ربوہ کا موسم( ۱۶؍تا ۲۲؍جنوری ۲۰۲۶ء)
۱۶؍جنوری جمعۃ المبارک نماز فجر کے وقت کافی دُھند تھی، جو تمام دن موجود رہی۔ عصر کے بعد صرف ایک گھنٹے کے لیے کچھ دھوپ نکلی پھر ختم ہوگئی۔ ہفتہ کو صبح کے وقت درمیانی دُھند موجود تھی تاہم دوپہر کے وقت صاف ستھری دھوپ نکل آئی اور شام تک چمکتی رہی، پھر ہلکی دُھند نے بسیرا کر لیا۔ اسی طرح اتوار کو بھی دن کے پہلے وقت میں کسی حد تک دُھند تھی پھر صبح ۹بجے سے ہی سورج نکل آیا اور سارا دن دھوپ میں لوگ خوب لطف اندوز ہوئے، یاد رہے کہ دو تین دن سے دھوپ نکل رہی تھی۔ سوموار کو نماز فجر کے وقت ہلکی دُھند اور ہوا چل رہی تھی۔ موسم میں خنکی بڑھی ہوئی تھی۔ دن کے وقت سورج اپنے معمول کے مطابق نمودار ہوا، دھوپ بکھیرنی شروع کی اور تمام دن اسی کام میں مشغول رہا۔
منگل کا موسم بھی کچھ اسی طرح کا تھا۔ صبح اور رات کےوقت ٹھنڈ رہی جبکہ دن کے اوقات میں سورج نے دھوپ پھینکی۔ بدھ کو فجر کے وقت ہلکی دُھند موجود تھی، تاہم وہ دن کے وقت چھَٹ گئی اور سورج نے اپنا منہ نکالا جس کی وجہ سے دن بھر دھوپ چمکتی رہی۔ جمعرات کے دن فجر کے وقت موسم صاف تھا لیکن تیز اور یخ بستہ ہوا چل رہی تھی۔ یہ تیز ہوا تمام دن چلتی رہی دوپہر کے وقت اس کے ساتھ مٹی مل کر جھکڑ کی صورت اختیا ر کرگئی۔ بعد دوپہرآسمان پر ہلکے بادلوں کی تہ چھا گئی، عصر کے وقت یہ بادل گھنے ہوگئے اور جب وہ سورج کے سامنے آتے تو روشنی میں ہی اندھیرا چھانے کا گمان ہوتا۔ بہت سرد ہوا نے موسم کو کافی ٹھنڈا کردیا۔ مغرب کے وقت بوندا باندی شروع ہوگئی جو عشاء تک تیز بارش میں بدل گئی رات دس بجے تک کبھی تیز اور کبھی ہلکی بارش جاری رہی۔ رِم جِھم کا یہ سلسلہ رات گئے تک جاری رہا، جس سے جل تھل ایک ہوگیا۔ اس ہفتہ میں اوسط ٹمپریچر زیادہ سے زیادہ ۱۶؍ اور کم سے کم ۷ درجہ سینٹی گریڈ رہا۔ (ابو سدید)




