اطلاعات و اعلانات

اطلاعات واعلانات

نوٹ: اعلانات صدر؍ امیر صاحب حلقہ؍جماعت کی تصدیق کے ساتھ آنا ضروری ہیں

درخواستہائے دعا

٭… یاسر احمد سیالکوٹی صاحب مربی سلسلہ کینیڈا اعلان کرواتے ہیں کہ مورخہ ۱۰؍ فروری ۲۰۲۶ء کو طاہر ہارٹ انسٹیٹیوٹ میں ان کے والد محترم ناصر احمد صاحب سیالکوٹی کی اوپن ہارٹ سرجری ہوئی ہے۔ڈاکٹرز کے مطابق یہ سرجری کامیابی سے پایہ تکمیل کو پہنچی ہے۔

٭… عابد انور خادم صاحب ناظم تبلیغ مجلس انصار اللہ ساؤتھ ریجن، یوکے تحریر کرتے ہیں کہ خاکسار ایک عرصے سے پراسٹیٹ کے عارضہ میں مبتلا ہے۔ ماہ جنوری میں کرائڈن یونیورسٹی ہسپتال لندن میں ایک آپریشن ہوا ہے لیکن آپریشن کے بعد انفیکشن ہوگیا ہے۔

احباب جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ جلد از جلد صحتیاب فرمائے اور تمام پیچیدگیوں سے محفوظ رکھے۔ آمین

٭…٭…٭

سانحہ ہائے ارتحال

٭… نوید احمد لیمن صاحب مربی سلسلہ بنگلہ دیش تحریر کرتے ہیں کہ مورخہ ۱۷؍جنوری ۲۰۲۶ء کو خاکسار کے والد محترم شہید احمد صاحب ۸۶؍سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ انا للہ و انا الیہ راجعون

۱۹؍جنوری کو صبح ۱۰؍بجے نماز جنازہ کے بعد احمدنگر قبرستان میں تدفین عمل میں آئی۔ مرحوم ۱۹۴۰ء میں Agortala, Tripura، انڈیا میں پیدا ہوئے۔ پیدائشی احمدی تھے۔ ۱۹۴۷ء میں پارٹیشن کے وقت ہجرت کرکے بنگلہ دیش کے ضلع کشور گنج کے کٹیادی میں آگئے۔ مخالفت کے باعث ۱۹۵۷ء میں دوبارہ ہجرت کرکے احمدنگر چلے آئے۔ ۱۹۶۲ء سے ۱۹۷۰ء تک اعزازی معلم وقف جدید کے طور پر بنگلہ دیش کی مختلف جماعتوں میں خدمتِ دین کرنے کی توفیق پائی۔ اس کے علاوہ مقامی جماعت میں سیکرٹری امور عامہ اور دیگر مختلف عہدوں پر بھی خدمت کی توفیق پائی۔ والد صاحب ۱۹۶۷ء میں ربوہ کے جلسہ میں شامل ہوئے تھے۔

دوران مخالفت والد محترم اپنے ایمان پر ثابت قدم رہے اور ہم سب کو حوصلہ دیتے رہے۔ آپ ہمیشہ کہا کرتے تھے کہ اللہ پر توکل رکھو اور نظام خلافت اور خلیفہ وقت کے ساتھ مضبوطی سے وابستہ رہو، اسی میں سب کچھ ہے۔ خلافت کے ساتھ آپ کو بے پناہ محبت اور گہرا تعلق تھا۔ خطبہ جمعہ نہایت اہتمام کے ساتھ گھر والوں کو ساتھ بٹھا کر پوری توجہ سے سنتے تھے، ایم ٹی اے باقاعدگی سے دیکھتے اور جماعتی پروگراموں میں بھرپور شمولیت کرتے تھے۔

آپ نہایت دعا گو، تہجد گزار، نمازوں کے پابند اور قرآن کریم کی روزانہ صبح بلند آواز سے تلاوت کرنے والے تھے۔ غریب لوگوں کی مدد کرنا آپ کا معمول تھا۔ موصوف نہایت مہمان نواز تھے اور ہمیں بھی ان تمام نیکیوں پر عمل کرنے کی تلقین کیا کرتے تھے۔

