سیرالیون میں بو فیسٹیول آف کلچر، آرٹس، سپورٹس اور ٹریڈ میں جماعت کی شرکت
مکرم عقیل احمد صاحب ریجنل مبلغ ساؤتھ ریجن، سیرالیون لکھتے ہیں کہ اللہ کے فضل سے جماعت کو پیغام حق پہنچانے کا ایک بہترین موقع میسر آیا جس کا بھر پورفائدہ اٹھایا گیا۔ مورخہ ۲۰؍دسمبر ۲۰۲۵ء سے ۳؍جنوری ۲۰۲۶ء تک بو سٹیڈیم میں منعقدہ بو فیسٹیول آف کلچر، آرٹس، سپورٹس اور ٹریڈ میں جماعت کو بھرپور شرکت کی توفیق ملی۔ اس میلے میں ملک بھر سے مختلف طبقات کے افراد نے شرکت کی۔ جماعت احمدیہ نے اس موقع پر ایک منظم اور دلکش سٹال لگایا جس کا مقصد اسلامی تعلیمات کا تعارف، امن کا فروغ اور بامعنی سماجی رابطہ تھا۔ اس سٹال میں جماعت کی کتابوں کا حصہ بھی شامل تھا جس کے ذریعے سے جماعت کی کتابوں کی نمائش کی گئی۔ ان کتب میں قرآنِ کریم کے نسخے، اسلام کی حقیقی تعلیمات، امن، بین المذاہب ہم آہنگی اورحضرت مسیح موعودؑ کے مشن کی وضاحت پر مبنی کتب دستیاب تھیں۔ اللہ کے فضل سے فیسٹیول کے دوران اس سٹال پر آنے والوں کی مسلسل آمدورفت رہی اور عوام نے بھرپور فائدہ اٹھایا نیز احمدیت کی تعلیم سے روشناس بھی ہوئے۔ نمائش کے دوران کئی اہم شخصیات نے سٹال کا دورہ کیا۔ ان میں عزت مآب جناب صدر مملکت، چیف منسٹر، وزیرِ اعلیٰ، جالا یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور پرنسپل، پیراماؤنٹ چیفس اور دیگر روایتی راہنما سمیت سرکاری افسران اور اہم سٹیک ہولڈرز شامل تھے۔

عزت مآب صدر مملکت نے بو مِنی سٹیڈیم (Bo Mini Stadium)میں جماعتی سٹال کا بھی دورہ کیا۔ اس موقع پر ان کو کتاب ’Invitation to Ahmadiyyat‘ بطور تحفہ پیش کی گئی۔ کتاب وصول کرتے ہوئے صدرِ مملکت نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا:’’میں جماعت احمدیہ کا قریبی دوست ہوں اور مجھے آپ کی جماعت کی جانب سے یہ تحفہ وصول کر کے خوشی ہوئی ہے۔‘‘
اسی طرح چیف منسٹر نے بھی سٹال کا دورہ کیا۔ ان کو حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی بصیرت افروز کتاب ’عالمی بحران اور امن کی راہ‘ بطور تحفہ پیش کی گئی۔ چیف منسٹر نے اس تحفے کو خوش دلی سے سراہا اور قومی امن و ترقی کے لیے جماعت احمدیہ کی مسلسل خدمات کی تعریف کی۔


الحمدللہ، ان شخصیات کو کتب پیش کرنے کے علاوہ جماعت کے عقائد، فلاحی سرگرمیوں اور امن پسند کردار کے متعلق بھی آگاہ کرنے کی توفیق ملی جس کا عوام الناس پر گہرا اثر ہوا۔ اکثر افراد نے جماعت اور اس کی تعلیمات کے بارے میں مزید جاننے میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔
اسی طرح سٹال کے بارے میں تبصرے بڑے حوصلہ افزا تھے۔ زائرین نے منظم پیشکش، معلومات کی وضاحت اور جماعت کے نمائندگان کے باوقار اور باادب طرزِ عمل کو سراہا اور عوامی آگاہی میں نمایاں اضافہ ہوا۔
ان مذکورہ بالا شخصیات کے علاوہ جماعت کے پمفلٹس اور کتب تقسیم کی گئیں۔ مجموعی طور پر ۵۰۰؍ فلائرز تقسیم کیے گئے۔ اسی طرح بہت سی کتب فروخت بھی کی گئیں۔
اللہ تعالیٰ جماعت احمدیہ عالمگیر کو حضرت مسیح موعودؑ کا پیغام ہر ایک تک احسن رنگ میں پھیلانے کی توفیق عطا فرمائے اور ہر طبقہ کو اسلام احمدیت کی روشنی سے منور فرمائے۔ آمین
(رپورٹ:سید سعید الحسن شاہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: برازیل کے اہم شہر Foz do Iguaçuمیں پیس سمپوزیم کا انعقاد




