امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ساتھ جماعت احمدیہ کی مرکزی ویب سائٹ alislam.org کے ٹیم ممبران کی ملاقات
٭…حضورِ انور نے اپنے دستِ مبارک سے readhadithکی نئی موبائل ایپ کا باقاعدہ اجرا فرمایا
٭…اس دفعہ لگتا ہے کہ آپ لوگوں نے صحیح کام کیا ہے۔ improvement بہتر ہے۔اس دفعہ لگتا ہے کچھ achievements ہیں اور کوئی محنت کی ہوئی ہے
مورخہ ۷؍ فروری ۲۰۲۶ء بروزہفتہ امام جماعت احمدیہ حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکے ساتھ جماعت احمدیہ کی مرکزی ویب سائٹwww.alislam.orgکے رضاکاران کی ٹیم پر مشتمل چودہ (۱۴) رکنی وفد کو بالمشافہ شرفِ ملاقات حاصل ہوا۔ یہ ملاقات اسلام آباد (ٹِلفورڈ) میں منعقد ہوئی۔
جب حضورِ انور مجلس میں رونق افروز ہوئے تو آپ نےتمام شاملینِ مجلس کو السلام علیکم کا تحفہ عنایت فرمایا۔ ملاقات کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآنِ کریم سے ہوا۔

دورانِ ملاقات شاملینِ مجلس کو یہ سعادت بھی حاصل ہوئی کہ وہ پریزنٹیشنز کی صورت میں حضورِ انور کی خدمتِ اقدس میں اپنی مساعی کی مختصر تفصیل پیش کر سکیں، اور اس کی روشنی میں حضورِ انور کی زبانِ مبارک سے پُرمعارف، بصیرت افروز اور قیمتی نصائح پر مشتمل راہنمائی حاصل کرنے کی توفیق بھی پائی۔
سب سے پہلے حضورِ انور کی خدمت ِاقدس میں ویب سائٹ کے قرآن سیکشن کے حوالے سے تازہ ترین پیش رفت کی بابت عرض کیا گیا کہ تلاش کے نظام میں نمایاں بہتری لائی گئی ہے اور اضافی حوالہ جات و احادیث کے براہِ راست لنکس شامل کیے گئے ہیں۔ نیز عرض کیا گیا کہ ہم نے ایک سرچ اسسٹنٹ شامل کیا ہے، جو پسِ منظر میں AI (مصنوعی ذہانت) استعمال کرتا ہے۔ اس سرچ اسسٹنٹ کے ذریعہ اب ہم کسی مخصوص موضوع یا عنوان سے متعلق آیات تلاش کر سکتے ہیں۔ اس سے قبل ہمیں معیّن الفاظ استعمال کرنے پڑتے تھے ، جو کسی آیت یا اس کے ترجمے سے ملتے ہوں، لیکن اب ہم کسی بھی موضوع پر سرچ کر سکتے ہیں اور ہمارے تراجم اور تفاسیر کی بنیاد پر AI ان آیات کی نشاندہی کرے گی، جہاں اس موضوع پر روشنی ڈالی گئی ہو اور چاہے مخصوص کلیدی لفظ متن میں موجود نہ ہو۔
تلاش کی بہتری کا عملی مظاہرہ دکھانے کے لیے اللہ سے محبّت کے موضوع کی تلاش کی گئی، جس کا گذشتہ روزکے خطبے میں ذکر ہوا تھا، تو سسٹم نے فوراً سورہ آل عمران کی متعلقہ آیت دکھا دی۔ اسی طرح مقصدِ زندگی کی تلاش پر سورۃ الذّاریات کی مخصوص آیت فوری طور پر نمودار ہوئی۔
مزید برآں حوالہ جات کے اضافے کو بھی اُجاگر کرتے ہوئے عرض کیا گیا کہ صارفین اب حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام اور خلفائے کرام کی کُتب، بشمول خطبات، کے حوالہ جات بھی دیکھ سکتے ہیں۔ عملی مظاہرے میں دکھایا گیا کہ سورۃ المائدہ کی کسی آیت کے لیے حوالہ کی آپشن پر کلک کرنے سے روحانی خزائن،ملفوظات اور خلفائے کرام کے خطبات کی کُتب کے لنکس ظاہر ہوتے ہیں۔
