افریقہ (رپورٹس)

کینیا کے کسومو ریجن کی جماعت کروونجے میں نئے تعمیر شدہ مشن ہاؤس کا افتتاح

اللہ تعالیٰ کے فضل سے کینیا کے کسومو ریجن کی جماعت کروونجے میں نئے تعمیر کیے جانے والے خوبصورت اور دیدہ زیب مشن ہاؤس کا افتتاح مورخہ یکم فروری ۲۰۲۶ء بروز اتوار ہوا۔ اس مشن ہاؤس کی تعمیر گذشتہ سال کے آخر میں مکمل ہو گئی تھی۔ یہ ایک بیٹھک، دوبیڈ رومز، باورچی خانہ اور دو بیوت الخلاپر مشتمل بہت خوبصورت مشن ہاؤس ہے۔ اللہ تعالیٰ اسے ہر لحاظ سے مبارک فرمائے۔ آمین

کروونجے جماعت میں پختہ اور خوبصور ت مسجد ۲۰۱۰ءمیں تعمیر کی گئی تھی اور اس وقت مسجد کے احاطے میں ہی وسیع بیٹھک، دو بیڈ رومز، باورچی خانہ اور سٹور پر مشتمل ایک نیم پختہ معلم ہاؤس بنایا گیا تھا جو مرور زمانہ کی وجہ سے بہت خستہ ہو چکا تھا۔ چنانچہ گذشتہ سال یہاں نئے مشن ہاؤس کی تعمیر شروع کی گئی جو ماہ نومبر ۲۰۲۵ء میں مکمل ہوگئی۔ یہ مشن ہاؤس پانی، بجلی ایم ٹی اے اور سیکیورٹی وغیرہ تمام سہولتوں سے آراستہ ہے۔

مکرم ناصر محمود طاہر صاحب امیر و مشنری انچارج کینیا نے مبلغین سلسلہ، معلمین کرام، مقامی اور نواحی جماعتوں کے احمدی احباب نیزمعززین علاقہ کی معیت میں ساڑھے گیارہ بجے اس کا افتتاح کیا۔ اس مبارک موقع پر مکرم امیر صاحب کی صدارت میں ایک مختصر پروگرام بھی ہوا جس میں تلاوت قرآن کریم اور منظوم کلام کے بعد صدر جماعت نے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا جس کے بعد مقامی چیف اور کونسلر نے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور مشن ہاؤس کی تعمیر پر جماعت کو مبارکباد دینے کے علاوہ مقامی مسائل کے حل اور لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے جماعت کے تعاون کو سراہا۔ بعدہٗ خاکسار (مبلغ سلسلہ)سمیت مختلف جماعتوں سے آئے ہوئے مہمانوں نے مختصر تقاریر کیں۔ پھر ریجنل انچارج مکرم فہیم احمد لکھن صاحب نے تقریر کی اور مہمانان کرام کو خوش آمدید کہنے کے علاوہ مشن ہاؤس کی تعمیر کی رپورٹ بھی پیش کی۔ آخر میں مکرم امیر صاحب نے اپنی تقریر میں خوبصورت مشن ہاؤس کی تعمیر پر مبارکباد دینے کے بعد احباب جماعت کو معلمین سے تعاون اور حصول علم کے لیے ان سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کی تاکید کی۔ نیز آپ نے نمازوں کی ادائیگی اور دعوت الیٰ اللہ کی طرف بھی توجہ دلائی اور اختتامی دعا کروائی جس کے بعد مہمانوں کی کھانے سے تواضع کی گئی اور نماز ظہروعصر ادا کی گئی۔

اس تقریب میں مہمانوں سمیت تقریباً ۱۵۰؍افراد نے شرکت کی۔ الحمدللہ

(رپورٹ:محمد افضل ظفر۔ نمائندہ الفضل انٹر نیشنل)

٭…٭…٭

مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ نائیجر کے اٹھارویں جلسہ سالانہ ۲۰۲۵ء کا بابرکت انعقاد

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button