عوامی جمہوریہ کونگو کے ریجن کنشاسا کا چوبیسواں جلسہ سالانہ ۲۰۲۵ء
محض اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے قادیان دارالامان میں منعقدہ ۱۳۰ویں جلسہ سالانہ کے ایام میں کنشاسا جماعت کو مورخہ ۲۸؍دسمبر ۲۰۲۵ء کو اپنے ریجنل جلسہ سالانہ کے انعقاد کی توفیق ملی۔ فالحمدللہ علیٰ ذالک
جلسہ سالانہ کا آغاز حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے اختتامی خطاب بر موقع جلسہ سالانہ قادیان ۲۰۲۵ء سے ہوا۔ حاضرین جلسہ نے نہایت توجہ اور دلچسپی سے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطاب کو براہ راست ملاحظہ کیا اور دعا میں شامل ہونے کی سعادت حاصل کی۔ بعد ازاں نماز ظہر و عصر جمع کر کے ادا کی گئیں پھر تقریب پرچم کشائی ہوئی۔

مکرم خالد محمود شاہد صاحب امیر جماعت و مبلغ انچارج کونگو کنشاسا نے لوائے احمدیت لہرایا جبکہ کونگو کنشاسا کا پرچم مکرم یونس احمد Bembaصاحب نیشنل صدر مجلس انصاراللہ نے لہرایا۔ اس موقع پر احباب جماعت نے جوش و خروش سے نعرہ ہائے تکبیر بلند کیے اور مکرم امیر صاحب نے دعا کروائی۔
اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم اور اس کے فرانسیسی ترجمہ سے ہوا جو مکرم محمد Iwini صاحب نے پیش کی۔ بعد ازاں مکرم سلیمان Fasoصاحب نے حضرت مسیح موعودؑ کا پاکیزہ منظوم کلام مع فرانسیسی ترجمہ پیش کیا۔ بعد ازاں ان موضوعات پر تقاریر ہوئیں:’’مالی قربانی کی اہمیت و برکات‘‘ لنگالا زبان میں از مکرم انس محمد Musuصاحب، ’’عالمگیر جماعت احمدیہ کی طرف سے مالی قربانی کے غیر معمولی واقعات‘‘ (فرانسیسی) از مکرم علی کاشاما صاحب معلم سلسلہ اور ’’جماعت احمدیہ کے چندہ جات کا تعارف‘‘ (فرانسیسی) از خاکسار (مبلغ سلسلہ کنشاسا)۔ آخر پر مکرم امیر صاحب نے ’مالی قربانی کی اہمیت‘ کے حوالے سے تقریر کی اور اختتامی دعا کروائی جس کے بعد تمام شاملین کی کھانے سے تواضع کی گئی۔ جلسہ کی کل حاضری ۴۰۳؍تھی۔

بک سٹال: جلسہ سالانہ جماعتی کتب کو احباب جماعت کی دسترس میں لانے کا ایک اہم موقع بھی ہے۔ اسی مناسبت سے ایک خوبصورت بک سٹال بھی احباب کی توجہ کا مرکز بنا رہا۔ احباب جماعت نے کتب خرید کر اس سے بھرپور استفادہ کیا۔
میڈیا کوریج:جلسہ سالانہ کی کارروائی سب سے بڑے نیشنل ٹی وی RTNCپر نشر ہوئی۔ نیز ۴؍بڑے اخبارات نے بھی جلسہ سالانہ کنشاسا کے حوالے سے خبر شائع کی۔
ریجن کنشاسا کے ساتھ اسی روز ریجن Mbanza-Ngungu کا جلسہ بھی منعقد ہوا۔ ہر دو جلسہ ہائے سالانہ کے کامیاب انعقاد کے لیے مکرم امیر صاحب نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت اقدس میں خط لکھا جس کا نہایت محبت بھرا جواب موصول ہوا۔
اللہ تعالیٰ ہمارے دونوں سالانہ جلسوں کو اپنے فضل سے مبارک فرمائے اور شامل ہونے والوں کو برکات جلسہ سے فیضیاب فرمائے آمین۔ اللہ تعالیٰ جلسہ سالانہ کے لیے ڈیوٹیاں دینے والوں کو بھی جزائے خیر عطا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ:شاهد محمود خان۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭
مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ فن لینڈ کے وفد کی Jyväskyläشہر کے میئر صاحب سے ملاقات




