سویڈن میں ۱۵تا۲۵؍سال کے خدام اور ممبرات لجنہ اماءاللہ کی نیشنل تربیتی کلاس کا انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ سویڈن کو شعبہ تربیت کے تحت مسجد ناصر، گاتھن برگ میں مورخہ ۲۴تا ۲۸؍دسمبر۲۰۲۵ء ۱۵تا۲۵؍سال کے خدام اور ممبرات لجنہ اماءاللہ کی نیشنل تربیتی کلاس منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ اس کلاس میں کُل ۹۶؍افراد نے شرکت کی جن میں ۵۲؍خدام اور۴۴؍بچیاں شامل تھیں۔ الحمدللہ

مکرم ظہیر احمد چودھری صاحب نیشنل سیکرٹری تربیت سویڈن نے امسال تمام شاملین کو ۴؍گروپس میں تقسیم کیا تاکہ کلاسز مزید دلچسپ ہوں، خدام کو زیادہ اظہار خیال کا موقع ملے اور کلاس انٹریکٹو ہو۔ افتتاحی اجلاس میں مکرم مامون الرشید صاحب امیر جماعت احمدیہ سویڈن نے شرکت کی اورشاملین کو چند نصائح کیں۔ اس کے بعد کلاس کا باقاعدہ آغاز ہوا۔
متعدد انٹریکٹو اجلاسات مربیان کرام کی نگرانی میں منعقد ہوئے جن میں درج ذیل موضوعات شامل تھے: حضرت مسیح موعودؑ کی ایمان افروز زندگی پر ایک نظر، کیا نظام جماعت کے ساتھ گہرا تعلق رکھنا فائدہ مند ہے؟، والدین کی فرمانبرداری: ایک بھولی ہوئی نیکی، نظام خلافت بمقابلہ مغربی جمہوریت، مغربی معاشرے کی خوبیاں اور خامیاں، بروقت شادی کی برکات اور ڈیٹنگ کلچر کے ناقابل تلافی نقصانات، کیا اس موجودہ دور میں دن میں پانچ وقت نماز ادا کرنا عملی طور پر ممکن ہے؟، سویڈن میں مالی اور سماجی طور پر ایک مثالی خاندانی ڈھانچہ کیسا ہونا چاہیے؟، جماعت مالی قربانی پر کیوں زور دیتی ہے؟ نوجوانوں سے کیا توقعات ہیں؟، آج سے ۱۰؍سال بعد ہم سویڈن جماعت کو کہاں دیکھنا چاہتے ہیں اور کیا ہم صحیح راستے پر ہیں؟، معافی یا سزا: اللہ تعالیٰ کے حضور میرا مقام کیا ہے؟، احمدیوں پر مظالم- مذہبی آزادی اور ہماری ذمہ داریاں، منشیات، شراب وغیرہ- معاشرے میں موجود نشہ آور اشیاء سے خود کو بچانا اور سویڈن جماعت کے نوجوانوں کو درپیش موجودہ تربیتی مسائل اور ان کا حل۔

امسال تمام لیکچرز سویڈش زبان میں ہوئے۔ نوجوانوں کے لیے پاکستان میں ہونے والے مظالم کے حوالے سے ایک معلوماتی اجلاس بھی رکھا گیا۔ لجنہ اماءاللہ کے لیے ایک خاتون ڈاکٹر کے ساتھ نشست کا اہتمام کیا گیا جبکہ خدام نے ایک مرد ڈاکٹر کے ساتھ گفتگو کی۔ لجنہ اماءاللہ کی جانب سے احمدیہ مسلم اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن (AMSA) نے بھی مختلف سرگرمیاں ترتیب دیں۔ خدام کو جماعت کے اہم شعبہ جات جیسے وصیت، تعلیم، قضاء اور امور عامہ کے کاموں کے بارے میں بھی تفصیل سے آگاہ کیا گیا۔ نوجوانوں نے جلسہ سالانہ قادیان کا اختتامی اجلاس براہ راست دیکھا اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے بصیرت افروز خطاب سے فیض یاب ہوئے۔
ہر دن کا آغاز نماز تہجد سے ہوتا جس کے بعد نماز فجر، درس اور تلاوت قرآن کریم ہوتی۔ تربیتی کلاس کے دوران اذان، تمام نمازوں اور درس کی ذمہ داری خدام نے ہی سنبھالی۔ فجر کے بعد تلاوت قرآن کریم کی ترغیب دی گئی۔ ہر شام سوال و جواب کی نشستیں بھی منعقد ہوئیں۔ ان مجالس میں خدام نے بھرپور دلچسپی دکھائی اور ۹۰؍سے زائد سوالات رجسٹر کیے۔

نوجوانوں کی دلچسپی کے لیے تفریحی سرگرمیوں کا بھی انتظام کیا گیا تھا۔ لجنہ اماءاللہ نے امیوزمنٹ پارک ’لیسے بیری‘ (Liseberg) کی سیر کی۔ خدام نے ایک دن انڈور بیچ والی بال اور دوسرے دن انڈور فٹ بال کھیلا۔ اس کے علاوہ مسجد میں فراغت کے وقت میں خدام نے ٹیبل ٹینس، پلے سٹیشن اور پنجہ آزمائی کا لطف اٹھایا۔ اسی طرح لجنہ اماءاللہ کے لیے بھی انڈور تفریحی سرگرمیاں رکھی گئی تھیں۔
مسجد کی صفائی کے لیے باری باری شاملین کی ڈیوٹی لگائی جاتی رہی۔ اللہ کے فضل سے ضیافت، نظافت، رہائش، ٹرانسپورٹ، نظم و ضبط اور آڈیو ویڈیو سمیت تمام انتظامات بہت اچھے رہے۔ لڑکوں اور ممبرات لجنہ اماءاللہ دونوں نے مثالی اخلاق کا مظاہرہ کیا اور منتظمین کے ساتھ بھرپور تعاون کیا۔ ماحول دوستانہ اور روحانی تھا۔
اختتامی تقریب میں مکرم امیر صاحب سویڈن نے شرکت کی اور شاملین سے مخاطب بھی ہوئے۔ کلاس کے اختتام پر آن لائن سروے کے ذریعے شاملین سے رائے لی گئی جس میں ۹۵؍فیصد نے خوشنودی کا اظہار کیا۔ الحمدللہ، یہ تربیتی کلاس ہر لحاظ سے کامیاب رہی۔
اللہ تعالیٰ اس کیمپ کے مثبت نتائج مرتب فرمائے اور ہمارے نوجوانوں کو احمدیت کے چمکتے ستارے بنائے۔ آمین
(رپورٹ: رضوان احمد افضل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: لجنہ اماء اللہ برازیل کے دوسرے سالانہ پیس سمپوزیم کا کامیاب انعقاد




