ ۲۵؍اپریل بروز جمعۃ المبارک پرچم کشائی کی تقریب کے ساتھ عمل میں آیا۔ خاکسار (نیشنل صدر و مبلغ انچارج جماعت احمدیہ برازیل) نے لوائے احمدیت جبکہ مکرم حافظ احتشام احمد مومن صاحب مبلغ سلسلہ نے برازیل کا پرچم لہرایا اور خاکسار نے دعا کروائی۔ بعد ازاں جمعہ کی ادائیگی کی گئی۔ خطبہ جمعہ میں حضرت مسیح موعودؑ کی تحریرات کی روشنی میں جلسہ سالانہ کے مقاصد اور اس کی اہمیت کا ذکر کیا گیا۔

نمازوں کی ادائیگی اور کھانے کے وقفہ کے بعد شام کا اجلاس مکرم ندیم احمد طاہرصاحب صدر ہیومینٹی فرسٹ برازیل کی صدارت میں ہوا۔ اس میں تلاوت قرآن کریم مکرم حافظ احتشام احمد مومن صاحب نے پیش کی جس کے بعد مکرم اعجاز احمد ظفر صاحب نے نظم پڑھی۔ خاکسار نے جلسہ سالانہ کے موقع پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا ارسال کردہ خصوصی پیغام پڑھ کر سنایا اور ’’خلافت سے وابستگی‘‘ کے موضوع پر تقریر کی۔ مکرم تکریم احمد ظفر صاحب نے ’’میڈیا کے استعمال‘‘ کے موضوع پر تقریر کی اور صدر مجلس نے سب سے پہلے سامعین کو حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے پیغام کے مطابق عمل کرنے کی طرف توجہ دلائی اور اس کے بعد ’’موجودہ دور میں ایک احمدی نوجوان کا کردار‘‘ کے موضوع پر تقریر کی۔

دوسرا روز:اگلے روز مورخہ ۲۶؍اپریل بروز ہفتہ باجماعت نماز تہجد و نماز فجرادا کی گئی اور درس القرآن دیا گیا۔ اس روز صبح کے اجلاس میں مردوں کے اجلاس کی صدارت مکرم اعجاز احمد ظفر صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ برازیل اور مستورات کے اجلاس کی صدارت مکرمہ انیلہ ظفر صاحبہ صدر لجنہ اماء اللہ برازیل نے کی جن کے الگ الگ اجلاس ہوئے۔
کھانے اور نمازظہر و عصر کے وقفہ کے بعد شام کو نومبائعین کے ساتھ ایک خصوصی اجلاس ہوا جس کی صدارت مکرم حافظ احتشام احمدمومن صاحب نے کی۔ اس اجلاس میں تلاوت قرآن کریم کینیڈا سے آنے والے ایک دوست مکرم مقصود احمد صاحب نے پیش کی، نظم مکرم ندیم احمدطاہر صاحب نے پڑھی، ملفوظات سے ایک اقتباس مکرم مزمل ذیشان صاحب نے پیش کيا۔ خاکسار نے ’’مالی قربانی‘‘ کے موضوع پر تقریر کی۔ کینیڈا سے آنے والے مکرم چودھری ریاض احمدباجوہ صاحب نے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور یہ نصیحت کی کہ بیعت کرنے کے بعدتبلیغ کا کام کرنا چاہيے اور جتنا بھی کوئی خدمت کا کام کر سکے اس کو بجا لانا چاہيے، مکرم اعجاز احمد ظفر صاحب نے ’’جدید دور میں تبلیغی ذرائع‘‘ اور صدر مجلس نے ’’اطاعت کی اہمیت اور جماعتی ترقی‘‘ کے موضوعات پر تقاریر کیں۔
تیسرا روز: مورخہ ۲۷؍اپریل بروز اتوار نماز تہجد باجماعت ادا کی گئی اورحسب معمول نماز فجر کی ادائیگی کے بعد قرآن کریم کا درس دیا گیا۔
پروگرام کے مطابق گیارہ بجے اختتامی اجلاس خاکسار کی صدارت میں شروع ہوا۔ اس اجلاس میں دُور و نزدیک سے کم و بیش ۱۲۵؍افراد نے شرکت کی جن میں زیادہ تعداد مقامی مہمانوں کی تھی۔ شہر پیٹروپولس سے تعلق رکھنے والے صوبائی ممبر پارلیمنٹ جناب Yuri Moura نے شرکت کی۔ ان کے علاوہ مختلف سیاسی، مذہبی اور سماجی نمائندگان بھی شامل ہوئے۔ مذاہب کی نمائندگی میں اسلام کے علاوہ یہودیت، عیسائیت، بدھ مت، روحانیت اور فری میسن وغیرہ کے نمائندگان نے شرکت کی۔ مشن ہاؤس کے ہال کے علاوہ ملحقہ گیلری بھی بھری ہوئی تھی جس کے پیش نظر افراد جماعت کے ليے نچلے ہال میں بھی انتظام کرنا پڑا۔