پسماندگان میں مرحوم کی اہلیہ، ۶؍بیٹیاں، ۵؍بیٹے، ۸؍پوتے پوتیاں اور ۸؍نواسے نواسیاں شامل ہیں۔ ان کے دو بیٹے واقف زندگی ہیں۔

(مرسلہ:نوید الرحمٰن صاحب نمائندہ الفضل انٹرنیشنل بنگلہ دیش)

٭… مختار احمد صاحب ایڈووکیٹ تحریر کرتے ہیں کہ مورخہ ۲۵؍جنوری ۲۰۲۶ء کو عبدالشکور صاحب ولد عبدالکریم صاحب وفات پا گئے۔ اناللہ وانا الیہ راجعون۔

آپ محمد صدیق صاحب مرحوم (سابق کونسلر میونسپل کارپوریشن ) کے چھوٹے بھائی تھے۔

مرحوم ۱۵؍دسمبر ۱۹۴۶ء کو بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں پیدا ہوئے۔ تقسیم ہند کے بعد ۱۹۴۷ء میں آپ کا خاندان پاکستان منتقل ہوا۔ ان کے والد سندھ میں منشی کے طور پر تعینات تھے اور زمینوں کی نگرانی کرتے تھے۔ نامساعد حالات کی وجہ سے حضرت مصلح موعودؓ کے مشورے پر ۱۹۵۵ء میں مرحوم کے والد صاحب اپنے خاندان کو لے کر کشمیر واپس چلے گئے۔ بعد ازاں ۱۹۶۵ء میں آپ اپنے خاندان کے ہمراہ ہجرت کر کے میرپور آزاد کشمیرمیں مقیم ہو گئے۔ ۱۹۷۴ءمیں میٹرک کا امتحان پاس کیا اور پٹوار کے امتحان میں ضلع بھر میں پہلے نمبر پر آئے۔ ۱۹۸۶ءسے۱۹۹۲ء تک عبدالشکور خان صاحب پٹواری ایسوسی ایشن ریونیو کے صدر رہے اور ۱۹۹۸ءمیں مرکزی صدر منتخب ہوئے۔ انہوں نے نائب تحصیلدار کے عہدے پر خدمات انجام دیں۔ اپنے سیاسی اور سماجی اثر و رسوخ کو انہوں نے ذاتی مفاد کی بجائے اپنے علاقے کے عوام کی بھلائی کے لیے وقف کیا۔ ایک سخی انسان تھے۔ آپ نے بطور سیکرٹری امور عامہ بھی خدمت کی توفیق پائی۔ آپ کے فلاحی کاموں کی ایک لمبی فہرست ہے۔ لڑکیوں اور لڑکوں کے سرکاری سکولز کے ليے کاغذی اور انتظامی امور میں بھی مدد کرتے۔ خدا تعالیٰ نے آپ کو دراز قد اور باوقار شخصیت عطا کی تھی۔ فالج سے پہلے آپ باقاعدگی سے نمازیں باجماعت مسجد میں ادا کرتے۔ افراد جماعت کے مسائل سنتے تھے۔ کچہری کے معاملات حل کروا کر دیتے تھے۔ بچوں کی تعلیم کی بہت فکر میں رہتے تھے۔ غیر از جماعت افراد اور بڑے عہدوں پر فائز لوگ آپ کی بہت عزت اور احترام کرتے تھے۔ تعزیت کے ليے بےشمار غیر ازجماعت سیاسی اور سماجی شخصیات شامل ہوئیں۔

پسماندگان میں بچوں کے علاوہ پوتے، پوتیاں، نواسے، نواسیاں اور بہن بھائی یادگار چھوڑے ہیں۔

احباب جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحومین سے رحمت اور شفقت کا سلوک فرماتے ہوئے جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے، نیز پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ آمین

