مجلس خدام الاحمدیہ گیمبیا کے اکتالیسویں نیشنل اجتماع ۲۰۲۵ء کا کامیاب انعقاد
محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس خدام الاحمدیہ گیمبیا کو مورخہ ۲۶تا ۲۸؍ دسمبر ۲۰۲۵ء اپنا اکتالیسواں نیشنل اجتماع ’’مالی قربانی‘‘ کے مرکزی موضوع پر ملک کے دار الحکومت بانجل/کومبو میں موجود جماعتی سکول نصرت سینئر سیکنڈری سکول میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ

اجتماع کی تیاری کا آغاز چند ماہ قبل حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت اقدس میں دعائیہ خط سے ہوا جس میں اجتماع کی کامیابی اور بابرکت ہونے کے ليے دعا کی درخواست کی تھی۔ اس کے ساتھ ہی انتظامات اور ریجنل قائدین نے اپنے علاقوں میں دورہ جات شروع کر دیے۔ اجتماع میں شمولیت کے ليے خدام اور اطفال جمعرات کو ہی آنا شروع ہوگئے تھے اور آمد کا سلسلہ انفرادی اور قافلوں کی صورت میں جاری رہا۔
جمعہ کی صبح نماز تہجد سے اجتماع کا باقاعدہ آغاز ہوا۔ بعد از ناشتہ مکرم ڈمبا باہ صاحب مبلغ سلسلہ و صدر مجلس خدام الاحمدیہ گیمبیا نے لوائے مجلس خدام الاحمدیہ لہرایا جبکہ امیر صاحب گیمبیا نے قومی پرچم لہرایا۔ بعد ازاں اجتماعی دعا کے ساتھ پروگرام کا آغاز کیا۔
اس کے بعد پہلے اجلاس کی کارروائی صبح ۱۰؍بجے شروع ہوئی جس میں تلاوت قرآن کریم اور عہد کے بعد دو پینل ڈسکشنز ہوئیں جن میں پہلی بحث کا موضوع تھا ’خلافت سے وابستگی کی اہمیت‘اور دوسری کا عنوان تھا ’مالی قربانی-ایک برکت یا بوجھ؟‘ آخر پر صدر صاحب نے اپنی تقریر میں مجلس خدام الاحمدیہ کے ارکان کو ان کی مقدس مذہبی اور اخلاقی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی۔

افتتاحی اجلاس کے بعد احباب کو نماز جمعہ کی تیاری کا وقت دیا گیا۔ بعدازاں تمام احباب نےہال میں بیٹھ کر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ جمعہ براہ راست سنا۔ اس کے بعد ایریا مشنری بانجل/کومبو مکرم نوید احمد قمر صاحب نے مقامی طور پر خطبہ دیا اور نماز جمعہ پڑھائی۔ خطبہ جمعہ میں آپ نے مجلس خدام الاحمدیہ کے قیام کی غرض وغایت اور ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی۔ بعد از نماز جمعہ و عصر ظہرانہ پیش کیا گیا۔
اجتماع کے دوسرے اجلاس کا آغاز سہ پہر پانچ بجے ہوا جس میں مکرم بابا ایف تراولے صاحب امیر جماعت احمدیہ گیمبیا نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کا آغاز پرچم کشائی سےہوا۔ تلاوت قرآن کریم کے بعد حضرت مسیح موعودؑ کا قصیدہ ’يَا عَيْنَ فَيْضِ اللّٰهِ وَ الْعِرْفَانِ‘ پیش کیا گیا۔ اس کے بعد مکرم شیخ عمر ڈبا صاحب نائب امیر جماعت احمدیہ گیمبیا اور مکرم الیو تراولے سابق صدر خدام الاحمدیہ نے تقاریر کیں۔ بعدازاں مکرم ابراہیم باہ صاحب معلم سلسلہ نے جوئے کے بد اثرات و نقصانات پر تقریر کی۔ اس کے بعد مکرم فابکرے کلے صاحب نے خدام کی ترقی و کامیابی کے ذرائع پر بہت اثر انگیز تقریر کی۔ آخر پر مکرم صدر صاحب نے مقررین، مہمانان اور مکرم امیر صاحب کا شکریہ ادا کیا۔ اجلاس کے بعد مکرم امیر صاحب نے وفد کے ہمراہ نمائش کا دورہ کیا۔ اس کے بعد مہمانوں کو ریفریشمنٹ پیش کی گئی۔
بعد از نماز مغرب وعشاء خدام اور اطفال کے علمی مقابلہ جات ہوئے جن میں اذان، دینی معلومات، عہد، نماز سادہ و باترجمہ، تقریر، پیغام رسانی کے مقابلے ہوئے۔
اجتماع کے دوسرے دن کا آغاز بھی باجماعت نماز تہجد سے ہوا۔ بعد از نماز فجر درس حدیث دیا گیا۔ صبح اطفال کا ایک اجلاس ہوا جس میں تلاوت قرآن کریم اور قصیدہ کے بعد دو تقاریر ہوئیں جن کے عناوین تھے: اچھا مسلمان کیسے بنا جائے اور آنحضرت ﷺ کے ایسے صحابہؓ جو چھوٹی عمر میں ایمان لانے والےتھے۔ اس اجلاس کے بعد سارا دن کھیلوں کے ليے مختص کیا گیا تھا۔ ان کھیلوں میں دوڑ، ریلے ریس، تین ٹانگ دوڑ، پنجہ آزمائی، رسہ کشی، ثابت قدمی، لمبی چھلانگ، فٹ بال اور والی بال کے مقابلے ہوئے۔
بعد از نماز مغرب وعشاء نیشنل عاملہ خدام الاحمدیہ و ریجنل قائدین کی میٹنگ ہوئی۔
اتوار کی صبح اجتماع کے اختتامی اجلاس کی صدارت مکرم امیر صاحب نے کی۔ تلاوت قرآن کریم و قصیدہ کے بعد مکرم صدر صاحب نے اجتماع کے بارے میں مختصر رپورٹ پیش کی۔ اس کے بعد علمی و ورزشی مقابلہ جات میں پوزیشن لینے والوں میں انعامات تقسیم کيے گئے۔ آخر پر مکرم امیر صاحب نے اپنی تقریر میں خدام کو ان کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی اور تمام انتظامیہ کو اجتماع کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔ دعا کے ساتھ اس اجتماع کا اختتام ہوا۔
دعا کے بعد تمام شاملین نے وہیں ہال میں بیٹھ کر حضور انور کا جلسہ سالانہ قادیان سے اختتامی خطاب براہ راست سنا۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطاب کے بعد سب کا گروپ فوٹو ہوا اور بعد ازاں خدام واطفال اپنے گھروں کی طرف روانہ ہوئے۔
اس اجتماع کو ایم ٹی اے گیمبیا نے ریکارڈ کیا۔ الحمدللہ، یہ اجتماع کامیاب رہا۔ شعبہ رجسٹریشن کے مطابق اس اجتماع میں ۵۹۲؍افراد نے شرکت کی۔ الحمدللہ
(رپورٹ:مسعود احمد طاہر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭




