اطلاعات و اعلانات

اطلاعات واعلانات

نوٹ: اعلانات صدر؍ امیر صاحب حلقہ؍جماعت کی تصدیق کے ساتھ آنا ضروری ہیں

سانحہ ہائے ارتحال

نوید الرحمٰن صاحب نمائندہ الفضل انٹرنیشنل بنگلہ دیش یہ سانحہ ہائے ارتحال بھیجتے ہیں:

٭… محمد عبد الرحمٰن رانو صاحب معلم وقف جدید ساکن شالشیڑی ضلع پنچ گڑھ ۷؍جنوری ۲۰۲۶ء بروز بدھ حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے انتقال کرگئے۔ انا للہ و انا الیہ راجعون

مرحوم پیدائشی احمدی نیز موصی تھے۔ ۸؍جنوری کو بعد از نماز ظہر مکرم ایس ایم محمود الحق صاحب معلم سلسلہ نے مرحوم کی نماز جنازہ پڑھائی اور شالشیڑی جماعت کے قبرستان میں تدفین عمل میں آئی۔

مرحوم نے ۱۹۸۴ء تا ۲۰۱۸ء معلم وقف جدید کے طورپر بنگلہ دیش کی مختلف جماعتوں میں خدمات سرانجام دینے کی توفیق پائی۔ ۲۰۰۵ء میں احمدنگر جماعت تقسیم ہو نے کے بعد جب شالشیڑی جماعت کا قیام عمل میں آیا تو مرحوم نے پہلے صدر کے طور پر خدمت بجا لانے کی توفیق پائی۔

مرحوم عبادت گزار، دعا گو، مہمان نواز نیز مالی قربانی میں پیش پیش رہتے تھے۔ طالب علمی کے زمانے سے والدین اور اپنے چھوٹے بھائی بہنوں کی دیکھ بھال کرتے رہے۔ دیگر رشتہ داروں سے بھی اچھے تعلقات تھے۔ آپ کی اہلیہ لمبے عرصہ سے سخت بیمار تھیں جن کی بڑے حوصلہ کے ساتھ خدمت کی۔ مرحوم آخری ایام میں جب بیماری کی وجہ سے بہت تکلیف ہوتی تھی تو زور زور سے درود شریف، استغفار، آیۃ الکرسی اور دعائے ماثورہ پڑھتے تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ، دو بیٹے اور دو بیٹیاں شامل ہیں۔

٭… عنایت اللہ شکدار صاحب ولد رفیق اللہ شکدار صاحب مرحوم ساکن ڈھاکہ مورخہ ۹؍جنوری ۲۰۲۶ء ۹۱؍سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ انا للہ و انا الیہ راجعون۔

مرحوم کی نماز جنازہ ۹؍جنوری بعد از نماز مغرب میرپور جماعت کی مسجد محمود میں مکرم نیشنل امیر صاحب نے پڑھائی۔ اسی طرح نماز جنازہ مرحوم کے آبائی گاؤں ناٹائی ضلع برہمن باڑیہ میں شریف احمد صاحب مبلغ سلسلہ نے پڑھائی اور آبائی قبرستان میں تدفین عمل میں آئی۔

مرحوم نیک، پرہیزگار، صوم و صلوٰۃ کے پابند، مہمان نواز، رشتہ داروں سے حسن سلوک کرنے والے تھے نیز آپ ہر جماعتی پروگرام میں دلی خوشی سے شریک ہوتے تھے۔ ۱۹۸۷ء میں جب برہمن باڑیہ میں سخت مخالفت ہوئی اس وقت اپنے آبائی گاؤں میں مخالفت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔

مرحوم کو اہلیہ کے ساتھ ۲۰۰۵ء میں حج بیت اللہ کرنے کی توفیق ملی۔ ۱۹۹۱ء میں جلسہ سالانہ قادیان میں شامل ہوئے اور حضرت خلیفۃ المسیح الرابعؒ سے ملاقات کا شرف حاصل کیا۔ اسی طرح ۱۹۹۷ء اور ۲۰۰۶ء کے جلسہ سالانہ یوکے میں بھی آپ کو شرکت کی توفیق ملی اور حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے بھی ملاقات کا شرف حاصل ہوا۔

لواحقین میں ۳؍بیٹے، ۲؍بیٹیاں اور کافی سارے پوتے پوتیاں اور نواسے نواسیاں شامل ہیں۔

٭… مختارہ بیگم صاحبہ اہلیہ فیروز میاںصاحب مرحوم ساکن برہمن باڑیہ ۲۲؍جنوری ۲۰۲۶ء کو بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ انا للہ و انا الیہ راجعون

مرحوم کی نمازہ جنازہ اسی روز بعد از نماز ظہر برہمن باڑیہ میں مکرم محمد صالح مبلغ سلسلہ نے پڑھائی۔ بعد ازاں جماعتی قبرستان میں تدفین عمل میں آئی۔ مرحومہ پیدائشی احمدی تھیں۔

ایک دفعہ برہمن باڑیہ میں غیر احمدی مولویوں کا ایک جلوس مسجد میں حملہ کرنے آیا۔ تو مرحومہ دیگر مستورات کے ساتھ راستہ میں ہی بیٹھ گئیں تا کہ کوئی مسجد نہ میں آ سکے۔ ان مستورات کی بہادری دیکھ کر مخالف ہجوم لوٹ گیا۔

٭… عبد اللہ المامون صاحب ولد محمد عابد علی صاحب ساکن تیباڑیہ ضلع ناٹور ۲۴؍جنوری ۲۰۲۶ء بقضائے الٰہی ۵۸؍برس کی عمر میں وفات پا گئے۔ انا للہ و انا الیہ راجعون

مرحوم کی نماز جنازہ آپ کے بھائی جنید الاسلام صاحب مبلغ سلسلہ نے پڑھائی اور جماعتی قبرستان میں تدفین عمل میں آئی۔

مرحوم پیدائشی احمدی تھے۔ ۱۹۹۹ء میں مخالفت کے دوران ایک مرتبہ غیر احمدیوں نے آپ کو سخت مارا پیٹا جس کا بہت برا اثر آپ کی صحت پر پڑا۔

اللہ تعالیٰ ان تمام مرحومین کو اپنی مغفرت اور رحمت کے چادر میں لپیٹے رکھے، جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے نیز ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ آمین

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button