مجلس انصار اللہ ناروے کے زیر اہتمام جلسہ سیرت النبیؐ اور صحت سیمینار کا انعقاد
جلسہ سیرت النبی ﷺ
اللہ تعالیٰ کے خاص فضل و کرم سے مجلس انصار اللہ ناروے کو مورخہ ۱۴؍فروری ۲۰۲۶ء کو مسجد بیت النصر، اوسلو کے مسرور ہال میں جلسہ سیرت النبیؐ بعنوان ’’آنحضورﷺ کا اپنی ازواج کے ساتھ حسن سلوک‘‘ نیز صحت سیمینار منعقد کرنے کی توفیق ملی۔

صدر مجلس انصاراللہ ناروے ڈاکٹر احمد رضوان صادق صاحب کی زیر صدارت جلسہ سیرت النبیؐ نماز مغرب و عشاء کے بعد تلاوت قرآن کریم، نظم اور حدیث سے شروع ہوا۔ مکرم مصور احمد صاحب مبلغ انچارج نے جلسہ کے مرکزی موضوع پر تقریر کرتے ہوئے آنحضورﷺ کی حیات مبارکہ سے واقعات سنائے۔ تقریر کے بعد مکرم صدر مجلس نے اجلاس کو انٹر ایکٹیو کرنے کے ليے حاضرین کو صف اول اور صف دوم کے دو گروپس میں تقسیم کیا۔ ایک گروپ کو عنوان ’’آج کے دور میں سیرت کی روشنی میں اپنی بیویوں سے کیسے دلداری کرسکتے ہیں‘‘ ڈسکشن کرنے کے ليے دیا گیا۔ جبکہ دوسرے گروپ کو ’’سیرت کی روشنی میں غصہ پر کیسے قابو پایا جائے‘‘کا موضوع دیا گیا۔ سیر حاصل گفتگو کے بعد گروپ لیڈرز نے سٹیج پر آکر اپنی اپنی ڈسکشن کو مختصر طور پر پیش کیا۔ آخر میں مربی صاحب نے دعا کروائی۔
صحت سیمینار
جلسہ سیرت النبی ﷺ کے بعد صدر مجلس انصاراللہ ناروے کی صدارت میں صحت سیمینار بعنوان ’’بے چینی سے کیسے بچا جاسکتا ہے۔ Stress Management‘‘ کا آغاز ہوا۔ خاکسار (قائد تربیت)نے بتایا کہ سٹریس دباؤ کے مقابلے میں جسم اور ذہن کا ردِعمل ہے جو طویل ہونے پر نقصان دہ ہو سکتا ہے۔ زیادہ سٹریس بے چینی، ڈپریشن اور دیگر جسمانی و ذہنی بیماریوں کا سبب بنتا ہے۔ آخر میں ڈاکٹر صفدر صاحب اور صدر مجلس نے حاضرین کے مختلف سوالات کے جواب ديے۔

سیمینار کے اختتام پر مہمانوں کی ضیافت کا بھی انتظام کیا گیا تھا۔ احباب نے دونوں پروگرام بہت پسند کيے اور آئندہ بھی ایسے پروگراموں کے انعقاد کی خواہش کا اظہار کیا۔
(رپورٹ: ڈاکٹر صفدر ملک۔ قائد تربیت مجلس انصاراللہ ناروے)
٭…٭…٭
مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ کائی، مالی کے پانچویں ریجنل جلسہ سالانہ کا کامیاب انعقاد




