لجنہ اماءاللہ و ناصرات الاحمدیہ اٹلی کی تربیتی کلاس ۲۰۲۶ء
جنرل سیکرٹری لجنہ اماءاللہ روم، اٹلی کی رپورٹ کے مطابق اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ ۱۳تا۱۵؍فروری ۲۰۲۶ء کو لجنہ اماءاللہ و ناصرات الاحمدیہ کی تین روزہ تربیتی کلاس منعقد ہوئی۔ پروگرام نیشنل عاملہ کی نگرانی میں صدر صاحبہ کی زیرصدارت منعقد ہوا۔ الحمدللہ، حاضری تقریباً ۸۰؍فیصد رہی۔
کلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے کیا گیا۔ حفظِ قرآن کے اجلاس میں سورۃ الکہف کی ابتدائی دس آیات یاد کروائی گئیں اور سورۃ الکہف کی تفسیر پڑھائی گئی۔
مزید برآں مختلف تربیتی موضوعات پر پریزنٹیشنز پیش کی گئیں جن میں ممبرات لجنہ اماءاللہ کی ذمہ داریاں، نظام وصیت اور دیگر چندوں کی بروقت ادائیگی، غیر ضروری رسوم و نمود سے اجتناب، بچوں کے ساتھ مؤثر رابطہ، سوشل میڈیا کے ذمہ دارانہ استعمال اور ازدواجی زندگی سے متعلق راہنمائی شامل تھی۔ نیشنل عاملہ کی ممبرات نے عملی نکات کے ساتھ شرکاء کی راہنمائی کی۔
اختتام پر سورۃ الکہف کی تفسیر اور حفظ شدہ آیات کا جائزہ لیا گیا اور نمایاں کارکردگی دکھانے والی ممبرات و ناصرات میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ بعد ازاں مکرم عطاءالواسع طارق صاحب مبلغ انچارج اٹلی کے ساتھ سوال و جواب کی نشست منعقد ہوئی جس کے بعد اجتماعی دعا کے ساتھ پروگرام کا اختتام ہوا۔
اللہ تعالیٰ اس تربیتی کلاس کو شاملین کے لیے روحانی ترقی کا ذریعہ بنائے۔ آمین
(رپورٹ:عطاء الواسع طارق۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)