آیات اور صفحات کی ہائپرلنکنگ کی بابت دکھایا گیا کہ کس طرح ایک آیت کو، جماعتی کُتب جیسے خطبات محمود میں مخصوص صفحات سے منسلک کیا گیا ہے، جس سے صارف براہِ راست اس صفحے پر جا سکتا ہے کہ جہاں آیت پر تبصرہ کیا گیا ہو۔

حضورِ انور نے اس بہتری بالخصوص احادیث کے حوالے اور اقتباسات کے اضافےپر اظہارِ اطمینان کرتےہوئے ہدایت فرمائی کہ اس حوالے سے صارفین کی راہنمائی کے لیے ایک گائیڈ یا ٹیوٹوریل بھی تیار کیا جائے،جس میں یہ بتایا جائے کہ ان حوالوں کو کیسے کھولا جاسکتا ہے اور ان میں مزید کیسے آگے بڑھا جا سکتا ہے تاکہ تکنیکی معلومات نہ رکھنے والے افراد بھی بآسانی ان خصوصیات سے مؤثر طریقے سے مستفید ہو سکیں۔اس پر ٹیم نے عرض کی کہ وہ یہ راہنمائی جلد ہی شامل کر دیں گے۔
بعدازاں حضورِ انور کی خدمتِ اقدس میں ایک اَور ٹیم ممبر کو حدیث ایپ کا ڈیمو (Demo) پیش کرنے کی سعادت حاصل ہوئی۔ انہوں نے عرض کیا کہ اس ایپ کو readhadith.app کے ذریعے دیکھا جا سکتا ہے۔ قرآن ایپ کے ساتھ اب احادیث پڑھنے کے لیے اور تلاش کرنے کےلیے احادیث کے ٹیکسٹ کا ڈیٹا بیس تیار کیا گیا ہے۔اس میں فی الحال صحیح بخاری، صحیح مسلم، سنن ابنِ ماجہ کی ایک جلد، حدیقۃ الصالحین کے اُردو تراجم اور ریاض الصّالحین کا انگریزی ترجمہ شامل ہے۔ بعدازاں صحیح بخاری کی پہلی جلد کا انگریزی ترجمہ بھی شامل کیا جائے گا۔یہ ڈیٹا بیس الاسلام کے لیے مقرر کردہ مبلغین نے تیار کرنے کی توفیق پائی ہے اور اس کاوش میں ایک ٹیم ممبرکی نمایاں خدمت شامل ہے۔
پھر انہوں نے عملی مظاہرہ کرتے ہوئے ایپ کا انٹرفیس دکھایا کہ یہ اس ایپ کا پہلا صفحہ ہے ، جہاں حدیث کے مجموعے پر کلک کرنے سے ہم انہیں کھول سکتے ہیں اور اس سے فہرستِ مضامین سامنے آ جائے گی۔ کسی بھی کتاب یا مضمون پر کلک کر کے ہم اس میں موجود تمام احادیث پڑھ سکتے ہیں۔ مثلاً مَیں کتاب بدء الوحی پر کلک کرتا ہوں، تو اس میں موجود تمام احادیث سامنے آ جائیں گی۔
اس پر حضورِ انور نے فرمایا کہ بعض حدیثیں ایسی ہیں، جو بخاری میں یا مسلم میں ایک عنوان کے تحت ایک جگہ آئی ہوئی ہیں، لیکن دوسری جگہ اسی طرح کسی اَور دوسرے ٹاپک میں بھی ہیں، یاکسی دوسرے باب میں آ جاتی ہیں۔
جس پر حضورِ انور کی خدمتِ اقدس میں عرض کیا گیا کہ اس میں یہ ہم نے سہولت ڈالی ہے کہ ہر حدیث کے اُوپر ہم نے ایک متعلقہ احادیث کا لنک دیا ہوا ہے ، تو اس میں ایک ہی مضمون کی احادیث ہماری پوری کولیکشن میں، ڈیٹا بیس میں، جہاں جہاں پر اس مضمون کی اَور احادیث ہوں گی تو وہ بھی دیکھی جا سکتی ہیں۔بے شک کسی اور باب میں بھی ہوں۔ مَیں اگراس پر کلک کروں تو یہ ہمیں ساری کولیکشن سے احادیث نکال دیں گی۔
عرض کیا گیا کہ بغرضِ توجہ اہم عبارت بولڈ کی گئی ہے اوراحادیث میں مذکورہ قرآنی آیات کو قرآن ایپ کے ساتھ ہائپر لنک کیا گیا ہے۔اسی طرح قرآن ایپ بھی متعلقہ احادیث سے واپس لنک فراہم کرتا ہے۔
