جماعت احمدیہ کوسوو میں پہلی بار قرآن کریم سیمینار کا انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ کوسوو کے تحت پرشتینا میں مورخہ ۲۱؍دسمبر ۲۰۲۵ء کو جماعت کے مرکز میں پہلی مرتبہ قرآن کریم سیمینار منعقد ہوا۔ اس بابرکت اور روحانی سیمینار میں کوسوو کے مختلف علاقوں سے جماعت کے احباب اور مہمانوں نے شرکت کی۔ سیمینار کا مقصد قرآن کریم کی تلاوت، اس کے فہم اور اس پر عمل کرنے کی اہمیت کو اجاگر کرنا تھا۔

بعد از نماز عشاء اس پروگرام کی صدارت مکرم شکیقم بیتیقی صاحب نیشنل سیکرٹری تربیت و لوکل معلم نے کی۔ سیمینار کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ اس کے بعد ان موضوعات پر تقاریر ہوئیں: ’’قرآن کریم کی فصاحت و بلاغت کا معجزہ‘‘ از صدر اجلاس، ’’جماعت احمدیہ عالمگیر کی قرآن کریم کے حوالے سے خدمات‘‘ از مکرم بسمیر صاحب نیشنل سیکرٹری اشاعت اور ’’قرآن کو پڑھیں، سمجھیں اور اس پر عمل کریں‘‘ از خاکسار (نیشنل صدر و مبلغ سلسلہ جماعت احمدیہ کوسوو)۔

پروگرام کا اختتام دعا کے ساتھ ہوا جو مکرم محمد پیکی صاحب نائب صدر جماعت احمدیہ کوسوو نے کروائی۔ بعدازاں شاملین سیمینار کی کھانے سے تواضع کی گئی اور سوال و جواب کا ایک اجلاس بھی منعقد ہوا جس میں حاضرین نے نہایت دلچسپی کے ساتھ سوالات کیے اور اپنے تاثرات کا اظہار کیا۔
اس سیمینار میں کل ۳۰؍احباب نے شرکت کی جن میں مرد، خواتین، بچے اور مہمان شامل تھے۔ شرکاء متروویتسا، پرشتینا، پیجہ اور فوشہ کوسوو سے تشریف لائے۔
اللہ تعالیٰ ہمیں مزید قرآن کریم کی خدمت کرنے اور اس کی حقیقی تعلیمات کو دنیا تک پہنچانے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ:جناح الدین سیف۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭
مزید پڑھیں: واقفین نو فن لینڈ کا سالانہ نیشنل اجتماع ۲۰۲۵ء