٭…٭…٭

اعلانات نکاح

نوید الرحمٰن صاحب نمائندہ الفضل انٹرنیشنل بنگلہ دیش درج ذیل اعلانات نکاح بھیجتے ہیں:

٭… مورخہ ۱۲؍ دسمبر ۲۰۲۵ء بروز جمعۃ المبارک مصباح الکریم صاحب ولد مقصود احمد صاحب مرحوم آف چٹاگنگ جماعت کے ساتھ جنت صاحبہ بنت ٹیپو میاں صاحب آف چٹاگنگ جماعت کا نکاح مسجد بیت الباسط چٹاگنگ میں خاکسار نے مبلغ ایک لاکھ بنگلہ دیشی ٹکہ کے عوض پڑھایا۔

٭… مورخہ ۲۱؍ دسمبر ۲۰۲۵ء بروز اتوار، مکرم مولانا عبدالاول خان چودھری صاحب، نیشنل امیر جماعت احمدیہ بنگلہ دیش نے دارالتبلیغ، بخشی بازار، ڈھاکہ میں عبد الحق صاحب کے بیٹے مشکوٰۃ الحق شاکیل صاحب تارویا جماعت ضلع برہمن باڑیہ، حال مقیم و متعلم جاپان کا نکاح عالم گیر کبیر صاحب کی بیٹی فہمیدہ کبیر صاحبہ آف برہمن باڑیہ جماعت سے مبلغ ۳؍لاکھ بنگلہ دیشی ٹکہ مہر پر پڑھایا۔

٭… مورخہ ۲۳؍جنوری ۲۰۲۶ء بروز جمعہ مکرم امیر صاحب نے دارالتبلیغ، بخشی بازار، ڈھاکہ میں محمد شاہن الاسلام صاحب کے بیٹے مسرور احمد صاحب (وقفِ نو) جماعت ڈھاکہ کا محمد کبیر احمد صاحب کی بیٹی امۃ الشافی صاحبہ جماعت ویلنگٹن، نیوزی لینڈ کے ساتھ نکاح پڑھایا۔ اس نکاح کا حق مہر مبلغ پانچ لاکھ ایک بنگلہ دیشی ٹکہ مقرر ہوا۔

٭… مورخہ ۲۳؍جنوری ۲۰۲۶ء بروز جمعہ مسیح العالَم صاحب (وقفِ نو) جماعت ڈھاکہ ولد شاہ عالَم صاحب (ریٹائرڈ معلم وقفِ جدید) اور سیدہ جنت الفردوس صاحبہ بنت سید انعام الحق صاحب جماعت سیدپور کا نکاح مولانا مستفیض الرحمٰن صاحب مبلغ سلسلہ جماعت آشکونا نے پڑھایا۔

اللہ تعالیٰ ان نکاحوں کو ہر لحاظ سے بابرکت اور کامیاب فرمائے، فریقین، ان کے متعلقہ خاندانوں اور جماعت کے لیے ہر پہلو سے مفید اور باعث خیر بنائے۔آمین

اعلان ولادت

عفان طاہر صاحب تحریر کرتے ہیں کہ مورخہ ۲۹؍دسمبر ۲۰۲۵ء کو خاکسار کو اللہ تعالیٰ نے پہلےبیٹے سے نوازا ہے۔ الحمدللہ

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ازراہ شفقت تحریک وقف نو میں قبول فرماتے ہوئے عزیزم کا نام ‘عاکف احمد حنان’ عطا فرمایا ہے۔

نومولود، عبدالہادی صاحب کا پوتا جبکہ محمد افضل زاہد صاحب(مرحوم) سابق معلم سلسلہ وقف جدید آف چک سکندر نمبر ۳۰؍ ضلع کھاریاں کا نواسہ ہے۔

احباب جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ نومولود کو نیک اور خادم دین بنائے نیز صحت و تندرستی والی دراز عمر عطا فرمائے۔ آمین

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button