اس اختتامی اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جو مکرم عبدالقدوس صاحب نے پیش کی اور مکرم تکریم احمد ظفر صاحب نےحضرت مسیح موعودؑ کا پاکیزہ منظوم کلام پڑھا اور پرتگیزی میں ترجمہ پیش کیا جس کے بعد مکرم ندیم احمد طاہر صاحب نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ایمان افروز پیغام کا پرتگیزی زبان میں ترجمہ پڑھ کر سنایا اور مکرم حافظ احتشام مومن صاحب نے اپنی تقریر میں جماعت احمدیہ کے قیام کا مقصد بیان کیا۔ مکرم اعجاز احمد ظفر صاحب نے ہیو مینٹی فرسٹ کاتعارف کروایا اور اس ضمن میں برازیل میں جماعتی خدمات کا بھی ذکر کیا۔
شہر کی سابق سیکرٹری ثقافت Diana Iliescu نے بھی جلسہ سالانہ میں شمولیت اختیار کی اور کونسلر Livia Miranda کی نمائندگی کرتے ہوئے جماعت احمدیہ کے سوشل کاموں کا شکریہ ادا کیا اور بتایا کے آپ کا اس شہر میں بہت اہم کردار ہے۔ Nova Iguaçu شہر کی سوشل اسسٹنٹ سیکرٹری Elaine Medeiros نے بتایا کے اس جلسہ سے بہت متاثر ہو کر جا رہی ہیں۔ انہوں نے اپنے شہر میں جماعت کی خدمات کا بھی شکریہ ادا کیا۔ مختلف مذہبی و سیاسی نمائندگان نے بھی باری باری اپنے خیالات کا اظہار کیا اور جلسہ سالانہ میں شمولیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے مبارکباد دی۔ ان میں صوبائی ممبر پارلیمنٹ جناب Yuri Moura شہر پیٹروپولس کے سابق کونسلر جناب Mauro Peralta پیٹروپولس شہر کی تاریخ کے انسٹیٹیوٹ کی صدر Elizabete Maller۔ ریو شہر کے ایک پولیس انسپکٹر Gilson Bento اور مختلف مذاہب کے مزید ۶؍نمائندگان بھی شامل تھے۔ ہمارے شہر کی ایک مین اخبارDiario de Petropolis کی ایڈیٹر Jaqueline Gomes نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اوراپنے جلسہ سالانہ یوکے میں شرکت کے تجربات بیان کرکے جماعت کا شکریہ ادا کیا۔
آخر میں خاکسار نے جلسہ سالانہ کے مرکزی موضوع پر تقریر کرتے ہوئے قرآن کریم کی تعلیم اور آنحضرت ﷺ کے اسوۂ حسنہ سے بتایا کہ کس طرح ہمیں انسانی اقدار اپنانے ہیں۔ یہ اجلاس کم و بیش اڑھائی گھنٹے تک جاری رہا۔ خاکسار نے دُور و نزدیک سے آنے والےسب مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور اختتامی دعا کروائی۔
جلسہ کےبعد بہت سے شاملین جلسہ نے سوشل میڈیا پر اس جلسہ کی فوٹوز اپلوڈ کیں اور بڑے اچھے الفاظ میں اپنے تاثرات بیان کيے جس میں جماعت کی مذہبی رواداری کو خوب سراہا اور مبارکبادیں دیں۔
امسال بھی جلسہ سالانہ کے اختتامی اجلاس کی کارروائی براہ راست نشر کی گئی۔ الحمدللہ
میڈیا: شہر کے دو اخباروں Diario de Petrópolis اور Tribuna de Petropolis نے اس جلسہ سالانہ کی پہلے اور بعد میں تصویروں کے ساتھ بہت تفصیلی رپورٹس شائع کیں۔ اسی طرح فیس بک، انسٹاگرام وغیرہ پر بھی جلسہ کے بارے میں رپورٹس اور فوٹوز اپلوڈ ہوتی رہیں۔ بےشمار لوگوں نے اپنے اپنے سوشل میڈیا کے اکاؤنٹس پر اس جلسہ کی رپورٹس اور فوٹوز اپلوڈ کیں۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس طرح وسیع پیمانہ پر جماعت کا پیغام پہنچانے اور تعارف کروانے کا موقع ملا۔ الحمدللہ