مزید برآں حضورِ انور نے مصنوعی ذہانت(AI) اور اس کے استعمال کے حوالے سےحالیہ رپورٹس کا بھی تذکرہ فرمایا جن میں مصنوعی ذہانت پر ضرورت سے زیادہ انحصار سے خبردار کیا گیا تھا کہAIکبھی کبھار غلط حوالے یا غیر متعلقہ مواد بھی فراہم کر سکتا ہے۔اس تناظر میں حضورِ انور نےAI کے فراہم کردہ حوالوں کی تصدیق کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
ایک ٹیم ممبر نے iOSاورAndroidکے لیے مختص موبائل ایپ کا تعارف پیش کیا۔ انہوں نے عرض کیا کہ یہ ایپ آف لائن استعمال کی سہولت فراہم کرتی ہے کیونکہ کولیکشن ڈیوائس میں محفوظ رہتی ہے۔ اس میں بُک مارک کرنے، شیئر کرنے، فونٹ کے سائز کو تبدیل کرنے اور ہلکے اور گہرے تھیم کے درمیان سوئچ کرنے جیسی خصوصیات بھی شامل ہیں۔ایپ پوری کولیکشن میں تلاش کر سکتی ہے تاکہ مخصوص موضوعات کو تلاش کیا جا سکے۔ نیزصارفین کے لیے فیڈ بیک بٹن بھی شامل کیا گیا ہے جس کے ذریعے وہ براہِ راست ٹیم کو مسائل رپورٹ کر سکتے ہیں۔
پھر چیئرمین صاحب الاسلام کو حضورِ انور کی خدمتِ اقدس میں موبائل فون پیش کرنے کی سعادت حاصل ہوئی، جس کے ذریعے حضورِ انور نے اپنے دستِ مبارک سے readhadithکی نئی موبائل ایپ کا باقاعدہ اجرا فرمایا۔
الاسلام ٹیم کے ساتھ خدمت بجا لانے والے ایک مبلغ سلسلہ نے الحکم اور الفضل میں مضامین کو ہائپر لنک کرنے کے حوالے سے مساعی کو پیش کیا۔ انہوں نے اشاعتوں کو براہِ راست اصل ماخذ سے مربوط کرنے کی بابت حضورِ انورکی گذشتہ ہدایات کو یاد دلاتے ہوئے عرض کیا کہ اب تک ۲۰۰؍ سےزائد مضامین اور پچھلے سال کے خطباتِ جمعہ پر یہ عمل مکمل کیا جا چکا ہے۔ اب جب کسی قاری کو کسی مضمون میں حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃوالسلام کا کوئی اقتباس، قرآنی آیت یا حدیث ملتی ہے، تو وہ اس حوالے پر کلک کر کے براہِ راست اصل صفحے یا آیت پر جا سکتے ہیں۔ اس سے یہ اَمر یقینی بنتا ہے کہ قارئین کو ثانوی حوالوں پر انحصار کرنے کی ضرورت نہیں بلکہ وہ فوراً مستند ذرائع سے سیاق و سباق کی تصدیق کر سکتے ہیں۔
ایک اَور ٹیم ممبر نے مصنوعی ذہانت(AI) اور الاسلام کے درمیان تعامل کی وضاحت کرتے ہوئے عرض کیاکہ ٹیم اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کوشاں ہے کہAIسسٹمز مستند جماعتی لٹریچر پر مشتمل مواد سے راہنمائی حاصل کریں۔
موصوف نےعملی مظاہرہ پیش کرتے ہوئے دکھایا کہ ویب سائٹ کو اس انداز میں ترتیب دیا گیا ہے کہ اے آئی crawlers (انٹرنیٹ پر خودکار طور پر مواد تلاش کرنے اور پڑھنے والے سافٹ ویئر پروگرامز) اسے مؤثر طریقے سے پڑھ سکیں۔ نتیجۃًجبAIٹولز سے سوال کیے جاتے ہیں مثلاً تازہ ترین خطبہ جمعہ تلاش کرنے کے لیے، تو وہ اب درست جواب فراہم کرتے ہیں، جن کے حوالہ جات براہِ راست الاسلام سے منسلک ہوتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی نشاندہی کی کہ بڑے پلیٹ فارمز کے لیےآپشنز فعّال کیے گئے ہیں جن کے ذریعے وہ اپنے ذاتی AI ماڈلز کو الاسلام کے ویب سائٹ پر موجود مستند معلومات سے تربیت دے سکتے ہیں تا کہ AI غلط معلومات کی بجائے قابلِ اعتماد اور معتبر ذرائع سے سیکھے۔ آخر میں انہوں نےعرض کیا کہ ٹیم کا مقصد یہ ہے کہ ہمارا مواد AI پر اثر انداز ہونہ کہ AI ہمارے مواد کو متأثر کرے۔
