جماعت احمدیہ فن لینڈ کے وفد کا Joensuu شہر کا دورہ
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ فن لینڈ کے ایک وفد کو شہر Joensuu کا مورخہ ۱۰؍فروری ۲۰۲۶ء کو دورہ کرنے اور شہر کی اہم شخصیات سے ملاقات کی توفیق ملی۔ ان ملاقاتوں میں Joensuu کے میئر، North Karelia کے پولیس چیف، Joensuu سٹی لائبریری کے مینیجر، Joensuu کے گرجا کی پادری اور متعلقہ اداروں کی دیگر شخصیات شامل تھیں۔ اس دورے کا مقصد Joensuu میں جماعت احمدیہ کا تعارف کروانا، مقامی حکام سے تعلقات مضبوط بنانا اور اسلام و احمدیت کا امن کا پیغام پہنچانا تھا۔

صدر جماعت فن لینڈ مکرم عطاء الغالب صاحب کی صدارت میں وفد علی الصبح Joensuu پہنچا اور مقامی جماعت کے احباب سے ملاقات کی جن میں بعض احباب حال ہی میں پاکستان سے فن لینڈ آئے تھے۔ مبلغ انچارج مکرم شاہد محمود کاہلوں صاحب نے احباب کو دینی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی جبکہ صدر صاحب نے فن لینڈ میں ان کے تعلیمی اور پیشہ ورانہ مستقبل کے حوالے سے راہنمائی کی۔
بعد ازاں وفد Joensuu سٹی ہال پہنچا جہاں میئر محترم Jere Penttilä اور ان کی کمیٹی کے اراکین، ڈائریکٹر آف ایجوکیشن اینڈ ویلفیئر جناب Jani Kaasinen اور پرمننٹ سیکرٹری محترمہ Jenni Jokela نے وفد کا استقبال کیا۔ ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی جس میں میئر صاحب نے شہر، اس کی ثقافت اور بنیادی اقدار کا تعارف پیش کیا۔ اسی طرح وفد کی طرف سے جماعت احمدیہ کا تعارف، حضرت مسیح موعودؑ کے دعویٰ، حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی قیامِ امن کی کوششوں اور انسانی حقوق کا پیغام پیش کیا گیا۔ میئر موصوف اور کمیٹی نے جماعت کی عالمی نیز فن لینڈ میں فلاحی خدمات کو سراہا، اقدار میں مماثلت کا اظہار کیا، احباب جماعت کے رضاکارانہ تعاون کی پیشکش کو سراہا۔ اختتام پر انہیں قرآن کریم کا فنش ترجمہ بطور تحفہ پیش کیا گیا۔

بعد ازاں وفد نے Joensuu سٹی لائبریری کا دورہ کیا جہاں لائبریری مینیجر جناب Ari Moilanen سے ملاقات ہوئی۔ انہیں جماعت کا تعارف پیش کیا گیا اور بتایا گیا کہ جماعت ۷۰؍سے زائد زبانوں میں قرآن کریم کے تراجم شائع کر چکی ہے اور لائبریری میں ان تراجم کی نمائش منعقد کرنے کی خواہشمند ہے۔ لائبریری انتظامیہ نے اس نمائش کی میزبانی میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔
اسی دن بعد میں وفد نے North Karelia کے پولیس چیف سے ملاقات کی۔ پولیس چیف اور ان کی ٹیم نے جماعت احمدیہ کی کاوشوں میں دلچسپی ظاہر کی اور فن لینڈ میں امن اور معاشرتی ہم آہنگی کے لیے جماعت احمدیہ فن لینڈ کی کوششوں کو سراہا۔ وفد نے واضح کیا کہ اسلام قانون کی پاسداری اور پرامن معاشرے کے قیام میں مثبت کردار ادا کرنے کی تعلیم دیتا ہے اور ہر ممکن تعاون کی پیشکش کی۔ پولیس چیف نے ان کوششوں کو سراہا اور معاشرے کے ساتھ جماعت کے مثبت اور تعمیری رویے کا خیر مقدم کیا۔
اسی روز آخری ملاقات Joensuu شہر کی پادری محترمہ Salla Romo سے ہوئی جنہوں نے وفد کا شکریہ ادا کیا اور بین المذاہب مکالمہ کو خوش آمدید کہا۔ مکرم مبلغ انچارج صاحب نے انہیں فنش زبان میں قرآن کریم کا نسخہ بطور تحفہ پیش کیا جسے انہوں نے نہایت احترام سے قبول کیا۔
مجموعی طور پر ایک ہی دن میں چار ملاقاتوں کے باعث پروگرام نہایت مصروف رہا، تاہم تمام ملاقاتیں مفید، مثبت اور بامقصد ثابت ہوئیں۔ الحمدللہ، جماعت احمدیہ فن لینڈ اب تک فن لینڈ کے ۳۳؍شہروں کے حکام سے ملاقاتیں کر کے انہیں اسلام کا پیغام اور فنش زبان میں ترجمہ قرآن کریم پیش کرنے کی توفیق پاچکی ہے۔ اللہ تعالیٰ ان ادنیٰ کوششوں میں برکت عطا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ: فرخ اسلام۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: مسجد بیت الاحد، ناگویا، جاپان میں ایک تبلیغی سیمینار کا انعقاد