کینیڈین وفد:امسال جلسہ سالانہ برازیل کے موقع پر کینیڈا سے ۵؍افراد پر مشتمل ایک وفد نے بھی شرکت کی۔
نمائش:ہر سال کی طرح اس جلسہ کے موقع پربھی لوگوں کے استفادہ کے ليے تراجم قرآن کریم، پرتگیزی کتب و دیگر لٹریچر پر مشتمل ایک نمائش بھی لگائی گئی۔
اندرون و بیرون ملک سے آنے والے سب ممبران کے قیام و طعام کا انتظام مشن ہاؤس میں کیا گیا تھا۔ بیرون ملک سے پہلی دفعہ آنے والوں کے ليے جلسہ سالانہ میں شرکت کے علاوہ مختلف جگہوں کی سیر کا بھی انتظام کیا گیا تھا۔
اللہ تعالیٰ تمام شاملین جلسہ کو بھرپور استفادہ کرنے کی توفیق بخشے نیز انہیں شاملین جلسہ کے حق میں حضرت مسیح موعودؑ کی خاص دعاؤں کا وارث بنائے۔ آمین
(رپورٹ:وسیم احمد ظفر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے اکتیسویں جلسہ سالانہ برازیل ۲۰۲۵ء کے موقع پر بصیرت افروز پیغام کا اردو مفہوم
پیارے احباب جماعت احمدیہ برازیل،
السلام علیکم و رحمۃ اللہ وبرکاتہ
مجھے بہت خوشی ہے کہ آپ اپنا ۳۱واں جلسہ سالانہ ۲۶،۲۵ اور۲۷؍اپریل ۲۰۲۵ء کو منعقد کر رہے ہیں۔ میری دلی دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کے جلسہ کو بہت کامیاب کرے اور آپ سب بےپناہ برکتیں حاصل کریں، ہمارے دین اسلام اور ہمارے پیارے نبی آنحضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات اور ہدایات کے متعلق اپنے علم اور فہم کو بڑھائیں۔
یاد رکھیں کہ یہ کوئی عام دنیاوی تقریب یا میلہ نہیں۔ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے فرمایا: ’’اس جلسہ کے اغراض میں سے بڑی غرض تو یہ ہے کہ تا ہر ایک مخلص کو بالمواجہ دینی فائدہ اٹھانے کا موقع ملے اور ان کے معلومات وسیع ہوں اور خدا تعالیٰ کے فضل و توفیق سے ان کی معرفت ترقی پذیر ہو۔ پھر اس کے ضمن میں یہ بھی فوائد ہیں کہ اس ملاقات سے تمام بھائیوں کا تعارف بڑھے گا اور اس جماعت کے تعلقات اخوّت استحکام پذیر ہوں گے…‘‘(اشتہار۲۷؍ دسمبر ۱۸۹۲ء، مجموعہ اشتہارات جلد ۱ صفحہ ۳۶۰، ایڈیشن ۲۰۱۹ء)
اس لیے آپ کو جلسہ کے مقدس ماحول سے بھر پور فائدہ اٹھانے اور اپنے تقویٰ یعنی راستبازی کے معیار کو بڑھانے کی کوشش کرنی چاہیے اور اپنے اندر اللہ تعالیٰ کا حقیقی خوف پیدا کریں۔ آپ کو مسلسل خود احتسابی سے کام لینا چاہیے اور اپنے اندرون کو بہتر کرنے کی ہر ممکنہ کوشش کریں اور اپنی اخلاقی حالت کو پاک کریں تاکہ آپ ان بلند معیاروں کو پاسکیں جن کی توقع حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے اپنی جماعت کے ممبران سے کی ہے۔
یقیناً یہ جلسہ آپ کے دلوں میں نرمی، شفقت اور عاجزی پیدا کرنے والا ہونا چاہیے۔ یہ نہ صرف جماعت کے اندر پیار اور بھائی چارہ کے رشتوں کو بڑھانے کا ذریعہ ہونا چاہیے بلکہ ایک دوسرے کا خیال رکھنے میں اور بڑے پیمانے پر انسانیت کی خدمت کرنے میں آپ کو ایک عمدہ مثال قائم کرنے والا بنانا چاہیے۔ آپ کو اپنے روزمرہ کے طرزعمل اور رویے میں عاجزی اور نرمی پیدا کرنی چاہیے۔ سب سے بڑھ کر یہ کہ آپ اسلام کی خدمت کا شوق اور جذبہ پیدا کریں اور ہمارے خالق اللہ تعالیٰ کے ساتھ ایک زندہ تعلق قائم کرنے کی کوشش کریں۔
