افریقہ (رپورٹس)

بندوکو شہر، آئیوری کوسٹ میں ریجنل احمدیہ لائبریری کا افتتاح

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ بندوکو (Bondoukou)، آئیوری کوسٹ کی ریجنل لائبریری کا باقاعدہ افتتاح مورخہ ۲۵؍جنوری ۲۰۲۶ء بروز اتوار نہایت وقار اور خوش اسلوبی کے ساتھ عمل میں آیا۔ اس افتتاحی تقریب کو مکرم امیر و مبلغ انچارج عبدالقیوم پاشا صاحب اور ان کے وفد، فرسٹ ڈپٹی میئر، متعدد انتظامی و سول حکام، جماعت احمدیہ کے معزز اراکین اور معاشرے کے مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے معزز مہمانوں نے شرکت کی۔ یہ تقریب جماعت احمدیہ اور مقامی اداروں کے مابین تعاون اور ہم آہنگی کے خوبصورت جذبے کی عکاس تھی۔

تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جس کے بعد اس کا فرانسیسی ترجمہ پیش کیا گیا۔ بعد ازاں مقامی معلّم مکرم صوادوگو احمد صاحب نے جماعت احمدیہ کا تعارف پیش کیا۔ امیر صاحب نے اپنی تقریر میں لائبریریوں کے علمی و تربیتی کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ لائبریریاں علم کے فروغ، امن کے قیام اور فکری راہنمائی میں نہایت اہم کردار ادا کرتی ہیں اور اس امید کا اظہار کیا کہ یہ ریجنل لائبریری بندوکو کے عوام کے لیے علم و ہدایت کا ایک مرکز ثابت ہوگی۔

تقریب کے اختتام سے قبل تمام معزز مہمانوں نے لائبریری کا دورہ کیا اور جماعت احمدیہ بندوکو کی ان علمی کاوشوں کو بے حد سراہا۔ آخر پر مکرم امیر صاحب نے دعا کروائی جس کے ساتھ ہی اس تقریب کا اختتام ہوا۔

اس بابرکت تقریب میں کُل ۹۰؍افراد نے شرکت کی جبکہ قومی اخبار AIP کے نمائندے اور دیگر مقامی میڈیا نے بھی اس تقریب کی کوریج کی۔

اللہ تعالیٰ اس لائبریری کے قیام کو لوگوں کے علمی معیار میں اضافہ کا ذریعہ بنائے۔ آمین

(رپورٹ:عبدالنور۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

مزید پڑھیں: مجلس انصاراللہ سویڈن کے پانچویں سالانہ ریفریشر کورس ۲۰۲۶ء کا انعقاد

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button