تنزانیہ کی قومی اسمبلی کے اجلاس میں جماعتی وفد کی بطور زائرین شرکت
محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ تنزانیہ کے ایک وفد کو مکرم خواجہ مظفر احمد صاحب امیر و مبلغ انچارج تنزانیہ کی قیادت میں مورخہ ۲؍فروری ۲۰۲۶ء کو تنزانیہ کی قومی اسمبلی کے اجلاس میں بطور زائرین شرکت کی توفیق ملی۔

اس وفد میں کُل ۳۶؍ممبران شامل تھے جن میں ۲۸؍افراد ممبران نیشنل مجلس عاملہ، ۳؍جماعت ڈوڈوما ریجن کے مرکزی عہدیداران اور ۵؍اساتذہ جامعہ احمدیہ تنزانیہ (مربیان سلسلہ) شامل تھے۔
ممبران وفد ۱۱؍بجے پارلیمنٹ پہنچے۔ حفاظتی عملہ کی ہدایات کے بعد ممبران کو اسمبلی ہال لے جایا گیا جہاں دوبجے تک کی کارروائی سننے اور مشاہدہ کرنے کا موقع ملا۔ مکرم امیر صاحب، دونوں نائب امراء اور سیکرٹری امورعامہ کو VIP Passes دیے گئے اور VIP گیلری میں بٹھایا گیا۔ اسمبلی ہال میں داخل ہوتے ہی ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی نے جماعتی وفد کا تعارف حاضرین کے سامنے کروایا جو ملکی الیکٹرانک میڈیا اور سوشل میڈیا کے ذریعہ ملک بھر میں ملاحظہ کیا گیا۔

مزید برآں سپیکر قومی اسمبلی جناب موسیٰ اذان Zungu صاحب کے دفتر میں ان سے ملاقات بھی ہوئی۔ مکرم امیر صاحب نےنائب امراء اور سیکرٹری امورعامہ کے ہمراہ سپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کی اور ان کے جماعت احمدیہ کے ساتھ تعاون اور مہربانہ سلوک کے اعتراف میں بطور اظہار تشکر یادگاری شیلڈدی گئی۔
(رپورٹ:عبد الناصر باجوہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)




