جماعت احمدیہ کائی، مالی کے پانچویں ریجنل جلسہ سالانہ کا کامیاب انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ کائی، مالی کو اپنا پانچواں ریجنل جلسہ سالانہ مورخہ ۱۸؍جنوری ۲۰۲۶ء کو نہایت کامیابی کے ساتھ منعقد کرنے کی سعادت نصیب ہوئی۔ اس بابرکت جلسہ میں ریجن بھر کی مختلف جماعتوں کے نمائندگان سمیت مجموعی طور پر ۵۷۲؍احباب و خواتین نے شرکت کی۔ جلسہ کی کامیابی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ مخلصینِ جماعت نے ۳۰۰؍کلومیٹر تک کا طویل سفر طے کرکے اس روحانی جلسہ میں شمولیت کی۔ اس پروگرام کے لیے مشن ہاؤس کے سامنے وسیع ٹینٹ نصب کیے گئے تھے اور حاضرین کے آرام کے لیے کرسیوں اور ساؤنڈ سسٹم کا خصوصی انتظام کیا گیا تھا۔

جلسہ کی تشہیر کے لیے وسیع پیمانے پر کوششیں کی گئیں جن میں شہر بھر کے نمایاں مقامات پر اشتہارات کو چسپاں کیا گیا اور جماعتی ریڈیو پر براہ راست پروگرامز شامل تھے۔ ریجنل مربی مکرم حافظ عطاء الحلیم صاحب اور مقامی معلم صاحب کے علاوہ مجلس خدام الاحمدیہ، انصار اللہ اور لجنہ اماء اللہ نے ریڈیو پر خصوصی پروگرامز کے ذریعے احمدی احباب اور غیر از جماعت حضرات کو جلسہ میں شرکت کی دعوت دی۔ سرکاری حکام اور ائمہ کرام کو باقاعدہ دعوت نامے ارسال کیے گئے۔ جلسہ کی اہمیت کے پیشِ نظر کائی ٹی وی (Kayes TV) نے اس کی مکمل کوریج کی اور بعد ازاں نیشنل ٹی وی پر اس کی رپورٹ چار مرتبہ نشر کی گئی۔

جلسہ کی کارروائی کا آغاز تلاوت قرآن کریم و نظم سے ہوا جس کے بعد ان موضوعات پر تقاریر ہوئیں: ’’اسلام امن اور محبت کا دین ہے‘‘ از مکرم سیگو تراورے صاحب اور ’’خلافتِ احمدیہ اور اس کی برکات‘‘ از مکرم سایوں تراورے صاحب۔ خدام الاحمدیہ کی جانب سے قصیدہ ’’یا عین فیض اللّٰہ والعرفان‘‘ کی پیشکش کے بعد نائب امیر جماعت احمدیہ مالی مکرم عمر معاذ کولیبالی صاحب نے ’’حضرت مسیح موعودؑ کی صداقت اور آمد کے مقاصد‘‘ پر تقریر کی۔
جلسہ میں غیر از جماعت مہمانوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی جن میں ۱۶؍ائمہ کرام، ریجنل ڈائریکٹر پولیس و وزیر برائے مذہبی امور و کلچر اور علاقہ کے میئر شامل تھے۔ ان معزز مہمانوں نے اپنے تاثرات میں جماعت احمدیہ کی تعلیمی اور انسانی ہمدردی کی خدمات کو خوب سراہا۔ پروگرام کے آخر میں حاضرین کے سوالات کے جواب دیے گئے اور مکرم نائب امیر صاحب نے اختتامی دعا کروائی۔
نمازِ ظہر و عصر کی باجماعت ادائیگی کے بعد تمام حاضرین کی کھانے سے تواضع کی گئی۔
(رپورٹ: واصف شہزاد۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ کینیڈا کے دیرینہ خادمین کے اعزاز میں منعقدہ الوداعی تقریب