اس حوالے سے حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے فرمایا: یہ وہ امور اور وہ شرائط ہیں جو مَیں ابتدا سے کہتا چلا آیا ہوں۔ میری جماعت میں سے ہر ایک فرد پر لازم ہوگا کہ اُن تمام وصیتوں کے کاربند ہوں اور چاہیے کہ تمہاری مجلسوں میں کوئی ناپاکی اور ٹھٹھے اور ہنسی کا مشغلہ نہ ہو۔ اور نیک دل اور پاک طبع اور پاک خیال ہوکر زمین پر چلو۔ اور یاد رکھو کہ ہر ایک شر مقابلہ کے لائق نہیں ہے۔ اس لئے لازم ہے کہ اکثر اوقات عفو اور درگذر کی عادت ڈالو اور صبر اور حلم سے کام لو… خدا تعالیٰ چاہتا ہے کہ تمہیں ایک ایسی جماعت بناوے کہ تم تمام دنیا کے لئے نیکی اور راستبازی کا نمونہ ٹھہرو۔ (اشتہار ۲۹؍مئی۱۸۹۸ء، مجموعہ اشتہارات جلد۲صفحہ۴۳۴)
شرائط بیعت پر عمل کرنے کی ہرممکنہ کوشش کریں۔ یاد رکھیں کہ ہر ایک شرطِ بیعت اپنے اندر بے انتہا حکمتیں رکھتی ہے۔ ایک احمدی مسلمان کو اپنا ایمان زندہ رکھنے کے ليے ہر ایک شرط بیعت پر غور کرتے رہنا چاہيے۔
اس سلسلہ میں حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام فرماتے ہیں: ’’بیعت اگر دل سے نہیں تو کوئی نتیجہ اس کا نہیں میری بیعت سے خدا دل کا اقرار چاہتا ہے پس جو سچے دل سے مجھے قبول کرتا اوراپنے گناہوں سے سچی توبہ کرتاہے، غفور و رحیم خدا اُس کے گناہوں کو ضرور بخش دیتاہے اور وہ ایساہو جاتا ہے جیسے ماں کے پیٹ سے نکلا ہے۔تب فرشتے اس کی حفاظت کرتے ہیں۔‘‘(ملفوظات جلد سوم صفحہ ۶۲۔ایڈیشن ۲۰۲۲ء )
یاد رکھیں کہ خلافت احمدیہ کا کام حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کے مشن کو آگے بڑھانا ہے۔ جب احمدی خلیفۃ المسیح کے ہاتھ پر بیعت کرتے ہیں تو یہ بھی ضروری ہے کہ وہ اس عہد کو پورا کرنے کی کوشش کریں۔ اگر جماعت کا ہر ممبر خلیفۃ المسیح کی دی ہوئیں ہدایات اور راہنمائی پر اخلاص سے عمل کرے تو اطاعت اور اتحاد کے اعلیٰ ترین معیار قائم ہوں گے اور اس کے نتیجے میں جماعت انسانیت کو اللہ تعالیٰ کی عبادت کی طرف واپس لانے اور دنیا میں امن و ہم آہنگی قائم کرنے کے اپنے کام میں بہت ترقی کرے گی۔
میں آپ کو تاکید کرتا ہوں کہ خلافت احمدیہ کے الٰہی نظام کو اولین ترجیح دیں۔ خلیفۃ المسیح کے ساتھ ایک قریبی تعلق قائم کرنے کی کوشش کریں اور ہمیشہ وفادار رہیں۔ آپ کو ایم ٹی اے کثرت سے دیکھنا چاہیے اور اپنے اہل خصوصاً اپنے بچوں کو بھی اس کی تلقین کرتے رہیں۔ خصوصی طور پر میرے خطبات جمعہ باقاعدگی سے سنیں نیز دیگر خطابات میں میری دی گئی ہدایات پر عمل کریں۔
میں تبلیغ کے حوالے سے آپ کی ذمہ داریوں کی طرف بھی توجہ دلانا چاہتا ہوں، جو ہر ایک احمدی کے لیے بہت ضروری ہے۔ آپ کو سمجھداری سے منصوبہ بندی کرنی چاہیے اور برازیل کے تمام لوگوں تک اسلام کے پرامن پیغام کو پہنچانے کے لیے نئے طریقوں اور ذرائع کی تلاش میں رہنا چاہیے۔
آخر پر میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کو توفیق دے کہ آپ اپنے جلسہ کی کارروائی سے بھر پور استفادہ کریں اور اپنے ایمان کو مضبوط کریں۔ خدا تعالیٰ آپ کی زندگیوں میں ایک حقیقی تبدیلی پیدا فرمائے اور تقویٰ اور نیک اعمال میں بڑھائے نیز اسلام اور انسانیت کی خدمت کی زیادہ سے زیادہ توفیق دے۔ اللہ تعالیٰ آپ سب پر فضل فرمائے۔
مزید پڑھیں: واقفین نو فن لینڈ کا سالانہ نیشنل اجتماع ۲۰۲۵ء