مارکیٹنگ اور تجزیاتی رپورٹ پیش کرتے ہوئے عرض کیا گیا کہ حضورِ انور کی ایک گذشتہ ہدایت کی روشنی میں فیچرز کے بہتر فروغ اور دیگر شعبہ جات کے ساتھ اشتراک کے تحت ٹیم نے اپنے نیوز لیٹر کو ازسرِ نو مرتب کیا جس کے نتیجے میں اسے کھولنے اور پڑھنے والوں کی شرح ۳۵؍فیصد تک پہنچ گئی ہے جو کہ عمومی صنعتی معیار سے نمایاں طور پر زیادہ ہے۔
اسی طرح بیان کیا گیا کہ الاسلام ٹیم نے ایم ٹی اے کے ساتھ باہمی تعاون کیا ہے جس کے نتیجے میں قرآنِ کریم اور سائنس کے موضوع پر ایک سلسلہ تیار کیا گیا، اور سوشل میڈیا چینلز کے ذریعے ڈیجیٹل لائبریری کو نمایاں طور پر اُجاگر کیا گیا۔
تجزیاتی جائزے کے حوالے سےعرض کیا گیا کہ نئی ویب سائٹ پر صارفین کی شمولیت (Engagement Time) میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ حضورِ انور نے جولائی اور اکتوبر میں صارفین کے گراف میں اچانک اضافے کے بارے میں دریافت فرمایاتو عرض کیا گیا کہ جولائی میں یہ اضافہ جلسہ سالانہ کی وجہ سے تھاجبکہ اکتوبر میں مختلف اجتماعات کے باعث صارفین کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔
اسی طرح مزید ان ٹیم ممبران کو بھی مختصر تعارف پیش کرنے کا موقع ملا جو لائبریری پراجیکٹ، اوپن قرآن، اِی بُکس، موبائل ایپس، کوالٹی ایشورنس اور خطبہ جمعہ سیکشن پر کام کرنے کی توفیق پا رہے ہیں۔ یہ بھی نشاندہی کی گئی کہ ڈیجیٹل لائبریری میں اب ۱۵۰۰؍ سے زائد کُتب دستیاب ہیں۔
آخر میں حضورِ انور نے الاسلام ٹیم کی مساعی اورعمدہ پیش رفت کے حوالے سے ٹیم کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے فرمایاکہ اس دفعہ لگتا ہے کہ آپ لوگوں نے صحیح کام کیا ہے۔ improvement بہتر ہے۔اس دفعہ لگتا ہے کچھ achievements ہیں اور کوئی محنت کی ہوئی ہے۔ حضور انور نے الاسلام ویب سائٹ کو بنفسِ نفیس ملاحظہ فرمانے کے حوالے سے فرمایا کہ مَیں اسے کھول کے دیکھتا رہتا ہوں۔ نیز قرآنِ شریف کی ایپلیکیشنکے بارے میں فرمایا کہ اس میں یہ اچھا ہے کہ جس طرح مرضی لکھ دو توسارا مواد سامنےآجاتا ہے ۔اور یہ جو نئی دو چیزیں ڈالی ہیں، حدیث کے ریفرنس اور حوالہ جات ، یہ بھی بڑی اچھی بات ہو گئی ہے۔
ملاقات کے اختتام پر تمام شاملینِ مجلس کو اپنے محبوب آقا کے ساتھ گروپ تصویر بنوانے اور آپ کے دستِ مبارک سے قلم بطورتبرک حاصل کرنے کی سعادت بھی نصیب ہوئی ۔
الغرض یہ معلوماتی اور روح پرور نشست حضورِ انور کے دعائیہ کلمات ’’السلام علیکم‘‘پر بخیر و خوبی اختتام پذیر ہوئی۔




