برازیل کے اہم شہر Foz do Iguaçuمیں پیس سمپوزیم کا انعقاد
برازیل کا ایک اہم شہر Foz do Iguaçu صوبہ Paraná میں پاراگوائی اور ارجنٹائن کی سرحدوں پر واقع ہے۔ اِس اہمیت کے پیش نظر خاکسار (مبلغ انچارج جماعت احمدیہ برازیل) نے پاراگوائی اور ارجنٹائن کے مبلغین کرام سے مشورہ کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی منظوری سے مورخہ ۱۸؍اکتوبر ۲۰۲۵ء بروز ہفتہ اس شہر میں ایک پیس سمپوزیم کے انعقاد کا پروگرام بنایا۔ خاکسار اس پروگرام میں شرکت اور تیاری وغیرہ کے ضمن میں مکرم اعجاز احمد ظفر صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ برازیل کے ہمراہ ۱۴؍اکتوبر کو اس شہر میں پہنچا جو ہمارے مشن ہاؤس سے تقریباً ۱۵۰۰؍کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔ خاکسار نے مختلف اخبارات کو انٹرویوز دیے۔ چنانچہ بعض اخباروں نے نمایاں طور پر یہ انٹرویوز، جماعت احمدیہ کا تفصیلی تعارف نیز پیس سمپوزیم کے حوالے سے خبریں شائع کیں۔ ایک ٹیلی ویژن اور ریڈیو چینل Massa کے لائیو پروگرام میں خاکسار کا انٹرویو نشر ہوا۔ اسی طرح دوسرے قریبی شہروں کی دو اخباروںFolha de Londrina اور Jornal do Povo میں بھی کوریج ہوئی۔ سب نے تینوں ممالک کی شراکت کے پروگرام کو سراہا۔ علاوہ ازیں انفرادی طور پر بھی مختلف روابط کيے گئے اور سمپوزیم کے انعقاد کے بارے میں ایک اشتہار تیار کر کےاسلام اور احمدیت کے بنیادی تعارف پر مبنی پمفلٹس کے ساتھ اٹیچ کر کے ایک ہزار سے زائد کی تعداد میں شہر کے مختلف حصوں میں تقسیم کیا۔

پروگرام کے مطابق مورخہ ۱۸؍اکتوبر کو شہر کے Wyndham Golden Foz Suites ہوٹل میں شام ساڑھے پانچ بجے یہ پیس سمپوزیم خاکسار کی صدارت میں شروع ہوا جس میں ارجنٹائن سے مکرم مروان گل صاحب مبلغ انچارج اپنے ساتھی مربی مکرم سعود احمد صاحب مبلغ سلسلہ کے ہمراہ اور پاراگوائی سے مکرم غالب باطن صاحب مبلغ انچارج نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ شرکت کی۔ اس ہال کو بینرز کے ساتھ سجایا گیا تھا۔ سامنے سٹیج کی جانب ایک طرف حضرت اقدس مسیح موعودؑ کی تصویراور دوسری طرف برازیل میں جماعت احمدیہ کی مسجد بیت الاول کی تصویر والے بینرز آویزاں کيے گئے تھے۔ لوگوں کے استفادہ کے ليے قرآن کریم کے تراجم اور دیگر جماعتی کتب کی نمائش بھی لگائی گئی تھی۔ نیز سب کے ليے عمدہ ریفریشمنٹ کا بھی انتظام کیا گیا تھا۔ سمپوزیم کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جو مکرم سعود احمد صاحب نے کی۔ مکرم اعجاز احمد ظفر صاحب نےپرتگیزی میں ترجمہ پیش کیا اور حضرت اقدس مسیح موعودؑ کا منظوم کلام ’حمد و ثنا اسی کو جو ذات جاودانی‘ پڑھ کر سنایا۔ خاکسار نےپرتگیزی زبان میں اپنی تقریر میں کہا کہ بعض ممالک میں اسلام کے غلط تصور کے ازالہ کے لیے یہ پیس سمپوزیم منعقد کیا گیا ہے۔ نیز حضرت مسیح موعودؑ کی پرامن تعلیم کی روشنی میں دنیا میں امن کے قیام اور خلافت کی برکت سے جماعت احمدیہ کی عالمی وحدت کا ذکر کیاگیا۔

اس کے بعد مکرم غالب باطن صاحب مبلغ انچارج پاراگوائی نےسپینش زبان میں آنحضرت ﷺ کی سیرت طیبہ پر تقریر کی۔ آخری تقریربھی سپینش زبان میں مکرم مروان سرور گل صاحب مبلغ انچارج ارجنٹائن کی تھی جنہوں نے دنیا میں قیامِ امن کے بارے میں اظہار خیال کیا اور اس ضمن میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی عالمی کوششوں کا ذکر کیا۔ آخر میں خاکسار نے دعا کروائی۔
پاراگوائی سے آئی ہوئی ایک خاتون نے خاص طور پر بہت خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا کہ اس سمپوزیم میں شرکت کے بعد کئی شکوک دُور ہوئے ہیں۔ اس سمپوزیم کے بعد بھی برازیل کی اخباروں Diario de Petropolis اور Tribuna de Petrópolis میں اور پاراگوائی کی اخبار La Nacion میں فوٹوز کے ساتھ رپورٹس شائع ہوئیں۔
اللہ تعالیٰ اس پروگرام کے نیک اور مثبت اثرات مرتب فرمائے اور اِن قوموں کے دل حق کو قبول کرنے کے ليے کھولے۔ آمین
(رپورٹ: وسیم احمد ظفر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭
مزید پڑھیں: فری ٹاؤن، سیرالیون کی دو جماعتوں میں تقریب آمین کا انعقاد




