جماعت احمدیہ سوئٹزرلینڈ کے زیر اہتمام نیشنل تعلیمی سیمینار۲۰۲۵ء
مکرم قاسم احمد خان سراء صاحب نیشنل سیکرٹری تعلیم سوئٹزرلینڈ تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ ۲۹؍نومبر ۲۰۲۵ء بروز ہفتہ جماعت احمدیہ سوئٹزرلینڈ کوشعبہ تعلیم اور شعبہ وقف نو کے زیر اہتمام نیشنل تعلیمی سیمینار منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ اس کا مرکزی موضوع حضرت مسیح موعودؑ کی کتاب ’ضرورۃ الامام‘ تھا جس کا مقصد احباب جماعت میں آپؑ کی تحریرات سے دلچسپی اور محبت قائم کرنا تھا۔

سیمینار کا آغاز صبح سوا گیارہ بجے تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور نظم سے ہوا۔ مکرم منیر احمد منور صاحب مبلغ انچارج جماعت احمدیہ سوئٹزرلینڈ نے افتتاحی کلمات میں حضرت مسیح موعودؑ کی تحریرات کے مطالعہ کی اہمیت کو اجاگر کیا اور دعا کروائی۔
دعا کے بعد حاضرین کو مختلف گروپس میں تقسیم کیا گیا۔ ایک گروپ نے ’’آج کی دنیا میں، جہاں سوشل میڈیا، نظریات اور انفلوئنسرز کا غلبہ ہے، روحانی قیادت کیا کردار ادا کر سکتی ہے؟‘‘ کے موضوع پر مکرم فائز احمد خان صاحب مبلغ سلسلہ اور دوسرے گروپ نے ’’ذاتی روحانی تجربات (خواب، الہامات، جذبات) کو کس طرح ذمہ داری کے ساتھ سمجھا جائے تاکہ انسان خود پسندی یا انتہاپسندی میں مبتلا نہ ہو؟‘‘ کے موضوع پر مکرم عبدالوہاب طیّب صاحب مبلغ سلسلہ کی نگرانی و راہنمائی میں کتاب ’ضرورۃ الامام‘کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ انہی دونوں موضوعات پر دو گروپس نے مستورات کی طرف سیکرٹری تعلیم صاحبہ لجنہ اماء اللہ کی نگرانی میں کام کیا۔ یہ گروپ ورک مردوں اور خواتین کی طرف ایک گھنٹے تک جاری رہے۔ اس دوران بچوں اور بچیوں کے ليے اس کتاب کے متعلق ایک الگ نشست ’’انسانوں کو ایسے شخص کی ضرورت کیوں ہوتی ہے جو انہیں بتائے کہ کیا درست ہے اور کیا غلط؟‘‘کے موضوع پر مکرم ارسلان احمد چیمہ صاحب مبلغ سلسلہ کی زیرنگرانی جاری رہی۔

کھانے اور نمازوں کے وقفہ کے بعد تمام گروپس نے اپنی اپنی ڈسکشن سے حاصل کردہ نکات احباب کے سامنے پیش کيے۔
مکرم مبلغ انچارج صاحب نے کتاب ’ضرورۃ الامام‘ کا خلاصہ حاضرین کی خدمت میں پیش کیا اور چند سوالات کے جواب دیے۔
مکرم فہیم احمد خاں صاحب مبلغ سلسلہ نے حاضرین کے درمیان ایک آن لائن کوئز کا مقابلہ کروایا جس میں احباب و خواتین نے بڑے جوش و جذبہ سے حصہ لیا۔
آخری تقریر میں مکرم ولید طارق تارنتسر صاحب امیر جماعت احمدیہ سوئٹزرلینڈ نے انتظامیہ کا اس پروگرام کے انعقاد پر شکریہ ادا کیا اور احباب جماعت کو حضرت مسیح موعودؑ کی کتب کے مطالعہ کی طرف توجہ دلائی اور خلافت احمدیہ کے ساتھ پختہ تعلق قائم کرنے کی تلقین کی اور اختتامی دعا کروائی۔
الحمدللہ، یہ سیمینار انتہائی کامیاب رہا جس میں ۱۱۳؍احباب و خواتین شامل ہوئے۔
(رپورٹ:صباح الدین بٹ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭
مزید پڑھیں: احمدیہ ہسپتال ٹلنڈنگ، گیمبیا میں میٹرنٹی وارڈ کا قیام و ترقیاتی منصوبے




